کٹھ پتلی، سلیکٹڈ راج کا خاتمہ اور جمہوریت بحال کریں گے، بلاول بھٹو زر داری

تبدیلی کا نعرہ لگانے والے سارے دھوکے باز ہیں جنہیں حکومت چلانی نہیں آتی ،ملاکنڈ کے ہر شہری مطالبہ ہے سلیکٹڈ چلا جائے ،وزیراعظم عمران خان نے سانحہ مچھ کے لواحقین کو بلیک میلر قرار دے دیا، یہ کس قسم کا انصاف ہے، عوام ناجائز حکمرانوں کو آج سے نہیں 60 سال سے بھگت رہے ہیں،جلسے سے خطاب ہماری تحریک کا مقصد وزیراعظم عمران خان کو ہٹانا نہیں ،ووٹ کو عزت دینا ہے،ہمیں جمہوریت اور ووٹ کی قدر کرنی چاہیے، محمو د خان اچکزئی

پیر 11 جنوری 2021 23:50

کٹھ پتلی، سلیکٹڈ راج کا خاتمہ اور جمہوریت بحال کریں گے، بلاول بھٹو زر داری
ملا کنڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جنوری2021ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والے سارے دھوکے باز ہیں جنہیں حکومت چلانی نہیں آتی ،ملاکنڈ کے ہر شہری مطالبہ ہے سلیکٹڈ چلا جائے ،وزیراعظم عمران خان نے سانحہ مچھ کے لواحقین کوبلیک میلر قرار دے دیا، یہ کس قسم کا انصاف ہے، عوام ناجائز حکمرانوں کو آج سے نہیں 60 سال سے بھگت رہے ہیں،کٹھ پتلی، سلیکٹڈ راج کا خاتمہ اور جمہوریت بحال کریں گے ۔

پیر کو ملاکنڈ کے بٹ خیلہ میں حکومت مخالف سیاسی جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈٰی ایم) کے جلسے سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ ملاکنڈ کے عوام نے پاکستان کو اپنا فیصلہ سنا دیا۔عوام ناجائز حکمرانوں کو آج سے نہیں 60 سال سے بھگت رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ہم نے جوبھی وعدہ کیا اسے پورا بھی کیا ہے،ذوالفقار علی بھٹو نے ایف سی آر کے خاتمے کا وعدہ کیا تھا اور پورا کرکے دکھایا۔

انہوںنے کہاکہ عوام نے پیپلز پارپی کے ساتھ ملکر جدوجہد کی ہے ، آمروں کا مقابلہ کیا ہے اور اپنے حقوق کو آمروں سے چھینا ہے ۔بلاول بھٹو زرداری نے حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والے سارے دھوکے باز ہیں جنہیں حکومت چلانی نہیں آتی لیکن تبدیلی کا نعرہ لگا کر عوام کو دھوکا دیا۔انہوں نے ملاکنڈ کے عوام کو گواہ بنا کر کہا کہ کٹھ پتلی اور سلیکٹڈ راج کا خاتمہ کریں گے ، کٹھ پتلی راج کا خاتمہ کرکے اور حقیقی جمہوریت بحال کریں گے، عوامی راج قائم کر ینگے ۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ملا کنڈ کے عوام محبت وطن اور بہادر لوگ ہیں ،ہمیں یاد ہے ، مالا کنڈ کے لوگوں نے دہشتگردی کا مقابلہ کیا ہے اس کو پوری دنیا نے دیکھا ہے ، ملاکنڈ کے عوام نے دہشتگردوں کو ہماری سر زمین سے بھگا دیا ، عوام نے شہادتیں قبول کی ہیں ، قربانیاں دی ہیں ،عوام نے کسی ظالم اور آمر کے سامنے سر نہیں جھکایا ، نہ کسی کٹھ پتلی کے سامنے سر جھائیں گے ، ہم آپ کی بہادری اور ہمت کو سلام پیش کرتے ہیں ۔

انہوںنے کہاکہ جب ملاکنڈ کے نوجوان دہشت گردوں کا مقابلہ کررہے تھے جب کون کون آپ کی حمایت اور مخالفت میں کھڑے تھے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ایک عمران خان تب بھی تھا جو دہشت گردوں کا نام لینے سے گھبراتا تھا اور وہ دہشت گردوں کا وکیل بنا ہوا تھااور دہشتگردوں کا یہاں دفتر کھولنا چاہتا تھا۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ملاکنڈ کے نوجوانوں نے پاکستانی فوج کے ساتھ مل کر دہشت گردوں کا مقابلہ کیااور دہشتگردوں کو شکست دی ، اس دھرتی نے بہت سے دہشتگردی کے سانحے دیکھے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس کے وقت وزیر اعظم عمران خان اسلام آباد میں ناچ رہا تھا جب ہمارے بچے دہشت گردوں کے ہاتھوں شہید ہورہے تھے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ اس حکومت میں دہشت گردوں کو رہائی ملی،احسان اللہ احسان کو رہائی ملی ، افسوس کہ ہم شہید ہونے والے اے پی ایس کے بچوں کو ناصاف نہیں دے سکے، ہم والدین کو منہ دکھانے کے قابل نہیں ۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ وزیراعظم عمران خان نے سانحہ مچھ کے لواحقین کو بلیک میلر قرار دے دیا، یہ کس قسم کا انصاف ہے ۔انہوںنے کہاکہ آج تک کسی شہید کو انصاف نہیں دلا سکے، دہشت گردوں کو قانون کے دائرے میں نہیں لاسکے، ہم اپنے شہیدیوں اور ان کے لواحقین کے آگے شرمندہ ہیں کہ یہ کس قسم کا انصاف ہے جس کی تکرار وزیر اعظم کرتا رہتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ کسی شہید کو انصاف نہیں دلا سکا ، بے نظیر بھٹو کو انصاف نہیں دلا سکا ، اٹھارہ اکتوبر کے کار ساز کے شہید کو انصاف نہیں دلا سکا ، بلورخاندان اور میاں افتخار حسین کے خاندان کو انصاف نہیں دلا سکا ،کسان بھائیوں کو انصاف نہیں دلا سکا ۔

جب تک دہشتگردوں کو قانون کے دائرے میں نہیں لا سکتے ہیں اس وقت ہم اپنے شہداء کے سامنے شر مندہ ہونگے انہوں نے کہاکہ یہ قسم کا نظام ہے کہ وزیر اعظم انصاف کی بات کرتاہے مگر کسی ایک شہید کو آج تک انصاف نہیں مل سکا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مہنگائی پورے ریجن میں سب سے زیادہ ہے، عوام تاریخی غربت، مہنگائی کا مقابلہ کررہے ہیں، یہ ہے نیاپاکستان۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان کا پورا ٹولہ نالائق اور کرپٹ ترین ہے ملک نہیں چل رہا، انہوں نے روزگار چھینا اور گھروں کو برباد کیا۔پی پی چیئرمین نے کہا کہ علیمہ باجی کی سلائی مشین میں کرپشن، بلین ٹری میں کرپشن ہر طرف کرپشن ہے۔اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کے مرکزی رہنما محمود خان اچکزئی نے کہا کہ ہماری تحریک کا مقصد وزیراعظم عمران خان کو ہٹانا نہیں بلکہ ووٹ کو عزت دینا ہے۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ سیاسی جماعتیں پوری قوم کے لیے جدوجہد کررہی ہیں، پاکستان عالمی سطح پر تنہا ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ایمانداری سے بات کرنے والوں کے خلاف کیسز بنتے ہیں، ہمیں جمہوریت اور ووٹ کی قدر کرنی چاہیے۔اپوزیشن اتحاد کے مرکزی رہنما نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کو سیاسی انجینئرنگ کے لیے استعمال کیا جارہا ہے، پی ڈی ایم کا مقصد عمران خان کو ہٹانا نہیں ہم ووٹ کی عزت چاہتے ہیں۔

مالاکنڈ میں شائع ہونے والی مزید خبریں