سعودی عرب میں 5 ماہ تک پھنسے رہنے والے پاکستانی عمرہ زائرین وطن واپس پہنچ گئے

سعودی ایئر لائن کی خصوصی پرواز نے 250 عمرہ زائرین کو جدہ سے لاہور پہنچا دیا، باقی زائرین کی واپسی کل ہو گی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 22 جولائی 2020 09:56

سعودی عرب میں 5 ماہ تک پھنسے رہنے والے پاکستانی عمرہ زائرین وطن واپس پہنچ گئے
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22 جولائی 2020ء) سعودی عرب میں کورونا کے باعث پروازوں کی بندش سے سینکڑوں پاکستانی عمرہ زائرین وہیں پھنس کر رہ گئے تھے، تاہم ان عمرہ زائرین کی اب سُنی گئی ہے۔ سعودی عرب میں پھنسے 474 عمرہ زائرین میں سے250 زائرین کو گزشتہ روز سعودی ائیرلائن کی خصوصی پرواز کے ذریعے جدہ سے لاہور پہنچا دیا گیا۔ یہ زائرین تقریباً پانچ ماہ سے مملکت میں ہی پھنس کر رہ گئے تھے۔

جنہیں سعودی حکومت کی جانب سے قیام و طعام کی بہترین سہولیات فراہم کی گئیں، انہیں طبی امداد بھی فراہم کی گئی اور پھر ان کی واپسی کا بھی بندوبست کیا گیا ۔ عمرہ زائرین کو رخصت کرنے کے لیے سعودیہ میں تعینات پاکستانی قونصل جنرل خالد مجید اور ڈپٹی قونصل جنرل شائق احمد بھٹو بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

پاکستانی سفیر راجا علی اعجاز اور قونصل جنرل خالد ماجد نے زائرین کے لیے خصوصی پروازوں کے انتظام میں تعاون کرنے پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، سعودی حکومت اور وزارت حج و عمرہ کا شکریہ ادا کیا۔

باقی کے 224 پاکستانی عمرہ زائرین کی واپسی کل بروز جمعرات ہو گی۔ ان مسافروں کو جدہ سے خصوصی پرواز کے ذریعے ملتان پہنچایا جائے گا۔ ان پروازوں کا اہتمام سعودی وزارت حج و عمرہ کے خصوصی تعاون سے کیا گیا ہے۔واضح رہے کہ سعودی عرب میں کورونا کی وبا کے بعد ہزاروں پاکستانیوں کو بغیر تنخواہ کے رخصت دے دی گئی ہے یا انہیں نوکریوں سے فارغ کر دیا گیا ہے۔

یہ پاکستانی فوری طور پر وطن واپسی کے منتظر ہیں، جن کی خاطر پی آئی اے کی جانب سے خصوصی پروازوں کا سلسلہ جاری ہے۔ یکم مئی سے لے کر 20 جولائی تک سعودی عرب سے پی آئی اے کی خصوصی پروازوں کے ذریعے30 ہزار سے زائد پاکستانیوں کو وطن واپس پہنچایا گیا ہے پی آئی اے کی جانب سے سعودی عرب سے پاکستان کے تمام شہروں کو جانے والی پروازوں کا کرایہ فکس کر دیا گیا ہے۔

جس کے بعد اسلام آباد، لاہور، پشاور، فیصل آباد، کراچی اور ملتان کے لیے ٹکٹ کرایہ ایک جیسا ہی ہو گا۔ سعودیہ میں قائم پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ اکانومی کلاس کا یک طرفہ کرایہ 1,816ریال جبکہ سپیشل اکانومی کا کرایہ 2,182 ریال مقرر کیا گیا ہے۔ سفارت خانے کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ اگر کوئی ٹریول ایجنٹ ٹکٹ کے بدلے میں فکس ریٹ سے زیادہ رقم کا مطالبہ کرے تو اس کی اطلاع فوری طور پر پاکستانی سفارتخانے یا پی آئی اے دفتر کو دی جائے۔

جدہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں