
ایسی کی تیسی !
پیر 14 دسمبر 2020

محمد عرفان ندیم
(جاری ہے)
عمران خان نے شیخ رشید کو وزیر داخلہ بناکر ایک اورسنگ میل عبور کر لیا اورمیں اس عظیم کامیابی پر عمران خان ، پی ٹی آئی اور ان کے نوجوان سپورٹرز کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اگر آپ اس مبارکباد کا مزہ دوبالا کرنا چاہتے ہیں تو یوٹیوب پر حامد میرکے ٹاک شو کی وہ ویڈیو دیکھ لیں جس میں عمران خان ہاتھ اٹھا کر کہتے ہیں کہ میں اللہ سے دعا کرتا ہوں مجھے شیخ رشید جیسا کامیاب سیاستدان نہ بنائے اور اگر آپ یہ مزہ سہ بالا کرنا چاہتے ہیں تو وہ ویڈیو دیکھ لیں جس میں عمران خان کہتے ہیں شید ے ٹلی کو تو میں اپنا چپڑاسی بھی نہ رکھوں۔مجھے یقین ہے کہ اب عمران خان ، حکومتی ترجمان اور پی ٹی آئی کے سپورٹرز اس عظیم ”یوٹرن“ کے فضائل اور تاویلات کرنا شروع کر دیں گے لیکن میں ان سب فضائل ، تاویلات اور وضاحتوں کے بارے میں صرف وہی کہنا چاہوں گا جو قائدا عظم نے گاندھی کی روحانی قندیل کے بارے میں کہا تھا کہ ان سب یوٹرنز کی ایسی کی تیسی ! ۔عمران خان ، پی ٹی آئی، حکومتی ترجمان اور نوجوان سپورٹرز ایمانداری سے کیوں تسلیم نہیں کرتے کہ ہم نے حصول اقتدار کے لیے سب ڈھونگ رچایا تھا۔ یہ ایمانداری سے کیوں تسلیم نہیں کرتے کہ ہم نے 50 لاکھ گھروں کا جھوٹا وعدہ کیا تھا ، ہم نے 200 ارب منہ پر مارنے پر بھی قوم سے جھوٹ بولاتھا،ہم ایک کروڑ نوکریاں بھی نہیں دے سکے ، ہم 2 روپے یونٹ بجلی بھی فراہم نہیں کر سکے، ہم نے 45 روپے پیٹرول پر بھی قوم سے جھوٹ بولا تھا اور ہم نے نوکریوں کی بارش پر بھی عوام کو دھوکا دیا ہے۔ یہ ایمانداری سے کیوں تسلیم نہیں کرتے کہ ہم نے آئی ایم ایف سے بھیک مانگنے پر بھی عوام کو دھوکا دیا تھا،ہم اب بھیک بھی مانگ رہے ہیں اور خودکشی بھی نہیں کر رہے ، ہم زرداری اور دوسرے لٹیروں کا باہر پڑا پیسہ بھی واپس نہیں لا سکے،ہم پاکستان کو ریاست مدینہ بھی نہیں بنا سکے اور ہم کشمیر پر بھی سیاست کر تے رہے۔ یہ ایمانداری سے کیوں تسلیم نہیں کرتے کہ ہم ایکسٹینشن والی بات پر بھی قائم نہیں رہ سکے ، ہم غریب کو روزگار بھی فراہم نہیں کر سکے ، ہم لوگوں کو فری علاج بھی نہیں دے سکے اور ہم چوروں کی اسمبلی میں نہیں بیٹھوں گا والی بات پر بھی قائم نہیں رہ سکے۔ یہ ایمانداری سے کیوں تسلیم نہیں کرتے کہ ہم پٹرول ، گیس اور بجلی بھی سستی نہیں کر سکے ، ہم ٹیکس ایمنسٹی پر بھی عوام کو الو بناتے رہے ،ہم آزاد امیدواروں کو نہ خریدنے والی بات پر بھی قائم نہیں رہ سکے ،سکیورٹی اور پروٹوکول نہ لینے کا وعدہ بھی پورا نہیں کر سکے ا ور ہم وزیر اعظم ہاوٴس اور گورنرہاوٴسز پر بلڈورزربھی نہیں چلا سکے۔ یہ ایمانداری سے کیوں تسلیم نہیں کرتے کہ ہم مختصر کابینہ والی بات پر بھی جھوٹ بولتے رہے ، سائیکل پر وزیر اعظم ہاوٴس جانے والی بات سے ہیلی کاپٹر پر آ گئے اورہم عام کمرشل فلائیٹ سے بیرون ملک دوروں سے چارٹرڈ طیاروں پر آگئے۔ یہ ایمانداری سے کیوں تسلیم نہیں کرتے کہ ہم نے پنجاب کے سب سے بڑے ڈاکو کے بارے میں بھی عوام سے جھوٹ بولا ، ہم نے کراچی کے قصائیوں کو نفیس ترین لوگ کہہ کر عوام کا مذاق اڑایا۔ یہ ایمانداری سے کیوں تسلیم نہیں کرتے کہ ہم عافیہ صدیقی کوبھی واپس نہیں لا سکے ، ہم موروثی سیاست کو ختم کرنے پر بھی عوام سے مذاق کرتے رہے اور ہم بنی گالہ کے محل پر بھی جھوٹ بولتے رہے۔ مجھے یقین ہے یہ لوگ یوٹرنز کی اس لمبی ہوتی فہرست کو کبھی اپنی غلطی تسلیم نہیں کریں گے کیونکہ غلطی تسلیم کرنا بڑے پن اور بڑے ظرف کا کام ہے اور یہ لوگ اس ظرف سے خالی ہیں ،یہ گالی تو دے سکتے ہیں ، جھوٹ تو بول سکتے ہیں ، یوٹرنز کے فضائل تو بیان کر سکتے ہیں مگر یہ کبھی غلطی تسلیم نہیں کر سکتے۔
میری آپ سے گزارش ہے کہ آپ ایک دفعہ اپنے ضمیر سے پوچھ کر بتائیں کیا عمران خان اور دیگر سیاستدانوں کی سیاست میں اب کوئی فرق رہ گیا ہے ، اگر عمران خان نے بھی یہی سب کرنا تھا تو پہلوں سے ہمیں کیا تکلیف تھی ، کم ازکم ملک اس کرب میں تو نہیں تھا جس سے یہ آج گزر رہا ہے ۔ خدار را !عمران خان کی ضد سے نکلیں ، یہ سب ایک جیسے اور ایک باغ کی مولی ہیں ، آپ اگلے پچاس سال بھی لگے رہیں اس کھیت سے یہی مولیاں نکلیں گی ، اب کوئی اور راستہ تلاش کریں ، تلاش کرنے والوں کو منزل مل ہی جاتی ہے ۔
ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
تازہ ترین کالمز :
محمد عرفان ندیم کے کالمز
-
ہم سب ذمہ دار ہیں !
منگل 15 فروری 2022
-
بیسویں صدی کی سو عظیم شخصیات !
منگل 8 فروری 2022
-
میٹا ورس: ایک نئے عہد کی شروعات
پیر 31 جنوری 2022
-
اکیس اور بائیس !
منگل 4 جنوری 2022
-
یہ سب پاگل ہیں !
منگل 28 دسمبر 2021
-
یہ کیا ہے؟
منگل 21 دسمبر 2021
-
انسانی عقل و شعور
منگل 16 نومبر 2021
-
غیر مسلموں سے سماجی تعلقات !
منگل 26 اکتوبر 2021
محمد عرفان ندیم کے مزید کالمز
کالم نگار
مزید عنوان
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.