26مارچ کو بلاول بھٹو کی قیادت میں حکومت کے خلاف تاریخی لانگ مارچ کاآغاز کراچی سے ہوگا، پاکستان پیپلز پارٹی

موجودہ حکومت نے ملک کو قرضوں میں ڈبو دیا ہے اس وقت ملک میں ہر طبقہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پریشان ہے پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے عوام حکمرانوں کو اقتدار کے ایوانوں سے گھر جانے پر مجبور کردے گی ،جلسہ عام سے خطاب

پیر 1 مارچ 2021 23:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مارچ2021ء) پیپلزپارٹی نے اعلان کیا ہے کہ 26مارچ کو بلاول بھٹو کی قیادت میں حکومت کے خلاف تاریخی لانگ مارچ کاآغاز کراچی سے ہوگا، موجودہ حکومت نے ملک کو قرضوں میں ڈبو دیا ہے اس وقت ملک میں ہر طبقہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پریشان ہے،عوام موجودہ حکومت سے تنگ آچکے ہیں اور ان کا جینا محال ہوگیا ہے،پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے عوام حکمرانوں کو اقتدار کے ایوانوں سے گھر جانے پر مجبور کردے گی ،بلاول بھٹو کی قیادت میں اسلام آباد پہنچ کر موجودہ حکومت کا خاتمہ کریں گے۔

یہ اعلان پیپلزپارٹی سندھ کے صدرنثارکھوڑو،پیپلزپارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری وقارمہدی دیگرمقررین نے حیدری ناظم آباد میں پیپلزپارٹی کراچی کے تحت یوم شہدا کے تحت منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پرجلسہ سے پیپلزپارٹی کراچی کے سیکریٹری جنرل جاوید ناگوری،حبیب الدین جنیدی،مرزامقبول،سردارخان،امان اللہ محسود،ذوالفقارقائمخانی، آصف خان،شکیل چوھدری،ظفرصدیقی،خلیل ہوت،لیاقت آسکانی،اقبال ساند،دل محمد،کرم اللہ وقاضی،راشدخاضخیلی,سہیل عابدی،شہزادمجید دیگرنے بھی خطاب کیا۔

جلسہ میں نصرت خان نصرت نے شہدا کی یاد میں لکھی گئی ایک نظم سنائی جبکہ آل پاکستان مسلم لیگ اورایم کیوایم سے تعلق رکھنے والوں نے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔ پیپلزپارٹی سندھ کے صدرنثارکھوڑونے اپنے خطاب میں شہدا کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ شہید ذوالفقارعلی بھٹو نے ہمیں عوام کے ساتھ کھڑے ہونے اورحقوق کے لیے ڈٹ جانے کا درس دیا،بھٹو نے ہماری تربیت کی کہ ظلم سے ٹکراجا مگرسودے بازی نہ کرو۔

بھٹوکوجب قید کیا گیا انہوں نے سمجھوتے کی بجائے شہادت کوترجیح دی اورتاریخ میں امرہوگئے،10 سالہ مارشل لا میں پیپلز پارٹی کے کارکنان نے آگ کے دریا عبور کیے۔ ہمیں بھٹو نے ظالم کے سامنے ڈٹ جانا سکھایا ہے اوریہ بتایا ہے کہ کبھی پیٹھ نہیں دکھانی ہے،بھٹو کے فلسفے پرعمل کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے کارکنان نے پھانسیوں کے پھندے چوم لیے، نثارکھوڑو نے کہاکہ پیپلزپارٹی نے شہداء کی قربانیوں کی تاریخ رقم کی ہے، پیپلزپارٹی پرنقب لگانے کے باوجود اسے ختم نہیں کیا جاسکا۔

شہید ذوالفقارعلی بھٹو اورشہید بے نظیربھٹو نے ہمیں وہ طاقت دی جس پرہمیں فخرہے۔ انہوں نے کہاکہ کراچی ہمارا شہرہے جنہوں نے کراچی کونظراندازکیا وہ کراچی کے محسن نہیں ہیں،یہ ہمارا شہرہے اس کی ترقی کے لیے ہم شب و روز ایک کردیں گے۔ انہوں نے کارکنان سے کہا کہ وہ کراچی میں گلی گلی جائیں اورکراچی کے لوگوں کو پمفلٹ چھپوا کر بتائیں کہ پیپلزپارٹی نے کراچی کے لیے کیا کچھ کیا ہے۔

پیپلزپارٹی کراچی کے غریبوں اورمظلوموں کی آوازہے۔ انہوں نے کہاکہ جومیٹروپول سے ائیرپورٹ تک ایک سگنل فری کوریڈورنہیں بناسکے وہ ترقی کا کیا کریڈٹ لیں گے۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کے دروازے سب کے لیے کھلے ہیں جوآنا چاہتاہے اسے ویلکم کرو۔انہوں نے کہاکہ ہماری قیادت کوہم سے چھین لیا گیا ہم اپنے شہیدوں سے غداری نہیں کرسکتے،شہدا کی قربانیوں کویاد کرتے ہوئے اہم اپنی منزل کی جانب روان دواں رہیں گے۔

انہوں نے کہاکہ بلاول بھٹو نے حکومت کوچیلنج کیا ہے حکومت کی نندیں اڑی ہوئی ہیں ، بلاول بھٹو نے اپوزیشن قیادت کوایک پلیٹ فارم پرجمع کیا اورعوام دشمن حکومت کوللکارا ہے جلد حکومت سے نجات حاصل کریں گے۔ بلاول بھٹو زراری نے وقت کے فرعون کوللکارا ہے۔انہوں نے کہاکہ حکم قیادت کا لہوہمارا،ہم بھٹو کے فلسفے پرچلتے ہوئے اپنی منزل تک جائیں گے اوراسلام آباد پہنچ کرموجودہ حکمرانوں سے نجات حاصل کریں گے۔

پیپلزپارٹی سندھ کے سیکریٹری جنرل وقارمہدی نے کہاکہ 26 مارچ کو عظیم الشان لانگ مارچ کا کراچی سے آغاز ہوگا ،بلاول بھٹو کی قیادت میں لانگ مارچ کے ذریعے اسلام آباد پہنچ کر اس حکومت کا خاتمہ کریں گے۔انہوں نے کہاکہ کراچی میں مہاجر قومی موومنٹ کے نام سے تنظیم بنائی گئی ،مہاجر سندھی پٹھان فسادات کرائے گئے کراچی میں ہمارے کارکنان کوشہید کیا گیا،ضلع سینٹرل میں شہید کارکنان نے پارٹی کے لئے گرانقدرقربانیاں دیں، کراچی کا کوئی ضلع ایسا نہیں جہاں پی پی کارکنان نے قربانیاں نہیں دی ہیں،پیپلزپارٹی نے کراچی میں قربانیوں کی تاریخ رقم کی ہے، شہید بھٹوکا مقدمہ سپریم کورٹ میں موجود ہے مگرحکومت اسے چلانے کے لیے تیارنہیں ہے، نسیم حسن شاہ نے اعتراف کیا تھا کہ مجھ سے غلطی ہوئی ہے۔

پیپلزپارٹی کے سوا کراچی کوکسی نے کچھ نہیں دیا ، ضلع سینٹرل سے ہمارا کوئی ایم این اے کوئی ایم پی اے نہیں جیتا مگرشہید ذوالفقارعلی بھٹو اورپیپلزپارٹی نے ضلع وسطی اورکراچی شہرمیں کئی ترقیاتی منصوبے دیے،بینظیربھٹو نے لیاقت آباد اورکریم آباد میں ترقیاتی منصوبے دیے،موجودہ سندھ حکومت نے لیاقت آباد ناظم آباد سمیت کراچی کے تمام علاقوں میں ترقیاتی منصوبے دیے، وفاقی حکومت نے ڈھائی برس میں کراچی کوکچھ نہیں دیا، جووفاقی ترقیاتی منصوبے مکمل ہوئے وہ سابقہ دورحکومت کے تھے،گرین لائن منصوبہ سابقہ حکومت نے ہماری مشاورت سے شروع کیا جس پرموجودہ حکومت ایک بس نہیں چلا سکی ہے۔

وزیراعظم کا 162 ارب روپے کا پیکیج کہان ہے، موجودہ حکومت نے مہنگائی بیروزگاری کے علاوہ عوام کوکچھ نہیں دیا،لوگوں سے روزگارچھین لیا، 26 مارچ کوبلاول بھٹو کی قیادت میں لانگ مارچ کا آغازکراچی سے ہوگا،بلاول بھٹو کی قیادت میں لانگ مارچ کا قافلہ اپنی منزل پرپہنچے گا۔پیپلزپارٹی کراچی کے سیکریٹری جنرل جاوید ناگوری نے کہاکہ پیپلزپارٹی لسانیت اورفرقہ واریت سے پاک سیاست کی امین ہے،کراچی میں ہرقوم کے لوگوں نے امن کے لیے جانوں کا نذرانہ دیا ہے،شہید کامرتبہ کسی ظالم کونہیں بلکہ خداترس اوربہادرکوملتا ہے۔

پیپلزپارٹی کراچی کی سیکریٹری اطلاعات صوبائی وزیرشہلارضا کا کہنا تھا کہ آج شہدا کویادکرنے کے لیے ہزاروں کارکن موجود ہیں مگرکراچی میں قتل وغارت گری کرنے والوں کوجائے پناہ نہیں ملتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ڈسٹرکٹ سینٹرل شہیدوں کا ضلع ہے کراچی کے سیکڑوں کارکنان نے جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں