Live Updates

اپوزیشن اسمبلیوں سے استعفے دے، ہم نئے الیکشن کروا دیں گے، شیخ رشید

یہ نہ استعفیٰ دیں گے، نہ دھرنا دیں گے، اور نہ ہی عدم اعتماد لائیں گے، بلاول بھٹو کو کہتا ہوں کہ تم تو پیدا بھی نہیں ہوئے تھے جب سے میں قومی سلامتی کا ممبر ہوں۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کی میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 24 ستمبر 2020 19:19

اپوزیشن اسمبلیوں سے استعفے دے، ہم نئے الیکشن کروا دیں گے، شیخ رشید
فیصل آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 ستمبر2020ء) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ اپوزیشن اسمبلیوں سے استعفے دے، ہم نئے الیکشن کروا دیں گے، یہ نہ استعفیٰ دیں گے، نہ دھرنا دیں گے، اور نہ ہی عدم اعتماد لائیں گے، بلاول بھٹوکو کہتا ہوں کہ تم تو پیدا بھی نہیں ہوئے تھے جب سے میں قومی سلامتی کا ممبر ہوں۔

انہوں نے فیصل آباد ریلوے اسٹیشن پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ 4 مہینے کا وقت اے پی سی نے دیا ہے، چار مہینے کا وقت ہی میں نے دیا ہے، 31 دستمبر تک ان کی حالت دیکھنے والی ہوگی، ایک چوری اوپر سے سینہ زوری، آج جتنی مہنگائی ہے ان کی وجہ سے ہے۔ آٹے اورچینی کی قیمتیں اس لیے بڑھی کہ اپوزیشن نے لوٹ مار کی۔ بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ مجھے بلاؤ گی تو میں نہیں آؤں گا۔

(جاری ہے)

یہ نہیں کہا کہ میں نہیں جاؤں گا۔ بلاول تم تو پیدا بھی نہیں ہوئے تھے جب سے میں قومی سلامتی کا ممبر تھا، اپنی ڈیٹ آف برتھ نکال کے دیکھ لو۔ میں نوابزادہ نصراللہ کے ساتھ کشمیر کمیٹی کو لندن اور امریکا میں لیڈ کرتا تھا۔ مجھ پر اس پر کوئی پابندی نہیں تھی۔ آپ کی والدہ یا ذوالفقار بھٹو زندہ ہوتے تو بتاتے کہ شیخ رشید کس کا نام ہے۔ میں نے تنہا ذوالفقار بھٹو کا جلسہ پلٹ دیا تھا۔

میں جواب دے سکتا ہوں لیکن میں اخلاق کے دائرے کو کراس نہیں کرنا چاہتا۔ شہبازشریف کہتے کہ میں ش میں آگیا ہے۔ میں اس ش میں نہیں ہوں، آپ اسمبلیوں سے استعفیٰ دیں ہم نئے الیکشن کروائیں گے، نہ استعفیٰ دیں گے، نہ دھرنا دیں گے، اور نہ ہی عدم اعتماد لائیں گے۔ میں نواز شریف کو کہتا ہوں کہ آپ کہتے ہیں میں عمران خان کا مخالف نہیں ہوں، آپ مودی ، جندال اور را کے ساتھ ہیں۔

جس کا ایک ہی ایجنڈا پاکستان کو نقصان پہنچانا ہے۔ پاکستان کی سلامتی کی ضامن فوج ہے، خواہ بھاشا ڈیم ہو، ٹڈی دل ہو، سیلاب ہو، ہر جگہ سول حکومت کے ساتھ پاک فوج کھڑی ہے۔ ایک ہفتے تک کوئی لیڈر مجھے بتائے کہ وہ آرمی چیف سے نہیں ملتا۔ آج میں یہ بھی کہنا چاہتا ہوں کہ مولانا فضل الرحمان ملک میں شیعہ سنی فساد کروانا چاہتے ہیں۔اس ملک میں ختم نبوت ﷺ کا قانون ہم نے روکا۔

مولانا فضل الرحمان نے مخالف میں ووٹ دیا، ہم نے کہا کہ ہم عاشق رسول ﷺ ہیں، میرے کہنے پر اسپیکرایاز صادق قانون کو ٹھیک کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان سچائی کی علامت ہے۔ ملک کے حالات ٹھیک کرنا چاہتا ہے۔ میں شہر میں ایک لیڈر کو ایکسپوز کروں گا، پاکستان کی ٹی وی میں سب سے بڑی پارٹی شیخ رشید کی ہے۔ میں اکیلی سیٹ کا لیڈر ہوں، مولانا فضل الرحمان نے جنرل قمر جاوید باجوہ سے ون آن ون ملاقات کی ، مولانا فضل الرحمان اور بلا ول بھٹو سمیت سب آرمی چیف سے ملاقات کرتے ہیں۔

میں محمد زبیر کو چیلنج کرتا ہوں، تم کہتے ہومیری بڑا تعلق ہے، محمد زبیر سے 36سالوں میں جنرل باجوہ سے کبھی ملاقات نہیں ہوئی۔ اسد عمر کے بیٹے کی شادی میں محمد زبیر بھی بیٹھا ہوا تھا، کسی نے نہیں کہا کہ آپ ملنے آؤ، اس نے خود ٹائم لیا، دس مہینے مریم نواز کا ٹویٹر خاموش رہا، یہ آپ کا کیس لڑتا رہا، عمران خان نے کہا کہ میں ان کو این آر او نہیں دوں گا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات