خانپور ،اسکول جاتے ہوئے اغوا کیے گئے 2 بچوں کو بہاولپور سے بازیاب کروا لیا گیا

ہفتہ 8 اپریل 2023 17:00

خانپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اپریل2023ء) خانپور میں اسکول جاتے ہوئے اغوا کیے گئے 2 بچوں کو بہاولپور سے بازیاب کروا لیا گیا۔ذرائع کے مطابق مغوی بچوں کے والد ڈاکٹر حسن محمود کے مطابق پولیس ٹیم نے میری فیملی کے ساتھ بچوں کی ویڈیو کال کے ذریعے بات کروائی ہے۔ انہوں نے بچوں کی بازیابی پر اللہ کا شکر ادا کیا ، بچوں کی بازیابی کی خبر ملتے ہی شہری بڑی تعداد میں مبارک باد دینے ڈاکٹر حسن محمود کے گھر پہنچے۔

(جاری ہے)

خان پور ضلع رحیم یار خان سے ڈاکٹر حسن کے دو بچوں کو سکول جاتے ہوئے اغوا کر لیا گیا۔واضح رہے کہ خان پور میں اغوا کاروں نے سابق ایم ایس تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال خان پور ڈاکٹر حسن محمود کے بچوں کو گزشتہ روز صبح اسکول جاتے ہوئے راستے سے اغوا کیا تھا۔ بچوں کی والدہ بھی ڈاکٹر ہیں،11 سالہ شایان اور 7 سالہ سبحان گاڑی پر ڈرائیور کے ساتھ اسکول جا رہے تھے کہ راستے میں ڈاکوؤں نے روک کر اغوا کرلیا۔اغوا کیے جانے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جس میں 3 اغوا کار دیکھے جا سکتے ہیں۔ واقعے کے بعد شہر میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

خان پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں