بلاول بھٹو نے اتحادی حکومت قائم ہونے کی صورت میں آصف زرداری کو وزیراعظم بنانے کا اعلان کردیا

پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین اتحادی حکومت چلانے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں، اس لیے وزارت عظمیٰ کے سب سے بہترین امیدوار بھی وہیں ہیں: چئیرمین پیپلز پارٹی

ہفتہ 14 جولائی 2018 20:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 14 جولائی 2018ء) بلاول بھٹو نے اتحادی حکومت قائم ہونے کی صورت میں آصف زرداری کو وزیراعظم بنانے کا اعلان کردیا، پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین اتحادی حکومت چلانے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں، اس لیے وزارت عظمیٰ کے سب سے بہترین امیدوار بھی وہیں ہیں، چئیرمین پیپلز پارٹی۔ تفصیلات کے مطابق چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ اتحادی حکومت قائم ہونے کی صورت میں آصف زرداری وزیراعظم ہوں گے۔

بلاوؒ بھٹو کا کہنا ہے کہ آصف زرداری اتحادی حکومت چلانے کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں، اس لیے وزارت عظمیٰ کے سب سے بہترین امیدوار بھی وہیں ہیں۔ بلاول بھٹو نے سانحہ مستونگ کی مذمت اور دہشتگرد دھماکے میں جاں بحق اور زخمی افراد کے لواحقین سے اظہارہمدردی بھی کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہےانتہا پسندی اور دہشتگردی کا آج تک حل نہیں نکال سکے۔

انتہاپسندی اور دہشتگردی کا سلسلہ پھر سےسامنے آرہا ہے۔ دہشتگردی اورانتہا پسندی کو قابوکرنے کیلئے جو کچھ ہونا چاہیے تھا وہ نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ مستونگ میں دھماکے کے باعث مالاکنڈ میں جلسہ منسوخ کردیا ہے۔ مالاکنڈ کا جلسہ تھا لیکن بلوچستان کے واقعے کے بعد وہاں بھی جلسہ نہیں ہوسکے گا۔ مالاکنڈ جاؤں گا اور کارکنوں سے ملاقات کروں گا۔

ہارون بلور کی شہادت کے بعد اظہار یکجہتی کے طور پر جلسہ ملتوی کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ انتخابات سے قبل دھاندلی کی کوشش کی جارہی ہے۔ انتخابی مہم میں رکاوٹیں ڈالی جارہی ہیں اور ہمیں مختلف مقامات پر روکا جارہا ہے۔ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ مشکل حالات کا سامنا ہے اور آگے بھی کرتی رہی گی۔ پیپلزپارٹی ان تمام حالات کے باوجود الیکشن میں بھرپورحصہ لےگی۔

انہوں نے کہا کہ جب سے الیکشن مہم کیلئے کراچی سے نکلا ہوں مشکلات کا سامنا کیا ہے۔ بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ ہم پُرامن اوربروقت الیکشن کرانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ پی پی پی انتخابات کا کبھی بائیکاٹ نہیں کرے گی۔ انتخابی مہم میں یکساں مواقع نہیں ملے تو انتخابات متنازع ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پارٹی ورکرز کو کہا جارہاہے کہ کٹھ پتلی جماعت میں آجاؤ۔

تاہم ہم اپنے خدشات الیکشن کمیشن سمیت ہر جگہ اٹھائیں گے۔ بلاول نے کہا کہ پارٹی ورکرز یا عہدیدار کام نہیں کرتے تو ان کے خلاف ایکشن لینا پڑے گا۔ سیکیورٹی صورتحال کی وجہ سے مجھے محدود رکھا جارہا ہے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ حکومت بنا کر سب کو ایک پیج پر لاؤں گا۔ اداروں کو مضبوط نہیں بنائیں گے تو عوام کے مسائل حل نہیں ہو سکیں گے۔