تبدیلی میں توڑ پھوڑ تو ہوتی ہے

پیر جولائی

Arshad Sulahri

ارشد سلہری

حکومت اگر ٹھیک کام نہیں کر رہی ہے تو پھر شور کس بات کا ہے۔ حالات واقعات تو یہی بتاتے ہیں کہ شور کے پچھے کئی وجوہات ہیں۔ یہ شور سیاستدانوں کا ہے یا تاجروں کا ہے یا پھر دیگر طبقات جنہوں نے آسمان سر پر اٹھا رکھا ہے کہ یہ ہوگیا ہے۔ وہ کردیا ہے۔ فلا ں فلاں ہونے جارہا ہے۔ یہ کس کے مفادات خطرے میں ہیں۔ یہ پھڑپھڑاہٹ کیونکر ہے۔ کیا یہ واویلا عوام کو سہولیات کی عدم فراہمی پر کیا جارہا ہے۔

بالکل نہیں۔ 
یہ تبدیلی کے خوف میں اپنی بقا کیلئے چیخ وپکار ہے۔ تبدیلی جب آتی ہے۔ ایتھل پتھل تو ہوتی ہے اور ایتھل پتھل میں ٹوٹ پھوٹ بھی لازمی ہوتی ہے۔ جب توڑ پھوڑ ہوتی ہے تو کہیں شورو غوغا ہوتا ہے۔ کہیں چیخ وپکار ہوتی ہے اور کہیں آہ بکا کی آوازیں بھی آتیں۔ اب یہ تو ممکن نہیں ہے کہ آپ چاہیں کہ تبدیلی بھی آئے اور توڑ پھوڑ بھی نہ ہو۔

(جاری ہے)

جب آوے کا آوا ہی بگڑا ہو تو پھرسرجری کرنا پڑتی ہے۔
 دل پر ہاتھ رکھ کر بتائیں سب کہتے رہیں ہیں نا کہ ادارے تباہ ہوچکے ہیں۔ سیاست میں مافیاگھس آئے ہیں۔ سیاسی پارٹیاں ملٹی نیشنل کمپنیاں بن چکی ہیں۔ موروثی سیاست پروان چڑھ رہی ہے۔ لوٹ مار جاری ہے۔ ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جارہا ہے۔ ایک ایم پی اے یا ایم این اے الیکشن پر کروڑ لگاتا ہے تو حکومت میں آنے کے بعد کئی کروڑ کما لیتا ہے۔

کرپشن کا طوفان بدتمیزی ہے۔ سیاستدان محض کمیشن ایجنٹ ہیں۔ کوئی پوچھنے والا نہیں ہے۔ کرپشن اور بدعنوانی سرایت کرچکی ہے اور بہت کچھ مسلسل کہا جاتا رہا ہے۔ جوسب ضبط تحریر میں لانا شاید ممکن نہیں ہے۔
 آج اگر پوچھا جارہا ہے۔ مافیا،کمیشن خوروں،کرپٹ اور بدعنوانوں کے خلاف کارروائی کے لئے حکومت نے جرات کی ہے تو ملک کی ہر چیز خطرے میں نظر آنے لگی ہے۔

یہ درست ہے کہ حکومت اپنے پہلے دس ماہ میں کوئی انقلاب برپا نہیں کرسکی ہے۔ جس سے براہ راست عوام مستفید ہوتے اور عوام کو کچھ ریلیف حاصل ہوتا۔
 عمران خان اور اس کی ٹیم انقلابی ہے بھی نہیں ہے۔ عمران خان حکومت بھی وہی کر رہی ہے جو مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی حکومتیں کرتیں رہی تھیں۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی طرز پر احساس پروگرام دے دیا گیا ہے۔

آسان شرح سود پر قرضے بھی دیئے جائیں گے۔ نیا پاکستان ہاوسنگ اسکیم کا سنگ بنیاد بھی رکھ دیا گیا ہے اور کئی منصوبے شروع کردیئے گئے ہیں۔ کئی منصوبے آگے شروع ہونے والے ہیں۔ عمران خان حکومت نے تو نوجوانوں سے لیپ ٹاپ بھی واپس نہیں لئے ہیں اور نہ میٹرو بس بند کی ہے۔ سستے تندور وں کا اربوں روپیہ بھی یوں کا توں ہے۔ شہباز شریف،نواز شریف اور آصف زرداری کے کسی ایسے انقلابی پروگرام کو بند نہیں کیا ہے۔

جس سے عوام کو حاصل براہ راست سہولیات چھن گئی ہوں۔
 نا اہلی،ناتجربہ کاری اور عدم وژن کے طعنے دینے کے بجائے بتایا جائے کہ حکومت کیا اقدام کرے جس سے ملک وقوم کی بہتری ہوسکتی ہے۔ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن نے بار ی باری کئی حکومتیں کیں ہیں۔ بجلی،گیس،پانی سمیت روزگار اورمہنگائی کے مسائل حل کئے ہیں۔ پاکستان کی معاشی صورتحال ترقی یافتہ ممالک کے مقابل تھی۔

آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک سمیت کسی بین الاقوامی مالیاتی ادارے کا ملک مقروض نہیں تھا۔ عمران حکومت نے ملک کو آئی ایم ایف کے قرضے کی لعنت سے پہلی بارروشناس کرایا ہے۔ دونوں پارٹیوں کے معیشت دان، سیانے، اہلیت، صلاحیت اور تجربہ کاری سمیت حکومت کا حصہ ہیں بلکہ عمران خان کی مشاورتی ٹیم ہی انہی پر مشتمل ہے یقینی طور عمران خان مشاورت کے بعد ہی کوئی فیصلہ کرتے ہوں گے۔

لیکن پھر بھی سیانے عوام کے مفاد کی خاطر ضرور بتا ئیں کہ کرپٹ اور بدعنوان مافیا کے ساتھ کیا شریفانہ سلوک کیا جائے کہ سانپ بھی مر جائے اور ڈانگ بھی بچ جائے۔ معیشت کو دستاویزی بنانے کیلئے کون سا فارمولا اپنایا جائے کہ تاجر برادری کا کاروبار آسانی سے ٹیکس نیٹ کا حصہ بن جائے۔ سیانے یہ فارمولا کیوں نہیں بتاتے کہ جس سے ہینگ لگے نہ پھٹکری رنگ چوکھا چوکھا آئے۔ 
© جملہ حقوق بحق ادارہ اُردو پوائنٹ محفوظ ہیں۔ © www.UrduPoint.com

تازہ ترین کالمز :

Your Thoughts and Comments

Urdu Column Tabdeeli Mein Tore Phore To Hoti Hai Column By Arshad Sulahri, the column was published on 15 July 2019. Arshad Sulahri has written 28 columns on Urdu Point. Read all columns written by Arshad Sulahri on the site, related to politics, social issues and international affairs with in depth analysis and research.