کویت، عراق اور سعودی عرب شدید ترین گرمی کی لپیٹ میں آ گئے

مطربہ اور بصرہ کو دُنیا کے گرم ترین شہر قرار دے دیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 10 جون 2019 12:48

کویت، عراق اور سعودی عرب شدید ترین گرمی کی لپیٹ میں آ گئے
کویت ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین،10 جُون2019ء) اس وقت براعظم ایشیا اور افریقہ کے بیشتر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں۔ اس وقت دُنیا بھر میں سب سے زیادہ گرمی کویت میں پڑ رہی ہے۔ کویت کے شہر مطربہ کو اس وقت دُنیا کا گرم ترین شہر قرار دیا گیا ہے جہاں درجہ حرارت 50.1 سینٹی گریڈ تک جا پہنچا ہے۔ مطربہ شہر ایک ویران اور غیر آباد علاقہ ہے۔ آج سے تین سال قبل اس شہر میں درجہ حرارت 54 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔

اس کے بعد سب سے زیادہ گرمی عراق کے مشہور شہر بصرہ میں پڑ رہی ہے۔ جہاں پر درجہ حرارت 49.6 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سعودی عرب بھی ہمیشہ کی طرح گرمی کے جھُلسا دینے والے تھپیڑوں کی زد میں ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگلے چند روز میں عراق، کویت اور سعودی عرب میں درجہ حرارت مزید بڑھ سکتا ہے۔

(جاری ہے)

لوگوں کو چاہیے کہ وہ دِن کے وقت انتہائی ضروری کام کے لیے ہی گھروں سے نکلیں۔

زیادہ وقت گھروں میں ہی گزاریں۔ کویت میں اگلے چار روز میں گرمی کی شدت میں مزید اضافہ کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ دُوسری جانب پاکستان اور بھارت میں بھی عوام گرمی کے ہاتھوں شدید پریشان ہیں۔پاکستانی شہروں لاہور، فیصل آباد ، ملتان اور کراچی میں سورج بہت بپھرا دکھائی دیتا ہے۔ کئی علاقوں میں درجہ حرارت 46 سینٹی گریڈ سے بھی زائد ہو چکا ہے۔ بھارتی ریاستیں مہاراشٹر، مدھیہ پردیش، پنجاب، ہریانہ، اُتر پردیش میں سورج عوام پر آگ کے گولے برسا رہا ہے۔ جبکہ راجستھان میں تو گرمی اس بار حد سے زیادہ ہو گئی ہے۔

کویت سٹی میں شائع ہونے والی مزید خبریں