جیت کا نوٹیفیکیشن جاری ہونے کے باوحود پی ٹی آئی سے ایک اور نشست چھن گئی

این اے 154 لودھراں میں پی ٹی آئی رہنما کی غیر موجودگی میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی، ن لیگ کے امیدوار کو فاتح قرار دے دیا گیا

muhammad ali محمد علی منگل 27 فروری 2024 00:51

جیت کا نوٹیفیکیشن جاری ہونے کے باوحود پی ٹی آئی سے ایک اور نشست چھن گئی
لودھراں (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 فروری 2024ء ) جیت کا نوٹیفیکیشن جاری ہونے کے باوحود پی ٹی آئی سے ایک اور نشست چھن گئی، این اے 154 لودھراں میں پی ٹی آئی رہنما کی غیر موجودگی میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی، ن لیگ کے امیدوار کو فاتح قرار دے دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف سے قومی اسمبلی کی جیتی ہوئی ایک اور نشست چھن گئی ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے 9 فروری کو جاری کیے گئے فارم 47 کے مطابق تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار رانا محمد فراز نون 1 لاکھ 34 ہزار 937 ووٹ حاصل کر کے کامیاب قرار پائے، جبکہ ان کے مدمقابل مسلم لیگ ن کے عبدالرحمان کانجو 1 لاکھ 28 ہزار 438 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔

یوں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ رانا محمد فراز نون ساڑھے 6 ہزار ووٹوں کی برتری سے فتحیاب قرار پائے، بعد ازاں ان کی جیت کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کیا گیا۔

(جاری ہے)

تاہم اب اے آر وائی نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن نے پیر کے روز اس حلقے کے ووٹوں کی دوبارہ گنتی کروائی، جس میں مسلم لیگ ن کے امیدوار کا کامیاب قرار دے دیا گیا۔ مسلم لیگ ن کے امیدوار عبد الرحمان کانجو جو پہلے ساڑھے 6 ہزار ووٹوں سے ہار گئے تھے، اب انہیں 7 ہزار سے زائد ووٹوں کی برتری سے فتحیاب قرار دے دیا گیا ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما رانا محمد فراز نون نے الزام عائد کیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے میری جیت کے فارم 45، 47، 48، 49 جاری ہونے، میرا قومی اسمبلی کا آفیشل نوٹیفکیشن ہونے کے بعد چھٹی والے دن یعنی اتوار کو میرے حلقے میں جو غیرقانونی طور پر دوبارہ گنتی کا آرڈر جاری کیا گیا ۔ پھر پیر کے روز ہمیں بتائے بغیر وقت لودھراں میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا عمل شروع کیا گیا، میرے وکلا ٹیم گنتی کی جگہ تو پہنچی لیکن پولیس نے ان کو دھمکایا، انہیں اندر نہیں جانے دیا گیا۔

لودھراں میں شائع ہونے والی مزید خبریں