واٹر کمیشن سندھ کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ امیر ہانی مسلم کیجانب سے سکھر میں واٹر سپلائی اور نکاسی آب اسکیموں کا دورہ

ہفتہ 14 جولائی 2018 23:17

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 14 جولائی 2018ء) واٹر کمیشن سندھ کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ امیر ہانی مسلم نے سکھر پہنچ کر واٹر سپلائی اور نکاسی آب اسکیموں کا دورہ کرتے ہوئے قریشی گوٹھ میں جاری واٹر سپلائی اور نکاسی آب کی اسکیم مکمل نہ ہونے پر ایگزیکٹو انجینئر پبلک ہیلتھ سکھر اور اسکیم کے لیے این او سی جاری نہ کرنے پر ڈی ایس ریلوے سکھر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ منگل کو کمیشن کے سامنے پیش ہونے کا حکم دے دیا ۔

پانی کمیشن سندھ کے چیئرمین جسٹس ریٹائرڈ امیر ہانی مسلم نے سکھر کے قریشی گوٹھ، پیر مراد شاہ کالونی ، سعید آبادآکسیڈیشن پانڈزکا تفصیلی دورہ کیا اور اسکیموں کا جائزہ لیا ۔ اس سلسلے میں چیئرمین واٹر کمیشن نے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے قریشی گوٹھ کی اسکیم مکمل نہ ہونے اور ڈی ایس ریلوے کی جانب سے این او سی جاری کرنے میں چار ماہ کی تاخیر پر ایگزیکٹو انجینئر پبلک ہیلتھ اور ڈی ایس ریلوے کو نوٹس جاری کرکے کمیشن میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے جہاں وہ غفلت اور سرکاری امور کو پش پشت ڈالنے کے بارے میں وضاحت پیش کریں گے ۔

(جاری ہے)

چیئرمین جسٹس امیر ہانی مسلم نے میونسپل کمشنر سکھر کو ہدایت کی کہ قریشی گوٹھ کے پیر مراد شاہ کالونی قبرستان موجود پانی نکالیں اور چار ماہ کے اندر چار دیواری مکمل کریں بصورت دیگر میونسپل کے فنڈ منجمند کرکے قبرستان کی دیوار کو مکمل کیا جائے گا میونسپل کمشنر نے اس موقع پر بتایا کہ قبرستان کی 45 ایکڑ زمین میں سے کچھ ایکڑ بچ گئی ہے جبکہ باقی پر قبضہ ہوگیا ہے جس چیئرمین نے فوری طور پر قبضہ ختم کرنے کی ہدایت کی ۔میونسپل کمشنر نے یہ بھی بتایا کہ غیر قانونی پانی کے کنکشن کے خلاف کاروائی میں چار سو سے زائد کنکشن ریگولرائز کیے گئے ہیں ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سکھر رحیم بخش میتلواور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران اور عملہ موجود تھا ۔

متعلقہ عنوان :