یادگارِ شہداء

لاہور اور اطراف میں پھیلی محافظینِ وطن کی یادگاریں

Dr Syed Muhammad Azeem Shah Bukhari ڈاکٹر سید محمد عظیم شاہ بُخاری پیر 6 ستمبر 2021

Yadgar Shohda
لاہور شہر میں مشرق کی جانب نکل جائیں تو جلو، مناواں اور  برکی کے آس پاس آپ کو بہت سی یادگاریں ملیں گی جو 1965 اور 1971 کی پاک بھارت جنگ میں شہید ہونے والے ان جوانوں کی یاد میں بنائی گئی ہیں جن کی قربانیوں کی بدولت ہم آج آزاد وطن میں سانس لے رہے ہیں۔
اگر آپ ان جنگوں اور معرکوں کو یاد کرنا چاہتے ہیں تو ایک بار یہاں کا وزٹ ضرور کریں۔


لاہور سے نکلتے ہی پہلی یادگار مناواں کے مقام پر ہے جو مناواں اسپتال کے بالکل عقب میں بنی ہے۔ یہ ”یادگار شہدا واہگہ سیکٹر“ کہلاتی ہے جو اصل میں تین مختلف یادگاروں کا ایک مجموعہ ہے۔
اس کی دیواروں پر جنگ و امن کے مختلف مناظر کی تصویر کشی انتہائی خوبصورتی سے کی گئی ہے۔
پہلی یادگار ایک کالے ماربل کے فرش پر ایک تکونی پتھر ہے جس پر یادگارِ شہدا لکھا ہوا ہے۔

(جاری ہے)


اس سے کچھ آگے ایک اور یادگار ہے جہاں تین پتھر کے ستونوں پر 65 اور 71 کی جنگوں کے شہداء کے نام لکھے گئے ہیں جبکہ درمیانے پتھر پر  "Teacious Ten" نامی ڈویژن کی تاریخ و قربانیوں کا ذکر کیا گیا ہے۔
اسی ڈویژن نے پینسٹھ کی جنگ میں دریاٸے راوی سے ہڈیارہ تک کے علاقے کا کامیابی سے دفاع کیا تھا۔ میجر راجہ عزیز بھٹی اس کا حصہ تھے۔
ان ستونوں کے اوپر نشان حیدر کا علامتی نشان بنایا گیا ہے۔


سامنے ایک اور پتھر پر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کام آنے والے جوانوں کے نام لکھے ہیں۔
بالکل سائیڈ پر جو یادگار ہے وہی اصل اور پرانی یادگار ہے۔ سنگ مرمر کے چبوترے پر بنی یہ ایک گولی ہے جو پاکستانی جھنڈے کی مناسبت سے ایک چاند اور پانچ کونوں والے ستارے پر بنائی گئی ہے جس کی بنیاد پر لگے پتھر پر یہ عبارت تحریر ہے :   تعمیر کنندگان فرسٹ بلوچ رجمنٹ کے آفیسرز اور تمام جوانوں کی طرف سے اپنے ان شہید رفقا کی یاد میں جنہوں نے مادر وطن کی حفاظت اور بقاء کے لیئے اپنی جانیں قربان کیں۔


مرے خاک و خوں سے تو نے یہ جہاں کیا ہے پیدا
صلہ شہید کیا ہے تب و تابِ جاودانہ  
اس کے پانچوں کونوں پر فاضلکا اور واہگہ سیکٹر کے زخمیوں اور شہداء کے نام بمعہ عہدہ، گاؤں اور ضلع لکھے گئے ہیں۔
یہاں ساتھ ہی ایک پرانی کنٹین بھی موجود ہےجس کا اب کوٸی پرسان حال نہیں۔
اس جگہ مختلف بورڈ لگے ہیں جن پر ستمبر 1965 کی جنگ میں بلوچ رجمنٹ کا کردار، بلوچ رجمنٹ سیاچن کے محاذ پر اور  اقوام متحدہ مشن برائے لائیبیریا میں بلوچ رجمنٹ کی خدمات جیسے موضوعات پر تفصیلات لکھیگٸی ہیں۔


یہ یادگار ایک عوامی مقام ہے۔ کوٸی بھی اسے بغیر ٹکٹ کے دیکھ سکتا ہے۔

دوسری یادگار جلو موڑ کے پاس جی ٹی روڈ پر بی آر بی کینال کے پاس واقع ہے۔ یہ تیسری بٹالین، بلوچ رجمنٹ کی یادگار ہے جو معرکہ باٹاپور کی یاد میں بنائی گئی ہے۔
یہ ایک بڑے اور دو چھوٹے ستونوں پر مشتمل ہے جس کے بیچ والے پتھر پر مندرجہ ذیل الفاظ لکھے ہیں ؛
"''اُن شہدا کی یاد میں جو جو پاک بھارت جنگ ستمبر 1965 میں کام آئے
اس راہ سے گزرنے والے ہم وطنو ، اسلام کے ان سپاہیوں کو کراج عقیدت پیش کرتے جاؤ جو اپنا سب کچھ قربان کر کے ہماری بقا کا سامان کر گئے۔

"
اطراف کے دونوں ستونوں پر بلوچ رجمنٹ کا نشان، اس علاقے کا نقشہ اور معرکہ باٹاپور کی تفصیل اردو اور انگریزی میں درج ہے جس مین پاک فوج نے دشمن کی پیش قدمی روکنے کے لیئے بی آر بی پر بنا پل اڑا دیا تھا۔
اسی کے پیچھے نہر کے ایک پرانے پل کا کچھ حصہ بھی موجود ہے۔
نشانِ مرد مومن با تو گویم
چوں مرگ آید تبسم بر لب اوست
(میں تمہیں مرد مومن کا نشان بتلاتا ہوں کہ جب موت آٸے تو اس کے ہونٹوں پر تبسم ہوتا ہے)
65 کی جنگ میں واہگہ سیکٹر جی ٹی روڈ اور بمبانوالی راوی بیدیاں نہر کی وجہ سے ایک خاص اہمیت رکھتا تھا۔

اس کی حفاظت بلوچ رجمنٹ کے سپرد تھی۔
6 ستمبر کی صبح نو بجے تک دشمن کا ایک دستہ ٹینکوں سمیت پیش قدمی کرتا ہوا اس پل سے چھ سو گز کے فاصلے پر پہنچ چکا تھا۔ دفاعی لحاظ سے بی آر بی پر بنے اس پل کو تباہ کرنا بہت ضروری تھا تاکہ دشمن کی پیش قدمی روکی جا سکے، پاکستانی انجینیئروں نے اس پل کو اڑانے کی بہت کوشش کی لیکن دشمن کی لگاتار فائرنگ کی وجہ سے کچھ حصہ ہی ناکارہ کر سکے۔


بروقت پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں کی آمد سے دشمن کی پیش قدمی روک دی گئی۔ اگرچہ پل پر قبضے کی دشمن کی تمام کوششیں ناکام ثابت ہوئیں لیکن اس نے پل کو اپنی کڑی نگرانی میں رکھا۔
افواج پاکستان کی کڑی محنت و عزم سے 6 ستمبر رات ایک بجے یہ پل تباہ کر دیا گیا۔ اگرچہ اس کے بعد بھی دشمن نے آس پاس شدید حملے جاری رکھے لیکن باٹاپور کا 6 اور 7 ستمبر کا معرکہ ہمیشہ یاد رکھا جائے گا کہ اگر ہم اس پہلی اہم دفاعی جنگ میں ناکام ہو جاتے تو دشمن کی پیش قدمی کو روکنا ناممکن ہو جاتا۔


معرکہ باٹاپور میں جن شہداء نے اپنی جانوں کی قربانیاں پیش کیں، جو غازی اپنی بھرپور قوت و ہمت سے لڑے اور یہاں کی عوام نے جس جرات و بہادری سے اپنی افواج کا ساتھ دیا اور ان کے شانہ بشانہ لڑے،  ہم ان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔
اس یادگار سے ذرا آگے شمال میں بی آر بی نہر کے بھسین پُل پر جنگ اکتہر کی چھوٹی سی یادگار ہے جہاں ایک چبوترے پر نصب پتھر پہ مندرجہ ذیل الفاظ لکھے گئے ہیں ؛
DEFENDERS OF LAHORE 1971
4-16 DECEMBER – Punjab regiment attacked and captured Pul Kanjri post and village.
17 Dec. – Indians relaunched attack on Pul kanjri post & village.
18 Dec. – Company ex Punjab regiment  launched an attack to recapture Pul Kanjri post and village.
SHUHADA    -     32
Nishan-i-Haider   -   1
Sitara-i-Jurrat    -    1
Tamgha-i-Jurat   -   3
 لانس نائیک محمد محفوظ شہید بھی اسی مقام پر شہید ہوئے۔


محفوظ شہید نے بڑی شجاعت اور دلیری سے مقابلہ کیا اور دشمن کی گولہ باری سے شدیدزخمی ہونے کے باوجود غیر مسلح حالت میں دشمن کے بنکرمیں گھس کرہندوستانی فوجی کودبوچ لیا۔ آپ نے سترہ دسمبرکو ایسی حالت میں جام شہادت نوش کیاکہ مرنے کے بعد بھی دشمن کی گردن انکے ہاتھوں کے آہنی شکنجے میں تھی ۔ اسی بہادری کے اعتراف میں انہیں نشانِ حیدر عطا کیا گیا۔


اس علاقے کی آخری یادگاربرکی میں ہے جو لاہور کا مضافاتی قصبہ ہے۔ برکی 1965 کی جنگ میں ایک اہم علاقہ بن کر ابھر۔
 چھ ستمبر 1965ء کو جب بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا تو میجر عزیز بھٹی لاہور سیکٹر میں برکی میں ایک کمپنی کی کمان کر رہے تھے۔ میجر عزیز بھٹی نے نہر کے اگلے کنارے پر متعین پلاٹون کے ساتھ آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا۔

 حالانکہ دشمن اس طرف زوردار حملے کر رہا تھا لیکن میجر عزیز بھٹی اور ان کے جوانوں نے آہنی عزم کے ساتھ لڑائی جاری رکھی اور اپنی پوزیشن پر ڈٹے رہے۔

9اور 10 ستمبر کی درمیانی رات کو دشمن نے اس سیکٹر میں ایک پوری بٹالین جھونک دی۔ میجر عزیز بھٹی کو اس صورت حال میں نہر کے اپنی طرف کے کنارے پر لوٹ آنے کا حکم دیا گیا مگر جب وہ نہر کے کنارے پہنچے تو دشمن اس مقام پر قبضہ کرچکا تھا ۔ انہوں نے ایک انتہائی سنگین حملے کی قیادت کرتے ہوئے دشمن کو اس علاقے سے نکال باہر کیا اور پھر اس وقت تک دشمن کی زد میں کھڑے رہے جب تک ان کے تمام جوان اور گاڑیاں نہر کے پار نہ پہنچ گئیں۔


دشمن کے ایک اور زبردست حملے کے دوران ٹینک کا گولہ ان پر آن لگا جس سے وہ موقع پر ہی شہید ہو گئے۔ آپ کی شجاعت کے لیئے آپ کو پاکستان کا سب سے بڑا اعزاز، نزانِ حیدر دیا گیا۔
برکی کے پاس آپ کے مقامِ شہادت پر ایک یادگار بنائی گئی ہے جہاں اللہ پاک کے صفاتی نام، محافظِ لاہور میجر عزیز بھٹی شہید کی تصویر اور ساتھ پاک و ہند کے اس معرکے میں شہید ہونے والے حیدری بٹالین کے دیگر افسروں کے نام لکھے گئے ہیں۔


ایک کونے میں معرکے کی تفصیل درج ہے جبکہ اوپر پاکستان کا سبز ہلالی پرچم لہرا رہا ہے جو اس بات کی گواہی دیتا ہے کہ اس پرچم کی معراج آج بھی شہدا کے خون سے قائم ہے۔
 اہلِ لاہور ستمبر اور اگست کے دنوں میں اِن شہداء اور اُن کی لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے جاتے ہیں۔
آؤ محبت سے سلام کر لیں انہیں، جن کے حصے میں یہ مقام آتا ہے  
بہت خوش نصیب ہوتے ہیں وہ جن کا لہو وطن کے کام آتا ہے   

ادارہ اردوپوائنٹ کا مضمون نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

متعلقہ مضامین :

Yadgar Shohda is a Special Articles article, and listed in the articles section of the site. It was published on 06 September 2021 and is famous in Special Articles category. Stay up to date with latest issues and happenings around the world with UrduPoint articles.