آزاد کشمیر کے الیکشن میں ن لیگ دھونس ، دھاندلی سے کامیاب ہوئی تو اسے مقبوضہ کشمیر میں مودی پالیسی تصور کی جائے گی۔۔ بلاول بھٹو زرداری

اس کے خطر ناک نتائج برآمد ہوں گے، نواز شریف آپ نے حکومت کی ناقص خارجہ پالیسی سے پاکستان کا حلیہ بگاڑ دیا ہے ، نوازشریف سینکڑوں مسلمانوں کے قاتل مقبوضہ کشمیر میں ماؤں بہنوں کی چادر کا تقدس پامال کرنے والے اور نہتے کشمیریوں پر گولی چلانے والے مودی کیساتھ دوستانہ تعلقات بنا رہے ہیں، وہ افغانستان اور ایران سے تعلقات خراب کر رہے ہیں،وزیر اعظم نواز شریف کی ملوں سے را کے ایجنٹ نکل رہے ہیں، میاں صاحب پانامہ لیکس پر مسلسل جھوٹ پر جھوٹ بولے جا رہے ہیں، آپ اسمبلی میں جواب دینے کو بھی تیار نہیں، قوم آپ سے جواب مانگ رہی ہے جو کہ آپ کو ہر حال میں دینا پڑے گا ،آپ میرا مطالبہ مانتے ہوئے گھر چلے جائیں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا باغ میں انتخابی جلسہ سے خطاب جلسے کے آغاز میں بینظیر بھٹو اور کرنل نسیم کے ایصال ثواب کیلئے دعا بی بی کی شہادت کے بعد اندھیرا ہی اندھیرا نظر آتا تھا ، جب زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا تو امید کی کرن نظر آئی ، بلاول نے اب پیپلز پارٹی اور کشمیری عوام کو ساتھ لے کر چلنا ہے ،فریال تالپور

منگل 10 مئی 2016 18:53

آزاد کشمیر کے الیکشن میں ن لیگ دھونس ، دھاندلی سے کامیاب ہوئی تو اسے مقبوضہ کشمیر میں مودی پالیسی تصور کی جائے گی۔۔ بلاول بھٹو زرداری

باغ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔10 مئی۔2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں آمدہ الیکشن میں مسلم لیگ ن دھونس اور دھاندلی سے اگر کامیاب ہوئی تو مقبوضہ کشمیر میں مودی پالیسی تصور کی جائے گی ، جس کے خطر ناک نتائج برآمد ہوں گے ، میاں نواز شریف آپ نے حکومت کی ناقص خارجہ پالیسی کیوجہ سے پاکستان کا حلیہ ہی بگاڑ دیا ہے ، گجرات میں ساڑھے تین سو مسلمانوں کے قاتل مقبوضہ کشمیر میں ماؤں بہنوں کی چادر کا تقدس پامال کرنے والے اور نہتے کشمیریوں پر گولی چلانے والے مودی کیساتھ دوستانہ تعلقات بنا رہے ہیں ، جب کہ ہمارے برادر اسلامی ممالک افغانستان اور ایران سے تعلقات خراب کر رہے ہیں ، قائد اعظم کے یوم پیدائش کے دن ذاتی تقریب میں یوم قائد اعظم کو بلا کر مسلمانوں کے قاتل کو دعوت دی ، بیشتر ممالک مودی کو دہشت گرد سمجھتے ہیں اور اسے ویزہ تک دینے سے انکاری ہیں مگر میاں نواز شریف آپ سٹیل مل اور دیگر کارو بار کے لیے مسلمانوں کے قاتل سے دوستی کی پینگیں بڑھا رہے ہو ۔

(جاری ہے)

۔ وہ منگل کو یہاں باغ میں انتخابی جلسہ سے مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے ۔ جلسہ کی صدارت سابق سیکرٹری جنرل پیپلز پارٹی جہانگیر بدر نے کی جب کہ جلسہ سے سابق وزیر اعظم پاکستان سید یوسف رضا گیلانی ، فریال تالپور ، وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید ، وزیر صحت سردار قمرالزمان خان ، سردار ضیاء القمر و دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ جلسہ عام میں سابق وزیر اعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف ، صدر آزاد کشمیر سردار یعقوب خان ،سپیکر سردار غلام صادق ، شہلا رضا ، آزاد کشمیر کے وزراء بازل نقوی ، چوہدری یٰسین ، میاں عبدالوحید ، مطلوب انقلابی ، فیصل راٹھو ر ، لطیف اکبر ، بیگم شمشاد عزیز ، کرنل ضمیر ، شاہین کوثر ڈارکے علاوہ پاکستان کے وزیر اعظم کے سابق میڈیا ایڈوائز خواجہ رضوان عالم اور راؤ ساجد نے بھی شرکت کی ، جلسہ شروع ہونے سے قبل بے نظیر بھٹو اور کرنل ریٹائرڈ راجہ محمد نسیم خان کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی ۔

بلاول نے جلسے سے خطاب میں کہاکہ وزیر اعظم نواز شریف کی ملوں سے را کے ایجنٹ نکل رہے ہیں میاں نواز شریف یہ کیا ہو رہا ہے ، آج دنیا کی نظریں واحد اسلامی ریاست پاکستان پر لگی ہوئی ہیں آپ ریاست کے ریاست کیساتھ تعلقات کے بجائے ذاتی مفادات کی خاطر مسلمانوں کے قاتل مودی سے بڑھا رہے ہو ، قائد اعظم کے پاکستان میں اقلیتوں کے حقوق کا پورا پورا خیال رکھنا جانا چاہیے تھا جو ہمارے آئین کا حصہ ہے مگر میاں نواز شریف نے ایک منصوبے کی خاطر 5گرجہ گھروں کو گرا دیا گوڈ گورننس کے دعوے کا پول پنجاب میں ایک چھوٹو گینگ نے کھول دیا ، پنجاب میں وزیر اعلیٰ ہاؤس میں بیٹھے اصل چھوٹو گینگ کے ماسٹر مائنڈ کو ختم کرنا ہو گا ، راؤنڈ کی ناقص پالیسی کیوجہ سے غربت بڑھ رہی ہے مہنگائی اور کرپشن عروج پر ہے ، پانا مہ لیکس کی صاف و شفاف تحقیق چاہتے ہیں میاں نواز شریف آپ پہلے تو پانا مہ لیکس میں جاری ہونے والی رپورٹس سے انکاری تھے یا آپ اپنی غلطی مان لیں یا پھر میرا مطالبہ مانیں اور گھر چلے جائیں ، پانامہ لیکس پر مسلسل جھوٹ پر جھوٹ بولے جا رہے ہیں آپ اسمبلی میں جواب دینے کو بھی تیار نہیں قوم آپ سے جواب مانگ رہی ہے جو کہ آپ کو ہر حال میں دینا پڑے گا ، میں نیب ، ایف آئی اے اور دیگر اداروں سے سوال کرتا ہوں کہ حکومت مخالف لوگوں پر تو آپ تحقیقات فوری کرتے ہوئے پانچ ارب روپے کے آڈٹ سے کیوں ڈرتے ہو ، نندی پور پراجیکٹ اور منی لانڈرنگ جیسے گھنونے جرم پر کیوں خاموش ہو ، پاکستان پیپلز پارٹی ایسٹ جرمنی کیطرح کشمیر کو دیکھنا چاہتی ہے ، میاں نواز شریف آپ نے آزاد کشمیر میں کون سا منصوبہ شروع کیا ہے جتنی ترقی پاکستان پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر میں کی کوئی اور نہیں کر سکتا ، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور میں ہمیشہ کشمیریوں کیساتھ کھڑے رہیں گے ہم کشمیر پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے ، انہوں نے کہا کہ راؤنڈ والے اورنج ٹرین منصوبے پر تو 01کھرب 62ارب روپے تو خرچ کر سکتے اور یہاں آزاد کشمیر کا بجٹ ہی 67ارب روپے کا ہے جو انہیں تر سا تر سا کر دیا جاتا ہے ہم دولت کی اس غیر منصفانہ تقسیم کو روا نہیں رہنے دیں گے ، انہوں نے کہا کہ 2005کے زلزلہ میں ضلع باغ کھنڈرات بن گیا تھا اور میں سردار قمرالزمان خان کو تعمیر نو پر مبارکباد دیتا ہوں ، کشمیری عوام کے حقوق کے لیے ہمارا موقف رائے شمار ی رائے شمار ی ہے ، کشمیر میں منعقدہ موجودہ الیکشن کشمیریوں کے مستقبل کا تعین کرے گا دھونس اور دھاندلی سے نتائج تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی تو اس کا انجام برا ہو گا ، میاں نواز شریف اگر آپ کہہ رہے ہیں کہ ملک ترقی کر رہا ہے تو ترقی عوام کو نظر کیوں نہیں آ رہی ، اس ترقی سے خوشحال عوام نہیں بلکہ خوشحال راؤنڈ ہو رہا ہے ، میاں نواز شریف کی حکومت کے دن گنے جا چکے ہیں انکی کشتی لیک ہو چکی ہے جو ہچھکولے کھا رہی ہے ، پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ بہت جلد ڈاکوں ، چوروں اور کرپشن کے سرداروں سے انہیں نجات دلاؤں گا ،اقوام متحدہ سے میں سوال کرتا ہوں کہ 67سالوں سے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پڑی ہوئی قرار دادؤں پر عمل درآمد کیوں نہیں ہو رہا ، کشمیری عوام کو اپنے فیصلے کا اختیار دیا جائے اور رائے شماری کروائی جائے ۔

جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے صدر جلسہ سیکرٹری جنرل پیپلزپارٹی جہانگیر بدر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی غریبوں اور محنت کشوں کی جماعت ہے اور ہم اپنے کسانوں اور مزدورں کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑیں گے ، انہوں نے کہا کہ بھٹو کے جیالے کسی طاقت سے نہیں ڈرتے اور ہماری پوری تاریخ خون اور جد و جہد کی تاریخ ہے ، انہوں نے نعرے لگانے کے بعد بلاول بھٹو کو تقریر کے لیے بلایا ، جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے فریال تالپور نے کہا کہ بی بی کی شہادت کے بعد اندھیرا ہی اندھیرا نظر آتا تھا مگر جب مرد حر سابق صدر زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا تو امید کی کرن نظر آئی بی بی شہید اب بھی زندہ ہیں اور ہمارے ساتھ ہیں ، بلاول بھٹو زرداری نے اب پیپلز پارٹی اور کشمیری عوام کو ساتھ لے کر چلنا ہے ، پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر میں پانچ سالہ دور میں ریکارڈ ترقیاتی کام کروائے جس سڑک پر میں سفر کر کے باغ آئی ایسی سڑک پنجاب میں بھی نہیں ہے ، اس پر میں سردار قمرالزمان خان کو مبارکباد پیش کرتی ہوں ، پیپلز پارٹی کے ووٹر کا ووٹ اس کے ایمان کا حصہ ہے جو کبھی نہیں بک سکتا ، جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم پاکستان سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ آج جب میں باغ کے لیے نکل رہا تھا تو معلوم ہوا کہ افغانستان میں دوران آپریشن میرا بیٹا باز یاب ہو گیا ہے مگر میں بیٹے کو ملنے کے بجائے بھٹو کے نظریات و افکار پر چلتے ہوئے باغ کے بیٹوں اور بیٹیوں سے ملنے شہیدوں اور غازیوں کی سر زمین پر آیا ہوں ، 1947میں باغ میں 60لوگوں کو سمراجیوں نے شہید کیا میں اس سر زمین پر باغ والوں سے مخاطب ہوں جس پر مجھے فخر ہے ،جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ، وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے بلاول بھٹو کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم نے آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کو مضبوط تر کیا ہے اور یہی چند قدم کے فاصلے پر میں نے آزاد کشمیر کی پہلی وویمن یونیورسٹی جو آصفہ بھٹو کے نام پر منسوب ہے دی ہے ، انہوں نے کہا کہ نیب والوں کو بلوچستان میں چھاپے کے بعد چوہدری برجیس طاہر وزیر امور کشمیر کے گھر چھاپہ مارنا چاہیے جہاں کشمیر کونسل کے 35ارب روپے سے زیادہ منصوبوں کی رقم موجود ہو گی ، انہوں نے کہا کہ یہ ملک بنارسی ٹھگوں کا نہیں پیپلز پارٹی کے جیالوں کا ہے اس لیے اسے گلگت بلتستان نہیں بنایا جا سکتا ، جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سردار قمرالزمان خان نے کہا کہ آج باغ کی یہ خوش قسمتی ہے کہ باغ میں شہید ذوالفقار علی بھٹو کا نواسہ م بے نظیر بھٹو شہید کا لخت جگر اور مرد آہن آصف علی زرداری کا بیٹا باغ میں موجود ہے اسی گراؤنڈ میں 42سال پہلے شہید بھٹو نے خطاب کیا تھا اور آج باغ والوں کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ شہید کا بیٹا یہاں خطاب کر رہا ہے ، جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے پی ایس ایف کے سابق چیئرمین سردار ضیاء القمر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے لیے کشمیر کوئی نئی چیز نہیں پیپلز پارٹی کی بنیاد شہید بھٹو نے مسئلہ کشمیر پر رکھی تھی ، پیپلز پارٹی کے لیے کشمیری نوجوانوں نے کار ساز میں اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر یہ ثابت کیا کہ کشمیری عوام اپنے خون کا نذرانہ دے سکتی ہے مگر اپنے قائدین پر آنچ نہیں آنے دے سکتی ۔

مظفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں