شام کے شمالی حصے میں امریکہ اور ترک فورسز کی مشترکہ گشت کی تیاری

فوجیوں کی تربیت چند ہفتوں میں شروع ہونی چاہیے، میرا نہیں خیال اس کام پر مہینے لگیں گے،امریکی وزیردفاع

ہفتہ 28 جولائی 2018 14:50

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ ہفتہ 28 جولائی 2018ء)امریکہ کے وزیر دفاع جم میٹس نے کہا ہے کہ شام کے شمالی علاقے میں ترکی کی فورسز کو شام کے شمالی علاقے میں امریکی فورسز کے مشترکہ گشت کی تیاری کے لیے سازو سامان ترکی ایک مرکز پر پہنچا دیا گیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق میٹس نے بتایا کہ تربیتی ساز وسامان انکرلک کے ہوائی اڈے پر اتار دیا گیا ہے۔

وہ ترکی کے جنوبی حصے میں قائم اس فضائی مرکز کا ذکر کر رہے تھے جو امریکہ کے استعمال میں تھا۔میٹس نے کہا کہ فوجیوں کی تربیت چند ہفتوں میں شروع ہو جانی چاہیے۔انہوں نے کہا میرا نہیں خیال کہ اس کام پر مہینے لگیں گے۔یہ واضح نہیں ہے کہ ترک فورسز کی تربیت کے بعد امریکہ اور ترکی کی فورسز کا شام میں مشترکہ گشت کب شروع ہو گا۔

(جاری ہے)

پچھلے مہینے امریکہ نے شورش زدہ شام کے شمالی شہر منبج کے نزدیک ترکی کے ساتھ تعاون پر مبنی لیکن الگ الگ گشت شروع کیا تھا۔

یہ شہر ترک سرحد کے قریب واقع ہے۔اس شہر میں کرد ملیشیا نے اپنے ٹھکانے بنا رکھے ہیں۔ واشنگٹن کرد ملیشیا کی حمایت کرتا ہے جب کہ انقرہ کا کہنا تھاکہ وہ ترک دشمن دہشت گرد ہیں۔پنٹاگان کا کہنا تھا کہ اس گشت کا مقصد منبج کی دیر پاسیکیورٹی کی حمایت کرنا اور نیٹو کے اتحادی ترکی سے وعدوں کی پاسداری کرنا ہے۔