آل پارٹیز کانفرنس میں شریک تمام لوگوں کو پاکستان کے عوام کی نہیں بلکہ صرف اپنے اقتدار کی فکر ہے،سید مصطفی کمال

اے پی سی میں بیٹھے لوگوں کی 30 سال حکومت رہی ہے، ووٹ کو عزت دو کے بجائے اگر ووٹر کو عزت دی ہوتی تو آج یہ دن نہیں دیکھنے پڑتے، چیئرمین پی ایس پی

اتوار 20 ستمبر 2020 21:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2020ء) پاک سر زمین پارٹی کے چیئر مین سید مصطفی کمال نے کہاہے کہ آج ایک آل پارٹیز کانفرنس ہوئی۔ نواز شریف، آصف زرداری، بلاول بھٹو زرداری اور ملکی لیڈران کے خطاب سے ہم اس نتیجہ پر پہنچے ہیں کہ آل پارٹیز کانفرنس میں شریک تمام لوگوں کو پاکستان کے عوام کی نہیں بلکہ صرف اپنے اقتدار کی فکر ہے، انکی حکومت ہو تو سب ٹھیک ہے اور جو انکی حکومت نہیں تو سب خراب ہے۔

اے پی سی میں بیٹھے لوگوں کی 30 تیس سال حکومت رہی ہے، ووٹ کو عزت دو کے بجائے اگر ووٹر کو عزت دی ہوتی تو آج یہ دن نہیں دیکھنے پڑتے۔ آل پارٹیز کانفرنس کے میزبان بلاول بھٹو سے کہتا ہوں کہ پیپلز پارٹی کس منہ سے آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا ہے، انکے پاس تو سندھ میں پچھلے 12 سال سے مسلسل اقتدار ہے، پیپلز پارٹی کی تعصب زدہ کرپٹ حکومت نے کراچی سے کشمور تک سب تباہ و برباد کردیا ہے، پیپلزپارٹی اور بلاول کس منہ سے جمہوریت اور عوام کی حقوق کی بات کررہے ہیں، 12 سال میں کراچی کو لاڑکانہ اور حیدرآباد کو موہن جودڑو بنادیا ہے، تھر میں بچے بھوک سے جبکہ لاڑکانہ اور کشمور میں کتے کے کاٹنے اور گندا پانی پینے سے مررہے ہیں۔

(جاری ہے)

میں پاکستان کے سابقہ اور موجودہ حکمرانوں سے کہتا ہوں کہ ووٹ کو نہیں ووٹر کو عزت دو، ووٹ تو صرف کاغذ کا ٹکڑا ہے، ووٹر انسان اور اللہ کی مخلوق اور تمہاری رعایا ہیں جن پر تم ظلم کررہے ہو، تم سے انکے بارے میں روز حشر سوال ہوگا۔ جنہوں نے حکمرانوں کو ووٹ دیے وہ آج اسپتالوں میں دوا، پینے کے پانی، تعلیم اور صحت سے محروم ہیں، موجودہ اور سابقہ حکمرانوں میں کوئی فرق نہیں ہے۔

پچھلے چار سال میں ایم کیو ایم کی بلدیاتی حکومت کو 125 ارب روپے ملے، ایم کیو ایم کی 130 یوسیز کو ہر ماہ 5 لاکھ روپے ملے۔ اگر مجھ کو اسکا آدھا بھی مل جائے تو کراچی کی ایک سڑک پر گڑھا نظر نہیں آئے، ایک گٹر نہیں ابلے۔ کراچی والوں کے خاموشی سے گٹر ملا پانی پی کر مرجانے سے ظالم مضبوط ہوگیا۔ اصل میں حکمران ظالم ہیں بلکہ عوام ظالم ہے جو خاموش رہ کر ظالم کو طاقتور کررہے ہیں۔

ہم تمہیں آواز لگانے آئیں ہیں کہ ظالم کے خلاف ہمارا ساتھ دو تو دنیا اور آخرت دونوں جنت بن جائے گی۔ میرے دورے نظامت میں ورلڈ اکنامک فورم نے مجھے بلا کر کراچی کو دنیا کے بارہ تیزی سے ترقی کرنے والے شہروں میں شامل کیا اور صرف دس سال میں آج کراچی دنیا کے چار بدترین شہروں میں شامل ہوگیا ہے۔ کراچی والے اب ظل کے خلاف اٹھ جائیں ورنہ روز حشر اس بات کا جواب دینے کے لیے تیار ہو جائیں کہ کوئی ظلم کے خلاف آواز لگانے آیا تھا تو تم نے ساتھ کیوں نہیں دیا۔

پاک سر زمین پارٹی ریاست کی وفادار ہے کسی حکومت کی وفادار نہیں ہے۔ مصطفی کمال نے مزید کہا کہ مہاجر نام پر ووٹ لینے والوں میں رتی برابر غیرت ہے تو مصطفی کمال کی بات غور سے سنیں، سارے مہاجروں کے بزرگ اور نام نہاد لیڈران آجائیں اور جرگہ دلیل کی بنیاد پر کرتے ہیں۔ میں تم سب کو اپنے فارمولے پر قائل کرتا ہوں تم مجھے قائل کرو اور جب قائل نا کرسکو کو دوسری قومیتوں سے دشمنی کی سیاست چھوڑ دو۔

میں تنبیہ کرتا ہوں کہ صوبے کی بات کرکہ لاشوں کی سیاست شروع نہیں کرو! حیدرآباد سے کشمور تک رہنے والے مہاجر خطرے میں آجاتے ہیں۔ تمہارے نعرے کاسب سے زیادہ فائدے پیپلز پارٹی کو پہنچا ہے۔ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی نورا کشتی لڑ رہے ہیں۔ اپنی کرپشن چھپانے کے لیے ایک جانب سے سندھ توڑنے کا نعرہ لگایا جاتا ہے جبکہ دوسری جانب سے اس نعرے سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے سیاہ کرتوتوں پر پردہ ڈالا جاتا ہے اور عوام کو حقیقی مسائل سے ہٹا کر زبان کی بنیاد پر لڑوا دیا جاتا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں اہلیانِ نیو کراچی کی دعوت پر رحمانیہ عیدگاہ کرکٹ گرانڈ سیکٹر الیون جی، گودھرا کالونی، نیو کراچی اورگودھرا ہسپتال، سیکٹر الیون جی، نیو کراچی دیگر علاقوں کے دورہ کے موقع پر پر ہجوم عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صدر پی ایس پی انیس قائم خانی دیگر مرکزی زمہ داران بھی موجود تھے۔ مصطفی کمال نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم میں صوبوں کو ملنے والے اختیارات سے وزیراعلی خود مختار ہوگئے لیکن شہر، ڈسٹرکٹ، ٹاون اور یوسی کی سطح پر عوام اختیارات اور وسائل سے محروم ہیں۔

ہمارے حکمران اپنے سیاسی مفادات کی خاطر این ایف سی ایوارڈ کے بعد پی ایف سی ایوارڈ کا اجرا نہیں کرتے جو کہ ایک آئینی تقاضا یے ، پی ایس پی کے پیش کردہ 6 میں کراچی کے تمام مسائل کا حل ہے۔اس موقع پر نیو کراچی کے مختلف کا دورہ کیااور ان علاقوں کے عوام میں گھل مل گئے ۔ دورے کے موقع پر چئیر مین پاک سر زمین پارٹی سید مصطفی کمال، انیس قائم خانی اور دیگر مرکزی رہنماں کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور ان پر زبردست گل پاشی کی گئی۔ علاقے کی خواتین، بزرگوں، دکانداروں ، مارکیٹوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے مصطفی کمال کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں