تیر و ترکش

بدھ 6 مارچ 2019

Khama Badast K Qalaam Se

خامہ بدست کے قلم سے

#فیاض الحسن چوہان کے (ہندووٴں سے متعلق) بیان پر وزیراعظم عمران خان برہم
اور فیصل واوٴڈا کے ہذیان پر خاموش!
#پاکستان تحریکِ انصاف سندھ کے صدر امیربخش بھٹو مستعفی
اللہ سلامت رکھے فردوس شمیم نقوی و علی زیدی اور ہم نواوٴں کو، اس طرح کی خبریں آتی رہیں گی۔
#بھارت نے روس کو 36 رافیل طیاروں کا آرڈر دے دیا۔
طیارے تو روس سے آجائیں گے، حسن صدیقی اور نعمان علی خان مگر کہاں سے لائے گا بھارت۔


#ملک نازک دور سے گزر رہا ہے اس لیے ہم چپ ہیں، آصف زرداری
لگتا ہے اپنے آپ کو ملک سمجھ رہے ہیں زرداری صاحب آج کل!
#میں نوبل انعام کے لائق نہیں، عمران خان
فواد چودھریوں کو مگر کون سمجھائے۔
#آج کل دماغ میں صرف پاکستان چل رہا ہے، نریندرمودی
کچھ عرصہ یہی کیفیت رہی تو دماغ کے بعد آپ کا بھی چل چلاوٴ ہوجائے گا مودی جی!
#بات کریں تو کیس بنتے ہیں، وزیراعلیٰ آندھرا پردیش
چلیں سرحد کے آرپار ایک اور قدر مشترک نکل آئی۔

(جاری ہے)


#وکیل دیانت داری سے جج کی رہنمائی کریں تو بہترین فیصلے ہوسکتے ہیں، چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ
کیوں وکیلوں کا دھندا ٹھپ کروانے چلیں ہیں آپ!
#کراچی: سیکورٹی گارڈ اور اس کے ساتھی 66 بینک لاکر توڑکر قیمتی سامان لے اڑے۔
آغا سراج درانی کے لاکروں کی تفصیلات سامنے آنے کے بعد اس طرح کی وارداتیں تو ہوں گی!
#او آئی سی کل بھی اور آج بھی پاکستان کا گھر ہے، ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل
اور جو گھس بیٹھیے کو معزز مہمان کا درجہ دے دیا گیا گھر میں؟
#پائلٹ ابھی نندن بھارتی حکام کی نظروں سے گر گیا۔


لگتا ہے بے چارے کو گرنے کی عادت ہوگئی ہے!
#شعیب ملک کو بھارت نہیں آنے دیں گے، انتہاپسندوں کی دھمکی
داماد کو اس طرح دھمکانے والے لالوں کی مت ماری گئی ہے شاید!
#اپوزیشن نے اتحاد دِکھانے کے لیے حکومت کا ساتھ دیا، سردار ایازصادق
کیا کہا سردار صاحب! صرف ”دکھانے“ کو ساتھ دیا آپ نے حکومت کا؟
#بھارتی پائلٹ کو امریکی ڈکٹیشن پر چھوڑا گیا، سینیٹر پرویزرشید
جس طرح کارگل میں گرائے جانے والے پائلٹ کو میاں صاحب نے چھوڑا تھا؟
#حکومت نے قبائلی عوام سے ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا، سراج الحق
آپ کو تو اچھی طرح پتا ہے کہ اپنے ہاں حکومتیں صرف وعدے کیا کرتی ہیں۔


#مولانا مسعود اظہر انتقال کرگئے،بھارتی میڈیا
اللہ کا حکم تو بہرحال پورا ہوگا لیکن کووّں کی خواہش پر بھلا بیل کب مرا کرتے ہیں؟
#کراچی کو پرامن بنانا ہمارا کارنامہ ہے، مصطفی کمال
آپ کا یہ بیان کراچی کو بدامن بنانے کا اعتراف بھی سمجھا جاسکتا ہے۔
#وزیراعظم نے ایک اسٹیٹس مین کا کردار ادا کیا، سردار عثمان بزدار
یہ آپ اس ہدایت کار کی تعریف کررہے ہیں ناں جس نے وزیراعظم سے یہ کردار ادا کروایا۔


#او آئی سی نے پاکستان اور کشمیریوں کی بھرپور حمایت کردی۔
سشما سوراج صاحبہ کی آنیاں جانیاں بے کار ہی گئیں پھر تو۔
#مودی چوکیدار نہیں چور ہے، راہول گاندھی
راہول جی! صرف چور ہی نہیں مودی سینہ زور بھی ہے۔
#اپوزیشن پاکستان کے ہاتھوں میں کھیل رہی ہے، فوج کا مورال گر رہا ہے، بھارتی وزیراعظم
اس کے باوجود آپ کا دماغ درست نہیں ہورہا!
#پاکستان بھارت میں کشیدگی جلد ختم ہوجائے گی، ڈونلڈ ٹرمپ
لو جی پتا چل گیا مودی کو تھپکی کس نے دی تھی؟
#پائلٹ کی رہائی نے بھارتیوں کے دل جیت لیے، فیاض الحسن چوہان
کبھی پاکستانیوں کے دل بھی جیتنے کی کوشش کریں چوہان صاحب!
#اپوزیشن کا رویہ اچھا ہے ویلکم کرتے ہیں، وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوٴڈا
واوٴڈا صاحب کبھی اپوزیشن کو بھی اس طرح کا بیان دینے کا موقع دیں!

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :