رواں ہفتے کے دوران ملک کے بالائی / وسطی علاقوں میں وقفہ وقفہ سے آندھی/جھکڑ چلنےاورگرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

پیر 22 مئی 2023 22:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2023ء) رواں ہفتے کے دوران ملک کے بالائی / وسطی علاقوں میں وقفہ وقفہ سے آندھی/جھکڑ چلنےاورگرج چمک کے ساتھ بارشوں کا امکان ہے، نئے موسمیاتی نظام کے زیر اثر علاقوں میں کھڑی فصلوں اور کمزورسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کے اندیشہ کے پیش نظر تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطا بق ملک کے بالائی اور مغربی علاقوں میں داخل ہونے والی مغربی ہوائیں رواں ہفتے کے دوران وقفہ وقفہ سے اثر انداز ہو گی جس کے باعث 26 مئی تک کشمیر (وادی نیلم، مظفرآباد، پونچھ، ہٹیاں، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر، میرپور)، گلگت بلتستان (دیامیر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گھانچے، شگر)، چترال، دیر، سوات، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور،پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، مردان، باجوڑ، کرم، وزیرستان، کوہاٹ،بنوں، ٹانک، کرک، ڈیرہ اسماعیل خان، اسلام آباد، مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم میں آندھی/جھکڑ چلنےاورگرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقا مات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے ۔

(جاری ہے)

اس دوران چند مقامات پر موسلا دھار بارش کا بھی ہو سکتی ہے۔ 23 (شام /رات )اور 26 مئی کے دوران سرگودھا، میانوالی، خوشاب، بھکر، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، شیخوپورہ ،ننکانہ، گوجرانوالہ، لاہور ،سیالکوٹ ، منڈی بہائوالدین، نارووال، قصور، پاکپتن ، اوکاڑہ ، ساہیوال، رحیم یار خان، ڈی جی خان، راجن پور ، ملتان اور بہاولنگر میں آندھی/جھکڑ چلنےاورگرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقا مات پر ژالہ باری کا بھی امکان ہے ۔

23اور24 مئی کے دوران بلوچستان (کوئٹہ، ژوب، بارکھان، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، چمن، پشین، نوشکی، نصیر آباد، سبی، پنجگور، قلات، خضدار) ، بالائی سندھ (سکھر، دادو، جیکب آباد،لاڑکانہ )میں آندھی/جھکڑ چلنےاورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔ اس دوران پنجاب، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں آندھی/جھکڑ کے باعث کھڑی فصلوں اور کمزورسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا خطرہ ہے-کسان حضرات کو مشورہ دیا گیا ہے کہ موسمیا تی پیش گو ئی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے معاملات ترتیب دیں۔

اسی طرح بارش کے دوران سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ آندھی/جھکڑ / گرج چمک کے دوران عوام کو محفوظ مقا مات پر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ تمام متعلقہ اداروں کو ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ بارش کے باعث ملک میں جاری گرمی کی شدت میں کمی کا امکان ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں