بلاول بھٹو زرداری پاکستان کے واحد روشن خیال ، ترقی پسند ، تعلیم یافتہ ، عالمی شہرت کے حامل ، شہیدوں کے وارث اور قوم کے محافظ واحد جواں سال سیاست دان ہیں جنہوں نے 50 سال تک بلا شرکت غیر پاکستانی و کشمیری قوم کی قیادت کا فریضہ سرانجام دے کر پاکستان کو ترقیاتی یافتہ ممالک کی صف اور کشمیر کوآزادی دلوانے کی تاریخ مرتب کرنی ہے

پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے سابق صدر رکن اسمبلی چوہدری عبدالمجید کا لندن میں استقبالیہ تقریبات سے خطاب

جمعرات 10 مئی 2018 17:30

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 10 مئی2018ء) پاکستان پیپلزپارٹی ، ریاست جموں وکشمیر کے سابق صدر و زیر اعظم فارن لیزان کمیٹی کے رکن آزاد کشمیر اسمبلی کے سینئر ترین پارلیمنٹرین چوہدری عبدالمجید نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری پاکستان کے واحد روشن خیال ، ترقی پسند ، تعلیم یافتہ ، عالمی شہرت کے حامل ، شہیدوں کے وارث اور قوم کے محافظ واحد جواں سال سیاست دان ہیں جنہوں نے 50 سال تک بلا شرکت غیر پاکستانی و کشمیری قوم کی قیادت کا فریضہ سرانجام دے کر پاکستان کو ترقیاتی یافتہ ممالک کی صف اور کشمیر کوآزادی دلوانے کی تاریخ مرتب کرنی ہے، قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹواوردختر مشرق محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی ملک و قوم کے لئے خدمات اور ڈیڑھ کروڑ کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے لئے بیباک وکالت کا علم بلاول بھٹو زرداری کے ہاتھوں میں ہے پوری قوم ان کے دست و بازو بن کر استحصال ، دولت کی غیر منصفانہ تقسیم ، چہروں کے بجائے نظام کی تبدیلی ، آئین قانون کی حکمرانی ، بلاتخصیص انصاف کی فراہمی اور جمہوریت کے شجر سایہ دار کی خاطر اپنا کلیدی اور فیصلہ کن کردار ادا کرے ، بلاول بھٹو زرداری دنیا کے کم عمر ترین پاکستانی وزیراعظم منتخب ہو کر اپنی شہید والدہ کی طرح دنیائے سیاست اقتدار کا ورلڈ ریکارڈ قائم کرینگے ،2018 کے عام انتخابات میں پیپلزپارٹی کی کامیابی مضبوط وفاق ، ایٹمی اثاثوں کے تحفظ ، صوبائی تعصب ، دہشت گردی ، انتہاء پسندی ، لاقانونیت کے لئے ناگزیر ہے وہ اپنے دورہ لندن کے دوران پاکستانی کشمیری نمائندوں کے وفود اورپارٹی تنظیموں کے عہدیداروں ، کارکنوں کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے جانے والے استقبالیہ تقریبات سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے ،انہوں نے کہا ذوالفقار علی بھٹو نے معاہدہ تاشقند کے موقع پر تقسیم کشمیر کی عالمی سامراجی سازش کو بے نقاب کرتے ہوئے وزارت خارجہ سے مستعفی ہو کر کشمیری عوام کی آزادی کے لئے اقتدار کو خیر آباد کہہ دیا جس کے بعد انہوں نے 28 فروری 1974 ء کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور کشمیر پر جابرانہ تسلط کو بے نقاب کرنے کے لئے پہیہ جام ہڑتال کی کامیاب ترین کال دے کر دنیا بھرکے ایوانوں میں مسئلہ کشمیر کو عصر حاضر کا ٹاپ ایشو بنا دیا اور اقوام متحدہ میں آج بھی کشمیر پر ذوالفقار علی بھٹو شہید کی وکالت کی جاندار گونج سنائی دے رہی ہے اسی طرح محترمہ بے نظیر بھٹو نے او آئی سی میں حریت کانفرنس کو مبصر کا درجہ دلوایا ، دونوں اطراف کی کشمیری قیادت کو اعتماد میں لے کرسفارت کاری کے ذریعے عالمی برادری کی توجہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی پر مبذول کروائی ، چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ اس وقت مقبوضہ کشمیر سے بہنے والے دریائوں کا سبز پانی کشمیری عوام کے خون ناحق سے سرخی میں تبدیل ہوچکا ہے ، لیکن کشمیریوں نے ڈھونگ مذاکرات کو تسلیم کیا نہ فراڈ انتخابات کو آزادی کا نعم البدل ثابت کرنے دیا ، اسلئے کشمیریوں کے پاس آخری سانس تک اپنی آزادی کا یک نکاتی ایجنڈا ترجیحات میں ہے جس کے لئے تین نسلوں نے سروں کی فصلیں کٹوا کر کفن کا لباس زیب تن کیا جس کی مثال میں ہزاروں گمنام قبروں کی دریافت ہے ، اسلئے لازم ہوچکا ہے کہ پاکستان اوربھارت کے درمیان وہ ممالک ثالثی کا کردارادا کریں جن کی انسانی حقوق کے اعتبار سے دنیا بھر میں ساکھ موجود ہو اور دونوں ممالک سے ان کے مفاد بھی وابستہ نہ ہوں کیونکہ اب تک دونوں ممالک کے درمیان کوئی بھی تنازعہ ثالثی کے بغیر حل نہیں ہو چکا ، جن میں سیاہ چین ، سندھ طاس معاہدہ ، بگلیہارڈیم سب کے سامنے ہیں ، چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں حالیہ دہشت گردی کی لہرنے 14 سے زائد کشمیریوں کا قتل ، معصوم ننھی کلی آصفہ بانو کا اغواء اور عصمت دری نے بھارت کی دنیا بھر میں شہرت کو زمین بوس کر کے رکھ دیا ہے اس لئے اقوام متحدہ کے چارٹر اور سیکیورٹی کونسل کی منظور شدہ قراردادوں ، پنڈت جواہرلعل نہرو کے وعدوں کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں استصواب رائے عالمی امن کے لئے لازمی ہے ۔

(جاری ہے)

حریت کانفرنس کے قائدین کی گرفتاریاں ، بوگس مقدمات ، پیلٹ گن کا استعمال ، کرفیوکا نفاذ، میڈیا پر پابندیاں ، دنیا بھر کے دوہرے معیار پر سوالیہ نشان ہیں ، بہادر افواج پاکستان اور قومی سلامتی کے اداروں نے بھارت کے جنگی جنون کو ناکام بنانے کے لئے لائن آف کنٹرول ،ورکنگ باونڈری پر عسکری جارحیت کا اعلیٰ ظرفی تحمل کا مظاہرہ کر کے پرامن ملک کی فوج ہونے کا ثبوت دیا ہے ، انہوں نے کہا کہ کارکن پیپلزپارٹی کے پلیٹ فارم پرکشمیریوں کے حق خودارادیت اور جمہوریت کے استحکام ، حصول انصاف کی مشترکہ جدوجہد کا ہراول دستہ کا کردار ادا کریں ۔