کپتان قدم بڑھاؤہم تمہارے ساتھ ہیں

جمعرات 11 اکتوبر 2018

Umer Khan Jozvi

عمر خان جوزوی

سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کی گرفتاری پرہمیں کوئی اعتراض ہے اورنہ ہی اس پرکسی کے،، شوروغوغا،،کوہم مناسب سمجھتے ہیں ،شہبازشریف نے بطوروزیراعلیٰ ،حکمران یابطورسیاستدان اگر کوئی جرم اورگناہ کیاہے تواسے اس کی سزاضرورملنی چاہئے لیکن احتساب کے نام پرملک میں جوکھیل کھیلاجانے لگاہے اس پرہمیں کل بھی اعتراض تھااورہم اس کھیل کوآج بھی اچھااورمناسب نہیں سمجھتے۔

بلاتفریق احتساب کے ہم کبھی مخالف نہیں رہے نہ ہی کسی کرپٹ،چور،ڈاکواورلٹیرے کی گرفتاری کی ہم نے کبھی مخالفت کی لیکن اس وقت ملک میں احتساب کے نام پرجوکچھ ہورہاہے یاجوکچھ کیاجارہاہے اسے کسی بھی طورپراحتساب کانام نہیں دیاجاسکتا۔کیاایک ہی خاندان یاپارٹی کونشانے پررکھنے کوبلاتفریق احتساب کانام دیاجاسکتاہے۔

(جاری ہے)

۔؟ماناکہ شہبازشریف بھی کرپٹ ہوں گے ،بطوروزیراعلیٰ ان سے بھی کچھ غلطیاں اورگناہ ضرورسرزدہوئے ہوں گے ہم شہبازشریف کونہ فرشتہ کہتے ہیں اورنہ ہی انہیں گناہوں سے پاک سمجھتے ہیں لیکن اس مٹی پرشہبازشریف سے بھی توبڑے بڑے چور،ڈاکواورلٹیرے موجودہوں گے ایسے میں ان بڑے بڑے چوروں اورلٹیروں پرہاتھ ڈالنے کی بجائے نوازشریف،مریم نوازاورکیپٹن صفدرکے بعدشہبازشریف کواندرکرکے ایک بارپھرشریف خاندان کوکیوں نشانہ بنایاگیا۔

۔؟کیااس ملک میں احتساب کادائرہ صرف رائیونڈمحل اورشریف خاندان تک ہی محدودہے۔۔؟کیانوازشریف ،مریم نواز،کیپٹن صفدر،شہبازشریف یامسلم لیگ ن کے کسی اوربندے کے علاوہ اس ملک میں کوئی چوراورڈاکونہیں۔۔؟عام انتخابات سے قبل ن لیگ،پیپلزپارٹی،اے این پی اوردیگرسیاسی پارٹیوں اورسیاسی جماعتوں سے حکمران جماعت تحریک انصاف میں چھلانگ لگانے والے کیا سارے دودھ کے دھلے ہوئے اورفرشتے ہیں ۔

۔؟ملک کے 22کروڑعوام کی طرح ہم بھی پچھلے 22سال سے اس ملک میں تبدیلی کاانتظارکررہے تھے ،2018کے انتخابات کے بعدجس طرح تحریک انصاف کے کارکنوں اورسادہ لوح عوام نے عمران خان کی حکومت سے تبدیلی کی امیدیں باندھیں اسی طرح کے خواہشتا ت اورتوقعات ہم نے بھی اپنے سینوں میں سجائے لیکن افسوس کپتان کی حکومت نے ایک ہی مہینے کے اندرنہ صرف ہمیں بلکہ عوام کی اکثریت کوبھی مایوس کردیاہے ۔

یہ بات توپوری دنیاجانتی ہے کہ دوسروں کے گھرسے شروع کی جانے والی تبدیلی کبھی پائیدارنہیں ہوتی اور اسی وجہ سے عقل منداورباشعورلوگ حقیقی تبدیلی کاآغازہمیشہ اپنے گھروں سے کرتے ہیں مگراقتدارمیں آنے کے بعدتحریک انصاف کاملک میں تبدیلی لانے کا معیارہی تبدیلی کااغیارنکلاہے۔وزیراعظم عمران خان کایہ کہناکہ نیب پرمیراکوئی کنٹرول نہیں شائدکہ ایساہی ہولیکن شریفوں کی پے درپے گرفتاریوں اورایک ہی خاندان کونشانہ بنانے سے ایسا لگتاباالکل نہیں۔

کہتے ہیں ایک گاؤں میں ایک لڑکا تھاجوبہت شرارتی تھا،ہردوسرے یاتیسرے دن وہ ضرورکسی نہ کسی کی کوئی ہڈی توڑتایاسرپھاڑتا۔تیسری واری جب اس لڑکے کے ہاتھوں پڑوسیوں کے بچے کاسرپھٹاتوہمسایہ گلہ لے کرفوری طورپراس لڑکے کے باپ کے پاس پہنچا۔ہمسائے کاگلہ سنتے ہی اس لڑکے کے باپ نے کہاکہ وہ پاگل ہے۔یہ سنتے ہی ہمسایہ کامیٹرگھوما،پارہ ہائی ہواوہ اس کوگریبان سے پکڑتے ہوئے کہنالگاکہ یہ عجیب پاگل ہے کہ ہردوسرے اورتیسرے دن کسی نہ کسی کی ہڈی توڑتاہے یاسرپھاڑتاہے۔

لیکن خودآج تک اپنی اس کی کوئی ہڈی ٹوٹی نہ ہی کبھی ایک بارسرپھٹا۔وزیراعظم عمران خان کہتے ٹھیک ہوں گے ،اس پاگل لڑکے کی طرح نیب کاادارہ بھی آزادہوگامگرسوچنے کی بات یہ ہے کہ آج تک اس آزاد نیب کوکسی بھی حکمران جماعت اوراقتدارکی چھتری تلے چوروں،ڈاکوؤں اورلٹیروں کودودھ پلانے والوں کے خلاف کبھی کسی کارروائی اوراقدام اٹھانے کی کبھی کوئی جرات نہیں ہوئی۔

شہبازشریف نے اگرکوئی غلط کام کیا۔۔؟حقیقت میں کرپشن کی ۔۔؟یاسچ میں وہ کسی چوری اورچکاری میں اگرملوث رہے تونیب نے اسی وقت اس کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کی۔۔؟نیب کے فرشتے جوآج شیربن رہے ہیں یہ پہلے کہاں تھے۔۔؟کیاحکومت کے خاتمے کے بعدہی اس حکومت کاحصہ رہنے والوں کوپھرنشانہ بنانایاگرفتارکرواناہی نیب کاکام ہے۔۔؟اگرایسانہیں توپھرنیب والے برسراقتدارچوروں،ڈاکوؤں اورلٹیروں پرہاتھ کیوں نہیں ڈالتے۔

۔؟نیب اگرواقعی آزاداوراس پرحکومت کاکوئی کنٹرول نہیں تونیب کے کارندے پھرہمیشہ حکومت وقت کے سیاسی مخالفین کے گھروں کے باہرہی کیوں دندناتے پھرتے ہیں ۔۔؟تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے جہانگیرترین بھی توکوئی مسجدومدرسہ بنانے کی وجہ سے سپریم کورٹ سے نااہل نہیں ہوئے ۔۔؟حلیم خان بھی کوئی مفت میں میڈیاپرمشہور نہیں ہوئے۔۔؟پشاوربس منصوبے میں بھی اربوں روپے اسی طرح ہوامیں نہیں اڑے۔

۔؟آخرسوچنے کی بات ہے بلاتفریق احتساب کے نام پرجاری اس کھیل میں لکیرکی دوسری طرف اب تک کیاکارروائی ہوئی۔۔؟کونساحکومتی وزیراورمشیرگرفتارہوکے اندرہوا۔۔؟سابق وزیراعظم نوازشریف کے بعداگرشہبازشریف کی بجائے لوٹ مارمیں ملوث کسی حکومتی وزیر،مشیر،عہدیداراوراہلکارکوہتھکڑیاں لگاکراندرکیاجاتاتواس کے کرپشن کے خلاف جنگ پردورس اثرات مرتب ہوتے۔

مگرافسوس کہ انصاف کے نام پربننے اورتبدیلی کے سہارے پراقتدارمیں آنے والی تحریک انصاف کی حکومت میں بھی اپنے گھرسے تبدیلی کاآغازکرنے کی بجائے دوسروں کے گھروں میں جھاڑوپھیرنے کاسلسلہ تواترکے ساتھ جاری اورساری ہے۔بھائی کے بعدبھائی کی گرفتاری سیاسی انتقام نہیں تواورکیاہے۔۔؟وزیراعظم عمران خان پچاس نہیں پچاس ہزارچوروں ،ڈاکوؤں اورلٹیروں کوپکڑکرجیل میں ضرورڈالیں لیکن خدارااحتساب کے نام پرملک میں انتقام کوہرگزپروان نہ چڑھایاجائے۔

بلاتفریق احتساب اورکرپشن کے خلاف جنگ میں پوری قوم وزیراعظم عمران خان کے ساتھ لیکن یہ جنگ اگرصرف مخصوص لوگوں کے خلاف لڑی جائے گی توپھرعوام کے پاس ایسی کارروائیوں کوانتقام کانام دینے کے بغیرکوئی چارہ نہیں رہے گا۔اس لئے کرپشن کے خلاف جہادکادائرہ رائیونڈمحل تک محدودکرنے کی بجائے پورے ملک تک وسیع کیاجائے۔لوٹ ماراورکرپشن میں ملوث کوئی اپناہے یابیگانہ،وزیرہے یاکوئی مشیر،ممبرہے یاکوئی ناظم،عہدیدارہے یاکسی پارٹی کاکوئی کارکن ،سب کولائن میں لگاکربلاتفریق احتساب کاآغازکیاجائے۔

پانامہ پیپرزمیں بھی شریفوں کے علاوہ چارسوسے زائداورنام تھے ۔ان کابھی آج تک کچھ نہیں بنا۔ہم نے اس وقت بھی کہاتھاکہ نوازشریف کے بعد پانامہ میں آنے والے تمام چوروں اورلٹیروں کومرغابنایاجائے مگرافسوس وہ کہانی نوازشریف سے آگے نہ بڑھ سکی۔اس ملک میں لوٹ ماراورکرپشن کے خلاف جنگ اگرصرف سیاسی مخالفین کودبانے اورپکڑنے کانام ہے توپھرنوازشریف،آصف علی زرداری اورپرویزمشرف کے بعدموجودہ وزیراعظم عمران خان کوبھی ہمارادورسے سلام ۔

لیکن اگرعمران خان واقعی ملک سے کرپشن ختم کرنے میں سنجیدہ اوراس جہادکادائرہ صرف سیاسی مخالفین تک محدودنہیں توپھراس جنگ اورجہادمیں ہم سب عمران خان کے ساتھ ہیں ۔عمران خان پھر50نہیں 50ہزارچوروں اورلٹیروں پرہاتھ ڈالیں ،انہیں گریبان سے پکڑیں ،زمین پرگھسیٹیں،ان کوہتھکڑیاں اوربیڑیاں لگوائیں ،کال کوٹھریوں اورجیلوں میں ڈالیں ۔ہم ہرقدم اورمحاذپرعمران خان کے ساتھ رہیں گے۔

پھرہمارے کپتان کے خلاف جومنہ بھی کھولے گاہم ان کی زبانیں کھینچ کرکتوں کے آگے ڈالیں گے۔کیونکہ کرپشن،چوری اورچکاری سے پاک پاکستان صرف عمران خان کامشن نہیں بلکہ ہمارابھی دیرینہ خواب ہے اورہم اس خواب کوہرصورت شرمندہ تعبیرہوناچاہتے ہیں ۔اس خواب کی تعبیراورکرپشن سے پاک نئے پاکستان کی تکمیل کے لئے ہم سے جوبھی ہوسکاہم انشاء اللہ ضروروہ کرگزریں گے ۔ اس لئے کرپشن کے خلاف جنگ اورجہادمیں کپتان تنہاء اور اکیلے نہیں بلکہ ہم سب عمران خان کے ساتھ ہیں ۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :