جمعیت اہلحدیث نے مسلم لیگ (ن) سے 22سالہ الحاق ختم کردیا، انتخابات میں اپنی شناخت سے حصہ لینے کا اعلان

حکومت خواہ شہباز شریف کی ہو زرداری کی یا عمران خان کی ،تمام حکومتیں عوام کو مہنگائی بیروزگاری،غربت اور ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہیں ،حافظ معتصم الٰہی ظہیر

پیر 13 مارچ 2023 20:15

جمعیت اہلحدیث نے مسلم لیگ (ن) سے 22سالہ الحاق ختم کردیا، انتخابات میں اپنی شناخت سے حصہ لینے کا اعلان
خان پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2023ء) پی ڈی ایم میں شامل مرکزی جمعیت اہلحدیث کے رہنماء وچیئرمین امور سیاسی کمیٹی مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان علامہ حافظ معتصم الٰہی ظہیر نے کہا ہے کہ حکومت خواہ شہباز شریف کی ہو زرداری کی ہو یا عمران خان کی ،تمام حکومتیں عوام کو مہنگائی بے روزگاری،غربت اور ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہیں ،مرکزی جمعیت اہلحدیث نے نواز شریف سے کئے گئے گزشتہ 22سال کے الحاق کو ختم کر کے اس دفعہ بار پہلی قومی و صوبائی اسمبلی کے انتخابات میں اپنی علیحدہ شناخت اور مرکزی جمعیت اہلحدیث کے اپنے انتخابی نشان عینک پر انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

وہ گزشتہ روز یہاں جمعیت اہلحدیث کی سالانہ سیرت کانفرنس کے موقع پر مرکز اہلحدیث میں امیر تحصیل خان پور خواجہ مسعود احمد صدیقی ودیگر کے ہمراہ پر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ معاشی بڑھتی مہنگائی غربت بے روزگاری اور معیشت کا دیوالیہ ہونے کی ذمہ داری سابق حکومت عمران خان کی غلط اور ناقص منصوبہ بندی اور ناتجربہ کارانہ پالیسیوں پر ہے تاہم علامہ حافظ معتصم الٰہی ظہیر نے ایک سوال کے جواب میں تسلیم کیا کہ حکمران پی ڈی ایم میں مرکزی جمعیت اہلحدیث کی شمولیت کی بنا پر وہ اپنی پارٹی کو بھی عوام کے سامنے جواب دہ اور ذمہ دار سمجھتے ہیں انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملک کی معیشت کو تباہ کرنے کے ساتھ اخلاقیات روایات اور بڑوں چھوٹوں کے احترام اور ہمارے دین تہذیب وثقافت کا جنازہ نکال دیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے معروضی حالات کی وجہ سے اگر چہ قومی اور صوبائی ایوانوں کے انتخابات ایک ساتھ ہونے چاہئے مگر سپریم کورٹ کے احکامات پر الیکشن کمیشن اور تمام آئینی اداروں کو عمل درآمد کر کے آئین کی بالادستی کو یقینی بنانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی جمعیت اہلحدیث پنجاب اسمبلی کے ہونے والے انتخابات میں ایک سو سے زائد سیٹو ں پر اپنے امیدوار کھڑے کرے گی۔

خان پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں