دھرنے اور لانگ مارچ کو انہیں لوگوں نے رائج کیا تھا جو ساڑھے تین سال اس ملک پر مسلط رہے‘ مولانا محمد آصف معاویہ

جمعرات 26 مئی 2022 16:21

احمد پور سیال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2022ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب علماء ومشائخ ونگ کے سینئر نائب صدر مولانا محمد آصف معاویہ نے کہا ہے کہ دھرنے اور لانگ مارچ کو انہیں لوگوں نے رائج کیا تھا جو ساڑھے تین سال اس ملک پر مسلط رہے اور اسے تباہی کی طرف دھکیل دیا ۔اب جب ان سے آئینی اور قانونی طور پر حکومت لی گئی ہے تو اب وہ دوبارہ شدت پسندی والے راستے پر آگئے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دورہ احمد پور سیال کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی بھی شدت پسند جمہوری پارٹی کو اس انداز سے نہیں قبول کرسکتا ۔الحمد للہ حکومت اپنی رٹ نا فذکرے گی اور کسی بھی ایسے بندے کو جو پاکستان کے آئین وقانون اور امن سے کھیلنے کی کوشش کرے گا تو اس کے ساتھ رعایت نہیں برتی جائے گی ۔

(جاری ہے)

پولیس کا ایک نوجوان پی ٹی آئی کی طرف سے فائرنگ کرکے شہید کیا گیا ہے اگر اسی طرح فورسز پر حملے ہوتے رہے تو پاکستان کو ہم کیسے مستحکم کرسکتے ہیں ۔ہمارا مطالبہ ہے کہ فورسز اورپاکستان کے آئین پر جو حملہ ہوا ہے اور پاکستان کے امن کو جو نقصان پہنچانے کے لیے ایک مخصوص جنونی طبقہ جو کام کر رہا ہے ان کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے تاکہ آئندہ پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوئی جرات نہ کرسکے ۔

حکومت اپنی مدت پوری کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی تبدیلی کا ٹینیور پر کوئی اثر نہیں ہے اس لیے کہ ہم نے جو دورانیہ ہے ہر حال میں پورا کرنا ہے ۔ ساڑھے تین سال برسراقتدار رہنے والے عمران خان سے زبردستی حکومت نہیں لی گی بلکہ آئینی راستہ اختیار کیا گیا ہے اور جو ہمارے ملک کا آئین کہتا ہے ہم نے جمہوری راستوں کے ذریعے سے خدمت کی نیت سے ان سے اقتدار کو حاصل کیا ہے۔

احمد پور سیال میں شائع ہونے والی مزید خبریں