سیمی فائنل مرحلے سے قبل ایچ بی ایل پی ایس ایل کے اعداد و شمار

پیر 16 مارچ 2020 18:39

سیمی فائنل مرحلے سے قبل ایچ بی ایل پی ایس ایل کے اعداد و شمار
لاہور۔16مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 مارچ2020ء) بیس فروری سے شروع ہونے والی ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو میں سیمی فائنل مرحلے کا آغاز آج 17 مارچ سے ہوگا‘ ایونٹ کے آغاز سے اب تک کئی منفرد ریکارڈز لیگ کی زینت بن چکے ہیں‘چند منفرد اعداد و شمار جن میں کرس لِین نے اپنے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کی بہترین اننگز کھیل کر لاہور قلندرز کو پہلی مرتبہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے سیمی فائنل مرحلے میں رسائی دلوائی‘ ملتان سلطانز کے خلاف 55 گیندوں پر 113 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلنے والے کرس لِین کی یہ ایچ بی ایل پی ایس ایل میں پہلی اور مجموعی طور پر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں دوسری سنچری تھی۔

یہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کی تاریخ میں آٹھویں اور لاہور قلندرز کے کسی بھی کھلاڑی کی جانب سے پہلی سنچری تھی۔

(جاری ہے)

اس سے قبل لاہور قلندرز کی جانب سے ایک میچ میں سب سے زیادہ اسکور بین ڈنک نے بنایا تھا، انہوں نے رواں ایڈیشن میں کراچی کنگز کے خلاف 99 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی تھی۔ کرس لِین نے حالیہ اننگز کے دوران 22 گیندوں پر 50 رنز بنائے۔

اس سے قبل عمر اکمل بھی 22 گیندوں پر ہی ٹیم کی جانب سے تیز ترین نصف سنچری بناچکے ہیں۔ اسی طرح ملتان سلطانز، کراچی کنگز، لاہور قلندرز اور پشاور زلمی نے سیمی فائنل مرحلے میں رسائی حاصل کی‘ ملتان سلطانز، کراچی کنگز اور لاہور قلندرز کی ٹیمیں پہلی مرتبہ ایونٹ کے سیمی فائنل مرحلے میں پہنچی ہیں، جس کے باعث کم از کم ایک ٹیم ایسی ہوگی جو پہلی مرتبہ ایونٹ کے فائنل میں پہنچے گی‘گذشتہ 4 ایڈیشنز میں صرف 3 ٹیمیں ہی مختلف مواقع پر ایچ بی ایل پی ایس ایل کے فائنل میں جگہ بناسکیں۔

کراچی کنگز کے شرجیل خان ایچ بی ایل پی ایس ایل کی تاریخ کے وہ واحد بلے باز بن گئے ہیں، جنہیں اننگز کی پہلی گیند پر چھکا لگانے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔ بائیں ہاتھ کے بلے باز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف اننگز کے پہلے اوور میں فاسٹ باؤلر موسیٰ خان کو پہلی گیند پر چھکا جڑا۔ اوپنر نے اس اوور میں 20 رنز بنائیجو لیگ کی تاریخ کا ایک اور ریکارڈ ہے۔

شرجیل خان نے بابراعظم کے ہمراہ 151 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کرکے کراچی کنگز کو لاہور قلندرز کے خلاف میچ میں 10 وکٹوں سے کامیابی دلائی۔ لیگ کی تاریخ میں یہ دوسرا موقع تھا جب کسی بھی ٹیم کو حریف کے خلاف 10وکٹوں سے فتح ملی ہو۔ اس سے قبل پشاور زلمی نے ایڈیشن 2018 میں لاہور قلندرز کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔پشاور زلمی کے حیدر علی ایچ بی ایل پی ایس ایل میں نصف سنچری اسکور کرنے والے سب سے کم عمر کرکٹر بن گئے ہیں۔

انہوں نے یہ کارنامہ لاہور قلندرز کے خلاف قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ کے دوران انجام دیا‘ اس روز حیدرعلی کی عمر 19 سال اور 160دن تھی۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ حسین طلعت کے پاس تھا، انہوں نے 20 سال اور 74دن کی عمر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیخلاف نصف سنچری بنائی تھی۔لاہور قلندرز کی ٹیم ایچ بی ایل پی ایس ایل کے پاور پلے میں سب سے بہترین باؤلنگ کرنے والی ٹیم بن گئی ہے۔ سمت پٹیل کی 5 رنز کے عوض 4 وکٹوں پر مشتمل باؤلنگ کی بدولت لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پاور پلے کے ابتدائی 6 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 21 رنز پر محدود کیا۔
وقت اشاعت : 16/03/2020 - 18:39:39

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :