دوحہ: وزیر اعظم عمران خان کی درخواست پر قطر نے 53 قیدی رہا کر دیئے

رہائی پانے والے پاکستانی تارکین کا وزیر اعظم کا شکریہ، پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے

Muhammad Irfan محمد عرفان ہفتہ 10 اگست 2019 17:18

دوحہ: وزیر اعظم عمران خان کی درخواست پر قطر نے 53 قیدی رہا کر دیئے
دوحہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10اگست2019ء) قطر نے وزیر اعظم پاکستان کی درخواست پر 53 پاکستانی قیدیوں کو رہا کر دیا۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق رہائی پانے والے پاکستانی شہریوں نے وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا اور اس موقع پر پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔ واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے دورہ امریکا سے واپسی پر قطر میں مختصر قیام کے دوران وہاں کے امیر سے قطری جیلوں میں بند پاکستانیوں کی رہائی کی درخواست کی تھی۔

جس پر قطری حکومت کی جانب سے مثبت جواب دیتے ہوئے 53 پاکستانیوں کو آج رہا کر دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان خلیجی ممالک میں روزگار کے لیے جانے والے ان پاکستانیوں کے لیے بے حد فکر مند تھے جو معمولی جرائم میں قید کرلیے گئے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل رواں برس فروری میں جب سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے پاکستان کا دورہ کیا تھا تب وزیر اعظم نے اس جانب ان کی توجہ مبذول کروائی تھی جس کے بعد سعودی ولی عہد نے سعودی عرب میں قید 2107 پاکستانیوں کی فوری رہائی کا حکم دیا تھا۔

مذکورہ قیدی سعودی عرب کی مختلف جیلوں میں قید تھے، سعودی حکومت کی جانب سے باقی پاکستانی قیدیوں کے کیسز کا جائزہ لینے کا بھی عندیہ دیا گیا تھا۔مئی میں متحدہ عرب امارات سے بھی 572 پاکستانی قیدیوں کو رہا کیا گیا تھا۔دفتر خارجہ کے مطابق رواں برس متحدہ عرب امارات سے 3500 پاکستانی قیدی رہا کیے جائیں گے اور 572 قیدیوں کی رہائی اس کا پہلا مرحلہ ہے۔ ان میں سے ابو ظہبی سے 262، عجمان سے 65، فجیرہ سے 62 اور شارجہ سے 52 پاکستانی قیدی رہا ہوں گے۔

دوحہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں