غزہ پر اسرائیل کی شدید بم باری، فلسطینی گروپوں کا راکٹوں سے جواب

ہفتہ 14 جولائی 2018 18:06

غزہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 14 جولائی 2018ء)قابض اسرائیلی فوج نے غزہ پٹی کی سرحد پر واقع اسرائیلی بستیوں میں خطرے کے سائرن بجائے،قابض اسرائیلی فوج کے لڑاکا طیاروں نے غزہ پٹی میں مختلف اہداف کو حملوں کا نشانہ بنایا جن میں ایک سرنگ شامل ہے، فلسطینی مزاحمت کار گروپوں نے اسرائیلی علاقوں کی جانب17 راکٹ داغے جن میں 5 کو اسرائیل کے آئرن ڈوم ڈیفنس سسٹم نے فضا میں ناکارہ بنا دیا جب کہ ایک راکٹ یہودی بستی کے اندر گرا۔

ہفتہ کو غیر ملکی میڈیا کے مطابق قابض اسرائیلی فوج کے لڑاکا طیاروں نے غزہ پٹی میں مختلف اہداف کو حملوں کا نشانہ بنایا جن میں ایک سرنگ شامل ہے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق فلسطینیوں کی جانب سے دستی بموں کے حملے میں ایک اسرائیلی فوجی زخمی ہو گیا۔

(جاری ہے)

فلسطینی عینی شاہدین نے بتایا کہ اسرائیلی فضائی حملوں میں غزہ پٹی کے وسط میں البریج پناہ گزین کیمپ کے مشرق میں واقع القسام بریگیڈز کے ٹھکانے میزائلوں کا نشانہ بنایا گیا۔

القسام بریگیڈز فلسطینی تنظیم حماس کا عسکری ونگ ہے۔ اس کے علاوہ غزہ پٹی کے شمال میں بھی القسام بریگیڈز کے دو دیگر ٹھکانوں پر کئی میزائل داغے گئے۔عینی شاہدین نے مزید بتایا کہ اسرائیلی طیاروں نے غزہ شہر کے مشرق میں الزیتون کے علاقے میں زرعی اراضی پر متعدد میزائل داغے۔ اس کے علاوہ غزہ پٹی کے جنوبی شہر رفح کے مشرق میں اسرائیلی کراسنگ صوفا کے نزدیک غیر آباد زرعی اراضی کو بھی میزائل حملے کا نشانہ بنایا گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق فلسطینی مسلح گروپوں نے غزہ پٹی کے متوازی اسرائیلی قصبوں کی جانب 30 کے قریب مارٹر گولے اور کئی میزائل داغے۔فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کی جانب سے جاری بیان میں حماس کے ترجمان فوزی برہوم نے کہا کہ فلسطینی حملوں کا مقصد دشمن کو اس امر پر مجبور کرنا ہے کہ وہ جارحیت روک دے۔ ترجمان کے مطابق فلسطینی قوم کا تحفظ اور دفاع قومی تقاضہ اور تزویراتی آپشن ہے۔