جاہل لاہوریے!

پیر 22 جون 2020

Kausar Abbas

کوثر عباس

 اس سے پہلے ہمیں یہی پڑھایا بھی گیا اور ہفتوں پر محیط دھرنوں میں بتایا بھی گیا کہ اگر دریا کے کنارے کوئی کتا پیاسا مر جائے تو ذمہ دار حاکم وقت ہوتا ہے لیکن اب جا کر معلوم ہوا کہ جب تک تحریک انصاف کی حکومت قائم ہے ذمہ دار حاکم وقت نہیں بلکہ وہ جاہل کتا ہے جسے سامنے بہتا دریا بھی نظر نہ آیااور ایسے جاہل کتے کا مر جانا ہی بہتر ہے جس کے سامنے ٹھاٹھیں مارتا دریا موجود ہو لیکن وہ دو چار قدم کی تکلیف بھی گوارا نہ کر سکے ۔

پرانے پاکستان میں ہمیں یہ بھی سنایا جاتا تھا کہ کسی ملک میں اگر کشتی ڈوب جائے تو اس ملک کا حاکم ذمہ داری قبول کرتے ہوئے استعفاء دے دیتا ہے لیکن نئے پاکستان میں پتا چلا کہ حاکم وقت کی بجائے ذمہ دار وہ ملاح ہے جو کشتی چلا رہا تھا ۔

(جاری ہے)

کرپٹ لوگوں کے دور حکومت میں جس مقتول کا قاتل نامعلوم ہوتا تھا اس کا قاتل وزیراعظم ہوتا تھا لیکن نئے پاکستان میں قاتل کے نامعلوم ہونے کی تمام تر ذاری پولیس پر عائد ہوتی ہے ۔

پرانے پاکستان میں وزیراعظم کا پروٹوکول لینا حرام تھا لیکن اب اسی فعل حرام پر سیکیورٹی کا لیبل لگا کر اسے حلال کر دیا گیا ہے ۔پرانے پاکستان میں لاہورمیں ہوئی ہر بات کی ذمہ داری وزیراعلیٰ اور حکومت کی ہوتی تھی لیکن نئے پاکستان میں کرونا جیسی وبا بھی کنٹرول کرنا حکومت کی نہیں بلکہ عوام کی ذمہ داری ہے اور اگر اس میں ناکامی ہوئی تو ”لاہوریے جاہل ہیں “۔

جب سے ڈاکٹر یاسمین راشد نے لاہوریوں کو جاہل کہا ہے تب سے میں لاہور میں موجود جہالت کی نشانیاں تلاش کر رہا ہوں ۔ یہ نشانیاں بہت زیادہ ہیں لیکن چند موٹی موٹی نشانیاں آپ کی خدمت میں عرض کر رہا ہوں تا کہ آپ بھی اپنا قبلہ درست کر لیں اور آج سے اپنے آنے والی نسلوں کو پڑھانا شروع کر دیں کہ لاہوریے جاہل ہیں ۔
لاہوریوں کے شہر کو پنجاب کا دارالحکومت بنا دیا گیاجس کا مطلب ہے کہ یہیں سے پورے صوبے کو کنٹرول کیا جائے گا ،لاہور کو پاکستان کا ثقافتی، تعلیمی اور تاریخی مرکزبھی کہا جاتا ہے،اسے پاکستان کا دل بھی کہا جاتا ہے ، اسے باغوں کا شہر بھی کہا جاتا ہے ، یہ پاکستان کا دوسرا بڑا شہر ہے جس کا مطلب یہ ہے یہاں تمدنی شعوراس وقت بیدار ہو چکا تھا جب یہ اصطلاح بھی شاید استعمال نہیں ہوتی تھی ، اس کا شمار دنیا کے قدیم اور اہم ترین شہروں میں کیا جاتا ہے ،وہ کون سا حاکم ہے جس نے یہاں ڈیرے نہ لگائے ہوں ؟دنیا میں یہ واحد شہر ہے جس کے باسیوں کو اپنوں تو کجا غیروں نے بھی ”زندہ دلان لاہور“ کے اسم سے موسوم کیا۔

یہ سب جہالت کی نشانیاں نہیں تو اور کیا ہے ؟ ۔ مغل شہنشاہ جہانگیر کی ملکہ نورجہاں نے لاہور کے بارے میں کہا تھا؛
”لاہور رابجان برابر خریدہ ایم
جاں دارایم و جنت دیگر خریدہ ایم“
لاہور کو جنت کہنا جہالت کی نشانی تو اور کیا ہے ؟ گیارہویں صدی میں سلطان محمود غزنوی جیسے حاکم نے پنجاب فتح کرکے اپنے سب سے چہیتے اور وفادار غلام ایاز کو لاہور کا گورنر مقرر کیا، یہ لاہوریوں کی جہالت نہیں تو اور کیا ہے کہ سلطان محمود غزنوی سے اس کا سب سے لاڈلا ہیرا لے اڑے ۔

ارے یاد آیا کہ لاہوریوں کے جاہل ہونے کی سب سے بڑی نشانی تو 23 مارچ 1940میں سامنے آئی جب یہاں قرار داد پاکستان منظور ہوئی ۔بھلا کیا ضرورت تھی قائداعظم اور شیر بنگال کو کہ اتنی دور سے جلسہ کرنے یہاں آتے اور جاہل لوگوں کو سامنے اکٹھا کر کے ان سے قرار داد پاکستان کی منظوری لیتے ؟ پاکستان کی تاریخ ہے کہ جو بھی تحریک لاہور سے چلی وہ کامیاب ہوئی ، یہ جہالت کی نشانی نہیں تو اور کیا ہے ؟
لاہور میں مختلف مذاہب کے لوگ رہتے ہیں لیکن آج تک کبھی مذہبی فسادات نہ ہوئے ، یہ جہالت کی نشانی تو اور کیا ہے ؟ علامہ اقبال جیسے مفکر اور فلسفی نے ابتدائی طور پر نوکری کرنے ، وکالت کرنے اور زندگی گزارنے کے لیے اپنی جنم بھومی سیالکوٹ کی بجائے لاہوری کا انتخاب کیا ، یہ لاہوریوں کی جہالت کی نشانی نہیں تو اور کیا ہے ؟ لاہور میں چوبیس گھنٹے پاکستان کے تقریباً ہر شہر کی ٹریفک مل جاتی ہے بلکہ ایسی کوئی بھی مشہور ٹریفک کمپنی نہیں جو لاہور میں اپنی سروسز فراہم نہ کرتی ہو ،یہ جہالت کی نشانی نہیں تو اور کیا ہے ؟ لاہور چوبیس گھنٹے کام کرتا ہے اور ملکی خزانے میں قابل قدر اضافہ کرتا ہے ،یہ جہالت کی نشانی نہیں تو اور کیا ہے ؟ لاہور میں روزگار کے وسیع مواقع دستیاب ہیں اور ملک کے ہر کونے سے لوگ یہاں آ کر اپنا چولہا گرم کرتے ہیں بلکہ ڈاکٹر یاسمین راشد نے ڈاکٹر بننے کے لیے اور بعد ازاں پریکٹس کرنے کے لیے اپنے آبائی شہر چکوال کی بجائے لاہور کا ہی انتخاب کیا ،یہ جہالت کی نشانی نہیں تو اور کیا ہے ؟ ملکی ایئر ویز کے علاوہ قطر ایئر ویز ، امارات ایئر ویز ، اتحاد ایئر ویز ، سعودیہ ایئر لائنز ، گلف ایئر ویزاور تھائی ایئر ویز نے لاہور میں اپنے دفاتر قائم کر رکھے ہیں ۔

اب ان کے مالکان کو تو جاہل کہا نہیں جا سکتا لہذا یہی کہنا بنتا ہے کہ یہ لاہوریوں کی جہالت کی نشانی نہیں تو اور کیا ہے ؟
میرے ذہن میں اکثر یہ خیال آتا تھاکہ مرکزسراجیہ ، جامعہ اشرفیہ ، جامعہ نظامیہ ، منہاج القرآن ، جامعہ نعیمیہ اورجامعہ المنتظر جیسے معروف دینی ادارے لاہور یوں کو ہی کیوں دیے گئے ؟پنجاب یونیورسٹی ، کنگ ایڈورڈ میدیکل یونیورسٹی ، G.C یونیورسٹی ، نیشنل کالج آف آرٹس ، یونیورسٹی آف ایجوکیشن ، یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز ، اسلامیہ کالج ، بیکن ہاوٴس یونیورسٹی ، قرشی یونیورسٹی ، LUMS، منہاج یونیورسٹی ، علامہ اقبال میڈیکل کالج ، ایچی سن کالج ، دیال سنگھ کالج جیسے ادارے لاہور میں ہی کیوں بنائے گئے ؟بادشاہی ، دائی انگہ، موتی ، بیگم پورہ ، دائی لاڈو ، سنہری ، وزیر خان ، مریم زمانی ، شہید گنج ، بوکن خان اور ملاجیون جیسی مساجد لاہور میں ہی کیوں بنائی گئیں ؟ مردان خان ، میاں میر ، انارکلی ، دائی انگہ ، نادرہ بیگم ، بی بی پاکدامن ، جہانگیر ، نورجہان اورقطب الدین ایبک جیسے لوگوں کے مقبرے لاہور میں ہی کیوں بنائے گئے ؟ حضرت داتا گنک بخش ، حضرت میاں میر ، حضرت علامہ اقبال ، میراں حسین زنجانی اورلعل حسین وغیرہ جیسے لوگوں نے زندگیاں لاہور ہی میں کیوں گزار یں اور آخرکار ان کے مزار بھی اسی شہر میں کیوں بنے ؟ لال حویلی ، مغل حویلی ، مبارک حویلی ، نونہال سنگھ ، دینا ناتھ ، میاں خان ، سلمان سرہندی اور دھیان وغیرہ جیسی مشہور حویلیاں لاہور میں ہی کیوں واقع ہیں ؟قائداعظم ، دیال سنگھ اورپنجاب پبلک جیسی لائبریریاں لاہور کا مقدر کیوں بنیں ؟باغ جناح ، حضوری باغ ، مہابت خان باغ ، شالامار باغ ، فتح گڑھ باغ اورگلابی باغ جیسے تفریحی مقامات لاہور میں ہی کیوں بنائے گئے ؟مال روڈ ، انارکلی بازار ، لبرٹی مارکیٹ ، اکبری منڈی ، نولکھا بازار ، اچھرہ بازار ، شاہ عالمی بازار اورمون مارکیٹ جیسے بازار لاہور کے علاوہ کسی اور شہر میں کیوں نہ بن پائے ؟
اس طرح کے اور بھی کئی سوالات تھے جو میرے ذہن میں کلبلاتے رہتے تھے لیکن اب ان تمام کا خاتمہ ہوا ۔

میں ڈاکٹر یاسمین راشد صاحبہ کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نے مجھے ان تمام سوالوں کے جواب اس ایک جملے میں دے دیے کہ لاہوریے جاہل ہیں ۔شکریہ ڈاکٹر صاحبہ !

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :