پونچھ غازیوں و شہیدوں کی دھرتی ، حقوق لینے کیساتھ فرائض ادائیگی کو بھی ساتھ لے کرچلنا ہے،وزیراعظم آزادکشمیر

بدھ 27 ستمبر 2023 23:37

راولاکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 ستمبر2023ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ پونچھ غازیوں اور شہیدوں کی دھرتی ہے مجھے یہاں آکر انتہائی خوشی ہوئی ہے،ہم نے حقوق لینے کیساتھ ساتھ فرائض کی ادائیگی کو بھی ساتھ لے کر چلنا ہے،ٹورازم مسائل کے حل کی واحد کنجی ہے،پونچھ ٹورازم کیلئے بہترین جگہ ہے،ٹورازم کو فروغ دے کر ہم علاقہ میں بہتری لا سکتے ہیں،عوامی خدمت میرا مشن ہے،35 سال سے عوام کی خدمت کا سلسلہ شروع کیا ہوا ہے،ہندوستان نے کشمیر میں درندگی کی بدترین مثال قائم کر رکھی ہے،ہم نے اپنی نظریاتی اساس کو زندہ رکھنا ہے۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے سدھن ایجوکیشنل کانفرنس کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں سابق وزیر اعظم و صدر سردار یعقوب خان،موسٹ سینئر وزیر،وزیر خزانہ کرنل (ر) وقار احمد نور،وزراء حکومت سردار محمد حسین،سرداضیاء القمر،سردار عامر الطاف،سردار میر اکبر خان بھی موجود تھے۔

تقریب س قائمقام صدر سدھن ایجوکیشنل کانفرنس سردار شازیب شبیر،چیئرپرسن انیقہ اور سردار جاوید ایوب خان نے بھی خطاب کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ عوام کے ٹیکسوں کے پیسے کا درست استعمال یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پونچھ میں واٹر سپلائی،سیوریج سسٹم،تعلیم،صحت،ٹورازم اور روڈ انفراسٹرکچر پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں تا کہ عوام کا احساس محرومی ختم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بیس کیمپ کی حکومت پر ذمہ دار یاں بھی زیادہ ہیں،مقبوضہ کشمیر میں بھارت انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے ،عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ بھارت کو روکے۔ وزیراعظم نے کہا کہ الحاق پاکستان ہماری منزل ہے اور اس منزل کے حصول تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر میں کچھ بھی نہ کر سکا تو گھر چلا جاؤں گا،ہم نے اسلاف کے مشن کی تکمیل کیلئے جدوجہد جاری رکھنی ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہاکہ اگر ہم بحیثیت معاشرہ اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں گے تو بہت سے معاملات بہتر کئے جا سکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مضبوط اور خوشحال پاکستان کشمیریوں کی منزل ہے،لائن آف کنٹرول کے اس طرف ہندوستان نے کوئی حماقت کی کو شش کی تو ہم اس کا جواب ہندوستان کی دھرتی پر دیں گے،پونچھ میں بجلی کے بلات اور سبسڈی کے معاملات99.9فیصد یکسو ہو چکے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق صدر و وزیراعظم سردار محمد یعقوب خان نے کہاکہ پونچھ غازیوں اور شہیدوں کی دھرتی پر وزیر اعظم آزادکشمیر کو خوش آمدید کہتا ہوں۔انہوں نے کہاکہ ہم نے مل کر اس نظام کو مزید بہتر بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ مخلوق خدا کی خدمت ایک جذبے کے ساتھ کرتا ہوں۔سردار محمد یعقوب خان نے کہا کہ ہمیں نہ کوئی خرید سکتا ہے اور نہ ہی کوئی جھکا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری منزل تحریک آزادی کشمیر ہے،وہ دن دور نہیں جب کشمیر آزاد ہو کر پاکستان کا حصہ بن کر رہے گا۔

راولا کوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں