شاہ سلمان کی زیرصدارت سعودی کابینہ کا ’نیوم سٹی‘ میں اجلاس

اجلاس میں کوئٹہ اور کابل میں دہشت گردی کے واقعات کی مذمت

بدھ 1 اگست 2018 15:21

نیوم (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔ بدھ 1 اگست 2018ء)سعودی عرب کی کابینہ کا اجلاس تبوک میں قائم جدید ترین سیاحتی اور تجارتی شہر ’نیوم‘ میں منعقد کیا گیا۔ اجلاس کی صدارت خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کی جو ان دنوں تعطیلات گذارنے’نیوم‘ میں موجود ہیں۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق اجلاس میں یمن کی مغربی بندرگاہ الحدیدہ کے قریب سعودی عرب کے تیل بردار بحری جہازوں پر دہشت گردوں کے حملے، ایران نواز حوثیوں کی طرف سے سرحد پار سے جاری دہشت گردی ایرانی مداخلت کو ناکام بنانے کے لیے علاقائی اورعالمی مساعی پر غور کیا گیا۔

کابینہ کے اجلاس میں واضح کیا گیا کہ یمن کے حوثیوں اور ایران کی طرف سے تیل بردار جہازوں پر حملوں سے عالمی جہاز رانی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں یمن کی باب المندب، الحدیدہ بندرگاہ اور بحر احمر کی اہمیت کے پیش نظر ان سمندری علاقوں کو ہرممکن تحفظ فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔اجلاس میں خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی جانب سے یمن کی سرکاری فوج کے شہید اہلکاروں کے 1500 اقارب کو سرکاری کوٹے سے حج کرانے کے اعلان کو سراہا۔

سعودی کابینہ کے اجلاس میں پاکستان کے شہر کوئٹہ، افغانستان کے دارالحکومت کابل اور جلال آباد اور کینیڈا کے شہر ٹورانٹو میں دہشت گردانہ حملوں کی بھی شدید مذمت کی گئی۔کابینہ نے عالمی مانیٹری فنڈ[آئی ایم ایف] کی ایگزیکٹو کونسل کی طرف سے سعودی ویژن2030ئ کو سراہے جانے ار اس حوالے سے سعودی حکومت کی مساعی کو کامیاب قرار دینے کا خیر مقدم کیا گیا۔