امر قطر کا دورہ برطانیہ ، دہشتگردی کی حمایت پر تند وتیز سوالات کا سامنا

منگل 24 جولائی 2018 15:20

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ منگل 24 جولائی 2018ء) امیر قطر کو اپنے دورہ برطانیہ میں سخت مشکلات کا سامنا ہے، امیر قطر کو دہشتگردی کی حمایت میں تند وتیز سوالات برداشت کرنا پڑ رہے ہیں، امیر قطر دورہ برطانیہ سے اپنے نظام کے تشخص کو بہتر بنانا چاہتے ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کو برطانیہ کے دورے کے موقع پر دہشت گردی کی حمایت پر سخت سوالات کا سامنا ہے۔

وہ اتوار کو برطانیہ کے سرکاری دورے پر لندن پہنچے تھے ۔ان کی آمد سے ایک ہفتہ قبل ہی بی بی سی نے قطری حکومت کی جانب سے دہشت گرد گروپوں کو بھاری رقوم دینے سے متعلق ایک رپورٹ شائع کی تھی ۔اس میں بتایا گیا تھا کہ قطر نے عراق اور شام میں دہشت گرد گروپوں کو اپنے یرغمال شہریوں کی رہائی کے لیے ایک ارب ڈالرز تاوان کے طور پر ادا کیے تھے۔

(جاری ہے)

شیخ تمیم کو 2014 میں بھی دورے کے موقع پر برطانوی سیاست دانوں کی جانب سے ایسے ہی سوالات کا سامنا ہوا تھا اور ان سے انتہا پسند گروپوں پر بھاری دولت لٹانے پر پوچھ تاچھ کی گئی تھی۔

برطانوی سفارتی ذرائع کے حوالے سے لکھا ہے کہ امیرِ قطر اس دورے سے اپنے نظام کا تشخص بہتر بنانا چاہتے ہیں کیونکہ اس کو دنیا میں دہشت گردی کے ایک اسپانسر ملک کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔ذرائع کے مطابق برطانوی حکام بی بی سی کی رپورٹ میں کیے گئے انکشافات پر نالاں ہیں ۔اس میں بتایا گیا تھا کہ قطر نے عراق کے مسلح گروپ کتائب حزب اللہ کو بھی اپنے یرغمالیوں کی بازیابی کے لیے بھاری رقم ادا کی تھی حالانکہ اس کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا جاچکا ہے۔