Live Updates

زمان پارک مسلح جتھوں کی پناہ گاہ ہے، عمران خان کی سوچی سمجھی منصوبہ بندی کے تحت حساس، عسکری و سول تنصیبات پر حملے کئے گئے، یہ ملک دشمنی اور بغاوت ہے، شرپسندوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا، مریم اورنگزیب

بدھ 17 مئی 2023 21:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مئی2023ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ زمان پارک آج مسلح جتھوں کی پناہ گاہ بنا ہوا ہے، مسلح جتھوں کو اکسانے کا ماسٹر مائنڈ عمران خان ہے، 9 مئی کا دن پورے ملک کے لئے سیاہ دن تھا، عمران خان کی سوچی سمجھی منصوبہ بندی کے تحت حساس، عسکری و سول تنصیبات پر حملے کئے گئے، غازیوں اور شہداءکی بے حرمتی کی گئی، پاکستان کے پرچم جلائے گئے، یہ ملک دشمنی اور بغاوت ہے، شرپسندوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا، سویلین تنصیبات اور سول عمارتوں پر حملوں اور جلائو گھیرائو پر سویلین اور انسداد دہشت گردی کے قوانین کے تحت کارروائی ہوگی، عسکری تنصیبات کی حدود کا تعین آئین میں موجود ہے، عسکری تنصیبات پر حملوں کے مجرموں کا متعلقہ قوانین کے مطابق ٹرائل ہوگا۔

(جاری ہے)

بدھ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ نیشنل سکیورٹی کمیٹی کے اجلاس میں 9 مئی کا دن ہر سال یوم سیاہ کے طور پر منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ پاکستان کے ازلی دشمن نے 75 سالہ تاریخ میں وہ کام کرنے کی جرات نہیں کی جو 9 مئی کے دن پی ٹی آئی کے مسلح جتھوں نے کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی سوچی سمجھی منصوبہ بندی کے تحت پی ٹی آئی کے مسلح جتھوں اور پلانٹڈ لوگوں نے عسکری تنصیبات، سول اور دیگر اہم عمارتوں پر حملے کئے، ہسپتالوں اور سکولوں کو جلایا گیا، ایمبولینسوں سے مریضوں کو باہر نکال کر پھینکا گیا، ایدھی کی ایمبولینس جلائی گئی، شہداءاور غازیوں کی یادگاروں کی بے حرمتی کی، ریڈیو پاکستان کی تاریخی عمارت کو نذر آتش کیا، یہ ملک دشمنی اور بغاوت ہے، یہ کسی بھی طور سیاسی یا عوامی احتجاج نہیں تھا، مٹھی بھر مسلح جتھوں نے عمران خان کے کہنے پر یہ کارروائی کی۔

انہوں نے کہا کہ زمان پارک وہ گڑھ تھا جہاں عمران خان نے بیٹھ کر خود اس پوری کارروائی کی منصوبہ بندی کی، تحریک انصاف کے مسلح جتھوں نے پاکستان کے پرچم جلائے، یہ کوئی سیاسی ردعمل نہیں تھا، اس قسم کے عمل میں ملوث عناصر کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سویلین تنصیبات اور سول عمارتوں پر حملوں اور جلائو گھیرائو پر سویلین اور انسداد دہشت گردی کے قوانین کے تحت کارروائی ہوگی، عسکری تنصیبات کی حدود کا تعین آئین میں موجود ہے، عسکری تنصیبات پر حملوں میں ملوث افراد کا متعلقہ قوانین کے مطابق ہی ٹرائل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ کوئی قوم یہ برداشت نہیں کرے گی کہ بہادری اور جرات کی نشانیوں کی بے حرمتی کی جائے اور سرحدوں پر کھڑے نوجوانوں کے جذبات مجروح کئے جائیں، ایسی کارروائیوں پر عبرت کی مثال قائم کرنی چاہئے تاکہ آئندہ 9 مئی جیسا سیاہ دن دوبارہ نہ آئے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ریاست کا تحفظ ریاست کے تینوں ستونوں کی اجتماعی ذمہ داری ہے، اگر دہشت گرد جتھے کی پشت پناہی کرنے والے کو ”گڈ ٹو سی یو“ کہا جائے گا تو یہ اس سوچ کو تقویت دینے کے برابر ہے جو ریاست پر حملوں میں ملوث ہے، عمران خان براہ راست اس پورے عمل میں ملوث ہے۔

مراد سعید اپنی ویڈیو میں کہتے ہیں ”جو جگہیں بتائی تھیں وہاں پہنچ جائو، عمران خان گرفتار ہو گیا ہے۔“ یہ جگہیں کس نے دکھائی تھیں؟، عمران خان عدالت کے اندر سے ویڈیو پیغام جاری کرتا ہے کہ اگر مجھے دوبارہ گرفتار کیا گیا تو 9 مئی سے بڑھ کر ردعمل آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ 9 مئی کے حوالے سے پنجاب حکومت نے تمام شواہد فراہم کر دیئے ہیں۔

مسلح جتھوں کو اکسانے کا ماسٹر مائنڈ عمران خان ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کی واضح ہدایت ہے کہ کسی بے گناہ کے ساتھ زیادتی نہ ہو، اس ضمن میں ایک مانیٹرنگ کمیٹی بنا دی گئی ہے لیکن کسی مجرم کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس فورس ہمارے تحفظ کے لئے کھڑی ہوتی ہے، عمران خان کبھی ان پر پٹرول بموں سے حملے کرواتے ہیں اور کبھی ان کی گاڑیاں نذر آتش کی جاتی ہیں، پولیس کے لئے عمران خان غلیظ زبان استعمال کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنی ہی لاءانفورسمنٹ ایجنسیوں، ریاستی تنصیبات، بچوں اور مریضوں پر حملہ آور ہے۔ انہوں نے کہا کہ تین مرتبہ کے منتخب وزیراعظم نواز شریف کو جب گھر بھیجا گیا تھا تو کون سے میٹرو اور برجز جلے تھے؟ کون سے ہسپتال اور سکول جلے تھے؟ نواز شریف میٹرو اور برجز بنانے والا تھا، عمران خان نے نواز شریف پر جعلی مقدمات قائم کرنے کے لئے قومی پیسے کا ضیاع کیا، براڈ شیٹ میں نواز شریف کے خلاف کیس کیا جس میں ایک روپے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان جب اقتدار میں تھے تو انہوں نے القادر ٹرسٹ اپنے اور اپنی اہلیہ کے نام رجسٹر کروایا، کس قانون کے تحت انہوں نے یہ کام کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے اس موقع پر میڈیا کو عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے دیگر رہنمائوں کی دھمکی آمیز بیانات اور جلائو گھیرائو پر اکسانے کی ویڈیوز بھی دکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ ان ویڈیوز سے صاف پتہ چل رہا ہے کہ یہ کون لوگ تھے؟ پی ٹی آئی کی قیادت بار بار کہہ رہی ہے کہ جس جگہ کا بتایا تھا وہاں پہنچ جائو، جی ایچ کیو اور کور کمانڈر کے گھر کا بتایا تھا، وہاں پہنچ جائو، عمران خان کہتے ہیں یہ حملے میں نے نہیں کرائے، یہ ایسا واقعہ ہے جو سیاست سے بالاتر ہے، عوام، میڈیا اور سول سوسائٹی کو اس میں فرق کرنا ہوگا، ان واقعات پر ہمسایہ ملک میں شادیانے بجائے گئے۔

انہوں نے کہا کہ Say no to 9th may ہر بچے اور ہر شخص کی زبان پر ہونا چاہئے۔ ہمیں بحیثیت قوم فیصلہ کرنا ہوگا کہ ہم نے کیا کرنا ہے، کیا ہم نے اسی طرح مار پیٹ جلائو گھیرائو کی سیاست کا حصہ بننا ہے؟ ملک کے عوام پریشان ہیں، سیاسی عدم استحکام کی وجہ سے معاشی عدم استحکام پیدا ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک شخص نے چار سال ملکی معیشت کو آگ لگائی، ملک کے عوام کو بے روزگار کیا، قومی خزانے پر ڈاکہ ڈالا، خارجہ پالیسی تباہ کی، سوسائٹی کو تباہ کیا، ہمارے صبر پر حملہ آور ہوا، اپنے کارکنوں کو جلائو گھیرائو کی تلقین کی، کیا وہ گڈ ٹو سی یو کا مستحق ہے؟ یہ تماشہ ختم ہونا چاہئے، ہمیں آج فیصلہ کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سانحہ 9 مئی کے تمام ثبوت موجود ہیں، شناخت ہو چکی ہے، وزیراعظم نے واضح فیصلہ کیا ہے کہ کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہوگی لیکن جس نے جرم کیا ہے اس کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، جو متعلقہ قوانین ہیں اس کے مطابق قانون حرکت میں آئے گا اور ان لوگوں کا ٹرائل ہوگا۔ صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کو آر ٹی ایس بٹھا کر ملک پر مسلط کیا گیا، جب انہیں تحریک عدم اعتماد کے ذریعے حکومت سے باہر کیا گیا تو انہوں نے سائفر لہرایا، پھر پنجاب اور خیبر پختونخوا کی اسمبلیاں توڑیں اور الیکشن کا ڈرامہ شروع کر دیا۔

الیکشن کا ڈرامہ اس لئے ہے کہ 60 ارب روپے کی کرپشن، ٹیریان کیس، توشہ خانہ کی چوری اور ممنوعہ فنڈنگ کا جواب نہ دینا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان جب اقتدار میں تھے تو سیاسی مخالفین اور میڈیا کو جیلوں میں ڈالا تاکہ کوئی ان سے سوال نہ پوچھے۔ عمران خان کے ٹرائل کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ ہر مجرم کے خلاف متعلقہ قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ سانحہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث گرفتار افراد کو پبلک کیا جائے گا، کس مجرم نے کہاں حملہ کیا اور کتنا نقصان ہوا، تمام تفصیلات عوام کو بتائی جائیں گی۔ وزیر داخلہ اس حوالے سے پریس کانفرنس کر کے آگاہ کریں گے۔ وزیر داخلہ نے آج پریس کانفرنس کرنی تھی لیکن سعودی عرب کے ڈپٹی وزیر داخلہ پاکستان کے دورہ پر ہیں، روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ کا آغاز کیا جا رہا ہے، سعودی عرب جانے والے افراد کے ویزے کا تمام عمل اب یہاں سے ہی مکمل ہوگا۔

اس پراجیکٹ سے عازمین حج کو سہولت میسر آئے گی۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ملٹری تنصیبات کو نقصان پہنچانے والوں کا ٹرائل متعلقہ قوانین کے تحت ہوگا۔ اس میں کوئی ابہام نہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے فالورز بھی آج ان واقعات کی مذمت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو جب اپنی شکست نظر آتی ہے تو وہ کہتے ہیں جلا دو، سپریم کورٹ ان کے خلاف فیصلے دے تو وہ سپریم کورٹ کے خلاف ہو جاتے ہیں، اس سازشی اور فتنہ کے دماغ میں ہمیشہ فساد کا منصوبہ ہوتا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات