Live Updates

قومی اسمبلی کی 11 نشستوں پر ضمنی انتخابات آئندہ 2 ماہ میں منعقد کروانے کا فیصلہ

11 نشستوں میں سے 9 ایسی نشستیں ہیں جو انتخابی امیدواروں نے ایک سے زائد ہونے کی وجہ سے واپس کیں-الیکشن کمیشن حکام

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 14 اگست 2018 11:38

قومی اسمبلی کی 11 نشستوں پر ضمنی انتخابات آئندہ 2 ماہ میں منعقد کروانے ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔14 اگست۔2018ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کی 11 نشستوں پر ضمنی انتخابات آئندہ 2 ماہ میں منعقد ہوں گے۔الیکشن کمیشن کے سینئر حکام کے مطابق 11 نشستوں میں سے 9 ایسی نشستیں ہیں جو انتخابی امیدواروں نے ایک سے زائد ہونے کی وجہ سے واپس کیں جبکہ این اے 60 راولپنڈی سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کی نااہلی جبکہ این اے 103 فیصل آباد سے امیدوار کے انتقال کے باعث انتخابات ملتوی ہوگئے تھے۔

جن امیدواروں نے اپنی اضافی نشستیں واپس کی ہیں ان میں سب سے پہلے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان شامل ہیں، جنہوں نے جیتی گئیں 5 نشستوں میں سے 4 نشستیں واپس کردیں۔عمران خان نے این اے 95 میانوالی کی نشست اپنے پاس رکھی جبکہ این اے 35 بنوں، این اے 53 اسلام آباد، این اے 131 لاہور اور این اے 243 کراچی کی نشستیں واپس کردیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف نے این اے 132 لاہور کی نشست کو اپنے پاس رکھا جبکہ پی پی 164 اور پی پی 165 کی نشستوں واپس کی، اس طرح ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز نے این اے 124 لاہور کی نشست واپس کرکے پنجاب اسمبلی کی پی پی 146 کی نشست اپنے پاس رکھی۔

واضح رہے کہ اپوزیشن کی جانب سے مشترکہ طور پر شہباز شریف کو عمران خان کے خلاف وزیر اعظم کے امیدوار کے طور پر نامزد کیا جائے گا۔تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ن) کے علاوہ پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی نے این اے 65 اور این اے 69 کی نشستیں چھوڑ کر پی پی 30 کی نشست اپنے پاس رکھی ہے کیونکہ وہ پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف اور پی ایم ایل (ق) کی جانب سے سپیکر کے مشترکہ امیدوار ہیں۔

اس کے علاوہ این اے 59 اور این اے 63 راولپنڈی سے سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کو شکست دینے والے تحریک انصاف کے امیدوار غلام سرور نے این اے 59 کی نشست اپنے پاس رکھ کر این اے 63 کی نشست چھوڑی۔اضافی انتخابی نشستیں چھوڑنے والوں میں این اے 55 اور 56 سے کامیاب میجر (ر) طاہر صادق بھی شامل ہیں، جنہوں نے این اے 56 کی نشست چھوڑ دی۔این اے 38 اور پی کے 97 سے کامیاب تحریک انصاف کے علی امین گنداپور نے این اے 38 کی نشست اپنے پاس رکھی ہے، اس کے علاوہ پاکستان پیپلز پارٹی کے پیر سید فضل علی شاہ جیلانی نے این اے 209 کی نشست رکھ کر پی ایس 30 کی نشست چھوڑ دی۔

نشستیں چھوڑنے والوں میں تحریک انصاف کے اسد قیصر بھی شامل ہیں، جنہیں اسپیکر قومی اسمبلی کے لیے نامزد کیا گیا ہے، انہوں نے پی کے 44 کی نشست چھوڑ کر این اے 18 کی نشست ساتھ رکھی ہے۔اسی طرح عوامی نیشنل پارٹی کے امیر حید ہوتی نے این اے 21 کی نشست اپنے پاس رکھ کر پی کے 53 کی نشست خالی کردی۔علاوہ ازیں الیکشن کمیشن کے حکام نے بتایا ہے کہ رواں ہفتے انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد صدارتی انتخابات کے شیڈول کا اعلان کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ صدر مملکت ممنون حسین کی مدت آئندہ ماہ 9 ستمبر کو پوری ہوری ہے اور آئین کے مطابق صدارتی مدت ختم ہونے سے 2 ماہ قبل اور مدت کے ایک ماہ بعد صدارتی انتخابات نہیں ہوسکتے۔تاہم اسمبلیوں کے تحلیل ہونے کی صورت میں عام انتخابات کے بعد ایک ماہ میں انتخابات ہوسکتے ہیں لیکن الیکشن کمیشن کے ذرائع کا کہنا تھا کہ یہ عمل آئین کی شق کو پورا نہیں کرتا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات