پیپلزپارٹی تحریک کا نام ہے ،جمہوریت ،ملک کیلئے قیادت کی قربانیاں لازوال ہیں،چوہدری محمدیٰسین

پیپلزپارٹی کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیرپر رکھی گئی، موجودہ حکمرانوں نے عملاً کشمیر کاسودا کردیا،ملکی معیشت تباہ کردی گئی ہے، آئے روز نیا بحران ملک وقوم کو تحفے میں دے رہے ہیں، صدر پیپلز پارٹی آزاد کشمیر

جمعہ 26 نومبر 2021 18:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 نومبر2021ء) صدر پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر و ممبر آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری محمدیٰسین نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی ایک تحریک کا نام ہے جمہوریت اور ملک کے لئے ہماری قیادت کی قربانیاں لازوال ہیں۔ پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا میزائیل ٹیکنالوجی دی۔متفقہ آئین دیا،پہلی اسلامی سربرائی کانفرنس کا انعقاد کیا۔

18ویں ترمیم کے ذریعے صوبوں کو بااختیار بنایا،مسئلہ کشمیر ہرفورم پر اجاگر کیا۔پاکستان پیپلزپارٹی کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیرپر رکھی گئی۔ موجودہ حکمرانوں نے تو عملاً کشمیر کاسودا کردیا ہے۔ملکی معیشت تباہ کردی گئی ہے۔مہنگائی،بیروزگاری کے سوا ان حکمرانوں نے ملک کو کچھ نہیں دیا۔

(جاری ہے)

آئے روز ایک نیا بحران ملک اور قوم کو تحفے میں دے رہے ہیں۔

یہ مزید اقتدار میں رہے تو ملک کی بقا ہی خطرے میں پڑ جائے گی۔ ان بحرانوں سے ملک کو صرف پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت ہی نکال سکتی ہے۔چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اس ملک کا مستقبل ہیں۔ان خیالات کااظہارانہوں نے گزشتہ روز54ویں یوم تاسیس کے حوالے سے پاکستان پیپلزپارٹی کی ایگزیکٹیو کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس سے قائد حزب اختلاف چوہدری لطیف اکبر،سینئر نائب صدر چوہدری پرویز اشرف،سیکرٹری جنرل و ایم ایل اے فصیل ممتاز راٹھور،سابق صدر سردار یعقوب خان،ایم ایل اے میاں عبداالوحید ایم،ایل اے عامر غفار لون،ایم ایل اے قاسم مجید،سردار جاوید ایوب،ایم ایل اے بازل نقوی،ایم ایل اے عامر یاسین،ایم ایل اے جاوید اقبال بڈھانوی،ایم ایل اے نبیلہ ایوب،ممبر کشمیر کونسل خواجہ طارق سعید،صاحبزادہ اشفاق ظفر،سابق مشیر سردار امجد یوسف، سابق ڈپٹی اسپیکر شاہین کوثر ڈار،شوکت جاوید میر،ولید انقلابی،مبشر منیر اعوان،سابق وزیر شازیہ اکبر،بشیر پہلوان اور ضلعی صدرور اور ممبران ایگزیکٹو کونسل نے بھی خطاب کیا۔

چوہدری محمدیٰسین نے مزید کہاکہ 30نومبر کو پاکستان پیپلزپارٹی کے 54ویں یوم تاسیس پر پشاور میں ہونے والے جلسے میں تمام قیادت اور کارکنان بھرپور انداز میں شرکت کریں گے اور قافلوں کی صورت میں اپنے قائدین کی قیادت میں روانہ ہوں۔انہوں نے کہاکہ پشاور میں ہونے والا جلسہ مستقبل کی سیاست کا تعین کرے گا اس جلسے کی اہمیت کے پیش نظر تحریک انصاف کی حکومت بوکھلاہٹ کاشکار ہے اور رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کی گئیں تو سخت مزاحمت کریں گے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کی تاریخ گواہ ہے کہ وقت کے امر بھی تمام وسائل کے استعمال ظلم وجبر سے بھی پاکستان پیپلزپارٹی کوختم نہیں کرسکے۔ پاکستان پیپلزپاٹی کی قیادت تختہ دار پر چڑھ گئی شہید کر دی گئی لیکن ہماری قیادت نے سمجھوتہ نہیں کیا۔انہوں نے کہاکہ مستقبل پاکستان پیپلزپارٹی کا ہے یہ حکمران مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں اور ملک کو تنہا کردیا ہے۔

دنیا کے ساتھ تو کیا ان کی خارجہ پالیسی نے دوست ممالک کوبھی ناراض کردیا ہے۔کشمیر کے حوالے سے ان کی کمزور پالیسی کی وجہ سے 5اگست کا سانحہ پیش آیا ہے اور 9لاکھ بھارتی فوجیوں نے کشمیریوں کا جینا اجیرن کردیا ہے۔کشمیر کو 900دن سے زائد کے لاک ڈاؤن کا سامنا ہے آئے روز محاصروں کے نام پرکشمیریوں کا قتل عام کیاجارہا ہے کشمیرکو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیمیں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں۔انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کا حل صرف اقوام متحدہ کی قراردادیں ہیں۔مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں امن کا قیام ناممکن ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی کی صدارت میرے لیے اعزاز ہے اور میں پارٹی قیادت چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو چیئرمین آصف علی زرداری اور سیاسی امور کی انچارج محترمہ فریال تالپور کے اس اعتماد پر شکرگزار ہوں اور پاکستان پیپلزپارٹی کو مضبوط بنانے اور فلسفہ بھٹو کے لئے اپنی تمام صلاحیتیں بروئے کار لاؤں گا۔

انہوں نے اس موقع پر تمام سابق صدور کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور بنانی چیئرمین سابق وزیراعظم پاکستان ذوالفقار علی بھٹو شہید اور سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو شہید کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔اجلاس میں یومِ تاسیس کے جلسہ میں شرکت کے حوالے سے مختلف عہدیداران پر مشتمل کمیٹیاں تشکیل دی گیں جو جلسے میں جانے والے کارکنان کے ہمراہ روانہ ھوں گے اور انتظامات کریں گے۔