عمران خان نے اپنی نااہلی اور غلط پالیسیوں سے ملکی معیشت کا ستیا ناس کر دیا ہے، سید احمد محمود

پنجاب کے ضمنی انتخابا ت میں پیپلز پارٹی تعاون سے مسلم لیگ ن کے امید وار بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے، سابق گور نر

ہفتہ 9 جولائی 2022 17:51

خان پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2022ء) سابق گورنر پنجاب اور پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم سید احمد محمود نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنی نااہلی اور غلط پالیسیوں سے ملکی معیشت کا ستیا ناس کر دیا ہے ، اگر موجودہ حکومت پٹرول،گیس اور بجلی کے ریٹ نہ بڑھاتی تو ملک دیوالیہ ہو جاتا اور انہیں امید ہے موجودہ وزیراعظم میاں شہباز شریف اپنی خدا داد صلاحیتو ں اور خوبیوں کی بنا پر بہت جلد ڈالر کی اونچی اوڑان اور مہنگائی کے جن کو قابو کر کے عوام کو بہت جلد ریلیف دیں گے۔

وہ گزشتہ روز سابق صوبائی وزیر بیت المال پنجاب چوہدری محمد اعجاز شفیع کی تائی جان اور ممتاز سیاسی رہنما چوہدری حافظ ریاض کی والدہ ماجدہ کی وفات پر ا ظہار تعزیت کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

مخدوم سید احمد محمود نے کہا کہ عمران خان ملکی سلامتی کے اداروں اور عدلیہ کو متازعہ بنا کر خطر ناک کھیل کھیل رہے ہیں اور غیر ملکی ایجنڈہ پر عمل کر کے پاکستان کی سالمیت اور نظریاتی و جغرافیائی اور سرحدوں کو کمزور کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اقتدار سے محروم ہونے کے بعد حواس باختہ ہو آئین نظریہ پاکستان اور ملک مذہبی اور دینی اقدار کو تماشہ بنا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ضمنی انتخابا ت میں پیپلز پارٹی تعاون سے مسلم لیگ ن کے امید وار بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے اور تمام اتحادی جماعتوں کی اس حوالے سے حمزہ شہباز شریف کو مکمل حمایت حاصل ہے۔

خان پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں