عمران خان کا موجودہ ملکی حالات پر آرمی چیف کو خط لکھنے کا فیصلہ

جون اور جولائی میں اِن سے ملک سنبھالا نہیں جائے گا، عوامی مینڈیٹ کے مطابق حکومت بنانی پڑے گی اس کے بغیر ملک نہیں چل سکتا۔ قائد پی ٹی آئی کی جیل میں صحافیوں سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی پیر 13 مئی 2024 17:03

عمران خان کا موجودہ ملکی حالات پر آرمی چیف کو خط لکھنے کا فیصلہ
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 مئی 2024ء ) پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان نے موجودہ ملکی حالات پر آرمی چیف کو خط لکھنے کا فیصلہ کرلیا۔ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کی ٹیکس کلیکشن 13 اعشاریہ 3 ٹریلین ہے، 9 اعشاریہ 3 ٹریلین ہم نے قرضوں کے سود کی مد میں ادا کرنے ہوتے ہیں، اس طرح سے 24 کروڑ آبادی کا ملک کیسے چلے گا؟ ملک کی آمدنی میں اضافہ ہو نہیں رہا، سرمایہ کاری کیلئے کوئی تیار نہیں، بجٹ سے پہلے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوگا، بجٹ میں ٹیکسز میں بھی اضافہ کیا جائے گا جس کی وجہ سے تنخواہ دار طبقہ سڑکوں پر ہوگا، اس لیے جون اور جولائی میں اِن سے ملک سنبھالا نہیں جائے گا، عوامی مینڈیٹ کے مطابق حکومت بنانی پڑے گی، اس کے بغیر ملک نہیں چل سکتا، ملکی حالات پر آرمی چیف کو خط لکھوں گا۔

(جاری ہے)

سابق وزیراعطم کا کہنا ہے کہ زرداری اور نواز شریف کی طرح ملک سے باہر نہیں جاؤں گا، ان کے تو محلات بیرون ملک ہیں وہاں شاپنگ بھی کرنی ہوتی ہے، نواز شریف نے توشہ خانہ سے6 لاکھ روپے میں بلٹ پروف گاڑی خریدی اس کو بری کرنے کا سوچا جا رہا ہے، زرداری نے توشہ خانہ سے 3 گاڑیاں لیں وہ عدالت سے استثنیٰ مانگ رہا ہے، حسن نواز نے 18 ارب روپے کی پراپرٹی بیچی اس پر کوئی بات نہیں کر رہا، مجھ پر توشہ خانہ کا چوتھا کیس چلانے جا رہے ہیں، اسی طرح 190ملین پائونڈ معاہدہ کو خفیہ رکھنا ملک ریاض اور نیشنل کرائم ایجنسی کی ڈیمانڈ تھی، 190 ملین پائونڈ سے متعلق انکوائری نیب میں بند کی جاچکی تھی جو دو سال بعد دوبارہ کھولی گئی، نیب چیئرمین، وائس چیئرمین اور پراسیکوٹر جنرل نے استعفیٰ بھی دیا۔

قائد پی ٹی آئی نے کہا کہ برطانیہ میں پیسے منی لانڈرنگ نہیں بلکہ مشکوک ٹرانزیکشن کی وجہ سے پکڑے گئے تھے، سول عدالت میں کیس چلتا تو مزید 5 سال تک پیسے پاکستان نہ آسکتے، بیرون ملک عدالتوں میں مختلف کیسوں میں پاکستان کے پہلے ہی 100 ملین ڈالر ضائع ہو چکے، سُپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں جو 35 ارب روپے آئے اس پر 13 ارب کا منافع بھی بن چکا ہے، دیہات میں پرائیویٹ سیکٹر یونیورسٹی نہیں جاتی، بنجر زمین پر القادر ٹرسٹ یونیورسٹی بنائی جو بچوں کو مفت تعلیم دے رہی ہے۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ شیر افضل مروت کو کئی مرتبہ سمجھایا پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی نہ کرے لیکن وہ ہر دوسرے دن کسی نہ کسی پارٹی لیڈر پر چڑھائی کر دیتا تھا، شیر افضل کو سمجھایا کہ جنگ باہر والوں سے ہوتی ہے پارٹی میں لڑائی نہیں ہوتی، پارٹی کیلئے اُس نے زبردست کام کیا لیکن دائرے کے اندر رہ کر کام کرنا ہوتا ہے، سعودی وفد کے دورہ کے موقع پر شیر افضل مروت نے متنازعہ بیان دیا، محمد بن سلمان نے میرے کہنے پر 2 مرتبہ او آئی سی کانفرنس کروائی، شیر افضل مروت نے پارٹی کے لئے بہت کام کیا لیکن ان کو پارٹی پالیسی کی بار بار خلاف ورزی نہیں کرنی چاہیئے، شیر افضل مروت اب بھی پارٹی پالیسی کے مطابق چلے تو کوئی ایشو نہیں ہے، شیر افضل مروت کو نوٹس جاری کیا ہے جواب دیں گے تو ٹھیک ہے، کوئی پارٹی ڈسپلن میں رہے تو ٹھیک ہے اور خلاف ورزی کرے تو پورس کا ہاتھی بن جاتا ہے۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں