مسئلہ کشمیر آتش فشاں بن چکا ہے

مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر جاری بھارتی افواج کی بربریت، انسانیت سوز مظالم کے سلسلہ جاری ہے۔ اس کے باوجود کشمیریوں کی آزادی کے لئے تحریک کے تسلسل نے بھارت سمیت دنیا پر واضح کر دیا ہے کہ وہ حق خودارادیت سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے

ہفتہ 8 اپریل 2017

Masla Kashmir Atish Fishan Ban Chuka Hai
سلیم پروانہ:
مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر جاری بھارتی افواج کی بربریت، انسانیت سوز مظالم کے سلسلہ جاری ہے۔ اس کے باوجود کشمیریوں کی آزادی کے لئے تحریک کے تسلسل نے بھارت سمیت دنیا پر واضح کر دیا ہے کہ وہ حق خودارادیت سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے۔بھارتی وزیراعظم کی مقبوضہ کشمیر آمد کے مرحلہ پر کشمیریوں کو جس طرح تشدد ا نشانہ بنایا گیا اس پر آزاد کشمیر سمیت دنیا میں مقیم کشمیریوں نے ا حتجاجی مظاہرے کرکے ایک بار پھر دنیا کی توجہ حاصل کی ہے۔

مسئلہ کشمیر آتش فشاں کی صورتحال اختیار کرتا جا رہا ہے اب عالمی سطح پر بھی کچھ سوچ کے انداز میں تبدیلی محسوس ہوتی ہے پہلے امریکہ مسئلہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتا تھا اور پاکستان، بھارت کو مشورہ دیا جاتا تھا کہ وہ مذاکرات کا راستہ اختیار کریں۔

(جاری ہے)

اب امریکی حکومت کی جانب سے تازہ موقف سامنے آیا ہے کہ ٹرمپ ایڈمنسٹریشن پاکستان اور بھارت کی کشیدہ صورتحال و تعلقات پر نہ صرف نظر رکھے ہوئے ہے امریکہ کسی حملہ کا انتظار نہیں کرے گا۔

اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نے ایک بیان میں کہا ہے امریکی صدر پاک بھارت کشیدگی ختم کرانے میں مدد کرنے کیلئے تیار ہیں اس مقصد کے لئے سلامتی کونسل کے رکن ممالک سے بھی تعاون حاصل کیا جائے گا۔ حکومت پاکستان کی جانب سے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے اس بیان کا خیرمقدم کیا ہے۔ ہمارے نزدیک امریکہ کی پس پردہ اور پالیسی بھی ہو سکتی ہیں تاہم خطہ کے امن اور تنازعہ کشمیر اسکی حقیقی روح کے مطابق حل کرنے کی کوشش مضبوط بنیاد ثابت ہو سکتی ہے۔

بھارتی فوج نے کھوئی رٹہ اور عباس پور سیکٹرز میں سول آبادی پر فائرنگ و گولہ باری کی ہے جس سے دو شہید اور متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ پاکستان کی فوج نے بھرپر جوابی کارروائی کرکے بھارتی مورچے خاموش کرا دئیے ہیں۔ بھارت کا یہ اقدام بھی درندگی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ دوسری جانب آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آزاد کشمیر کے اگلے مورچوں کا دورہ کیا ہے۔

انہوں نے فوجی جوانوں سے ملاقات کرکے ان کی پیشہ ورآنہ اہلیت پر انہیں شاباش دی ہے وہاں یہ پیغام بھی دیا ہے کہ افواج پاکستان آزاد کشمیر پاکستان کے ایک ایک انچ کا دفاع کرتی رہے گی۔ جارحیت کی صورت دشمن کو جس سابق منہ کی کھانی پڑے گی۔ دہشت گردوں کا خاتمہ کرکے دم لیں گے۔ ملک و ملت کے لئے اپنی خدمات جاری رکھے ہوئے ہیں۔ پاکستان اور اس کے دفاعی ادارے ناقابل تسخیر ہیں۔

یقیناً آرمی چیف کے اگلے مورچوں کے دورے سے سب کا مورال بلند ہوتا ہے۔ آرمی چیف کو میجر جنرل مظہر عباس جی او سی مری نے بریفنگ دی۔
آزاد کشمیر میں گلگت بلتستان و صوبہ بنانے کی کمیٹی کے حوالہ سے تجویز پر کشمیری قیادت نے قرار دیا ہے کہ گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے سے مسئلہ کشمیر اور تحریک کو نقصان پہنچے گا۔ یہ علاقہ ریاست جموں کشمیر کے تنازعہ میں آتا ہے۔

وہاں کے عوام کو زیادہ سے زیادہ آئینی‘ مالی اور انتظامی اختیارات دئیے جائیں اس کے ساتھ متنازعہ حیثیت کو متاثر ہونے دیا جائے۔ مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے صورتحال کو مدنظر رکھ کر نئی صف بندی کی جائے۔ پاکستان مسلم لیگ نواز آزاد کشمیر کے صدر اور وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کا موقف ہے کہ نواز شریف ملک و قوم کی نمائندگی کرتے ہیں وہ کوئی بھی فیصلہ کرتے وقت مسئلہ کشمیر کے مفاد کو مدنظر رگھیں گے۔

دوسری جانب گلگت بلتستان کے عوام و قیادت کی یہ شکایت بجا ہے کہ آزاد کشمیر کی حکومت اور سیاسی قیادت کے ان سے رابطے کمزور رہے ہیں۔ درحقیقت یہی شکایت آزاد کشمیر کی سیاسی قیادت کو بھی ہو سکتی ہے‘ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اسکا ذمہ دار کون ہے؟ آزاد کشمیر میں طویل عرصہ تک حکومت کرنے والی پارٹی اور سیاست میں فعال کردار ادا کرنے والوں کو تاریخ کے اوراق سے رہنمائی لینا ہو گی۔ متعدد کتب کے مصنف میجر (ر) مشتاق احمد خان کی سینئر صحافیوں سے نشست میں یہ تجویز بڑی اہمیت رکھتی ہے کہ حکومت آزاد کشمیر آل پارٹی کانفرنس کا انعقاد کرے جس میں سیاسی، دینی جماعتوں، ماہرین آئین، وکلاء، صحافیوں و سول سوسائٹی کے نمائندوں کو مدعو کرکے تمام امور پر رائے لی جائے۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا مضمون نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

متعلقہ مضامین :

Masla Kashmir Atish Fishan Ban Chuka Hai is a Special Articles article, and listed in the articles section of the site. It was published on 08 April 2017 and is famous in Special Articles category. Stay up to date with latest issues and happenings around the world with UrduPoint articles.