قومی ٹیسٹ ٹیم نے دورہ سری لنکا کیلئے مشقیں شروع کردیں

Qoumi Test Team Ne Dora Sri Lanka K Liye Mashqain Shoro Kar Di

احمد شہزاد چیف کوچ کادل جیتنے میں کامیاب ، ٹیسٹ ٹیم میں شامل

Ejaz Wasim Bakhri اعجاز وسیم باکھری ہفتہ 6 جون 2015

Qoumi Test Team Ne Dora Sri Lanka K Liye Mashqain Shoro Kar Di
زمبابوے سیریز کے کامیاب انعقاد کے بعد اب قومی کرکٹ ٹیم سری لنکاکیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے تیاریوں میں مصروف ہوگئی ہے۔ مصباح الحق کی قیادت میں قومی ٹیم کے کھلاڑی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں تیاریوں میں مگن ہوگئے ہیں، دورہ سری لنکا کیلئے پی سی بی نے15 رکنی ٹیسٹ ٹیم کا اعلان بھی کردیا ہے۔ ٹیسٹ سیریز میں مصباح الحق کو کپتان جب کہ اظہر علی کو نائب کپتان برقرار رکھا گیا ہے، دیگر کھلاڑیوں میں یونس خان، محمد حفیظ، شان مسعود، وہاب ریاض، احسان عادل، جنید خان، یاسر شاہ، ذوالفقار بابر، اسد شفیق، حارث سہیل، احمد شہزاد، عمران خان اور سرفراز احمد شامل ہیں۔

سلیکٹرز نے بنگلہ دیش کے خلاف متاثر کن پرفارمنس نہ دکھانے کے باعث جادوگر سپنر سعید اجمل کو ڈراپ جبکہ اوپنر احمد شہزاد کو ایک بار پھر موقع دیا ہے۔

(جاری ہے)

احمد شہزاد کی ٹیسٹ ٹیم میں واپسی احمد شہزاد کیلئے ایک اچھا موقع ہے، عمراکمل کو ٹیسٹ ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا اور نہ وہ زمبابوے کیخلاف ہوم ون ڈے سیریز میں شامل تھے۔ عمراکمل کو وقاریونس آج کل خوب نشانے پر رکھے ہوئے ہیں تاہم احمد شہزاد چیف کوچ کادل جیتنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

فاسٹ باؤلر احسان عادل ٹیم میں واپس لوٹ آئے ہیں اور احسان عادل کو سلیکشن کمیٹی نے موقع تو دیدیا ہے لیکن اب احسان عادل پر منحصر ہے کہ وہ اس موقع پر کتنا فائدہ اٹھاتے ہیں۔ فاسٹ باؤلر عمران خان کو بھی سیریز میں چانس دیا گیا جبکہ راحت علی بدستور زخمی ہیں اور وہ محنت کررہے ہیں کہ دوبارہ فٹ ہوکر ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوجائیں، محمد عرفان بھی فٹ ہوگئے ہیں لیکن انہیں ٹیسٹ کی بجائے ون ڈے اور ٹی ٹونٹی میچز میں موقع دیا جائیگا۔

باوٴلنگ ایکشن کی اصلاح کے بعد سعید اجمل کی باوٴلنگ میں وہ پہلے جیسی کاٹ باقی نہیں رہی، اْنہیں سری لنکا جانے والی ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ہے،میڈیم پیسر احسان عادل بھی ہیمسٹرنگ انجری سے چھٹکارا پانے کے بعد سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ سلیکٹرز نے سری لنکا اے کے خلاف عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے باوجود مڈل آرڈر بیٹسمین فواد عالم اور عمر امین کو سکواڈ کا حصہ نہیں بنایا۔ سعید اجمل، جو بنگلہ دیش کے دورے میں صرف دو وکٹیں حاصل کر سکے تھے، اپنے کیریئر میں پہلی بار دستیاب ہونے کے باوجود ٹیسٹ سکواڈ سے باہر ہوئے ہیں۔20بیس سالہ بابر اعظم کوبھی نظر انداز کر دیا گیا ۔

مزید مضامین :