Live Updates

اسٹیبلشمنٹ کی آلہ کار شخصیات اور مسلّط مافیاز سے نجات الیکٹرانک ووٹنگ نظام کے ذریعے ممکن ہے

بیرونِ ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جائے یا پارلیمنٹ میں نمائندگی دی جائے، انڈیا براہِ راست حملہ کی تیاریاں تو کرے گا لیکن شکست خوردہ جھوٹا مودی ایسا کر نہیں کرسکتا۔ نائب امیر جماعتِ اسلامی لیاقت بلوچ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 28 مئی 2025 20:43

اسٹیبلشمنٹ کی آلہ کار شخصیات اور مسلّط مافیاز سے نجات الیکٹرانک ووٹنگ ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 28مئی 2025ء ) نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل مِلی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان کی ایٹمی صلاحیت دشمن کے مقابلہ میں سدِّجارحیت ہے۔ ایٹم بم استعمال کرنا ضروری نہیں، تاہم دشمن آگاہ ہے کہ ”تنگ آمد بجنگ آمد“ کی بنیاد پر پاکستان کے پاس ہر جارحیت کے مقابلہ میں ایٹمی آپشن ہر وقت موجود ہے، البتہ اس کا استعمال سب کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ہوگا۔

مایہ ناز ایٹمی سائنس دان ڈاکٹر عبدالقدیر خان محسنِ پاکستان اور پوری قوم کا فخر ہیں۔ ذوالفقار علی بھٹو، جنرل ضیاء الحق، غلام اسحاق خان، میاں نواز شریف، بینظیر بھٹو اور ایٹمی صلاحیت کے حصول کے لیے گراں قدر خدمات انجام دینے والے دیگر قابلِ فخر سائنس دانوں، انجینئرز، تکنیکی ماہرین پوری قوم کی تحسین اور شاباشی کے مستحق ہیں۔

(جاری ہے)

28 مئی یومِ تکبیر کا پیغام ہے کہ ''اپنے محسنوں کو ہمیشہ یاد رکھو، دشمن کے مقابلہ میں سیسہ پلائی دیوار (بُنیانُ مَّرصُوص) بن جاؤ اور سیاسی، اقتصادی، سماجی معاشرتی بحرانوں کے خاتمہ کے لیے کمربستہ رہو۔

زہریلی قوم پرستی، علاقائیت اور مفاد پرستی پر مبنی رویوں سے نجات کے لیے قومی وحدت، عدل و انصاف، بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بناؤ۔ نوجوانوں، خواتین کے حقوق کے تحفظ اور ملک میں قومی یکجہتی کے فروغ، اِسے دوقومی نظریہ اور قیامِ پاکستان کے مقاصد سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ہر اوّل دستہ بن جاؤ۔'
لیاقت بلوچ نے منصورہ میں سیاسی قومی اُمور پر مشاورتی نشست میں کہا کہ جماعتِ اسلامی کے وفد نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے کہا ہے کہ پنجاب، اسلام آباد، کوئٹہ کے عوام کو بلدیاتی انتخابات کا حق دیا جائے۔

حکومتیں بدنیتی سے قوانین میں ترامیم کے آئینی حق کا ناجائز فائدہ اُٹھاکر عوام کو اُن کے آئینی حق سے محروم کرتی ہیں۔ الیکن کمیشن اپنے آئینی کردار کی حفاظت کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرے۔ جماعتِ اسلامی کا شفاف، غیرجانبدارانہ انتخابات کے لیے دوٹوک مؤقف ہے کہ الیکشن کمیشن کو انتظامی، مالیاتی اور انتخابی عمل کی مستقل ترتیب کا آئین میں تحفظ دیا جائے۔

بیرونِ ملک پاکستانی ملک و مِلت کا قابلِ فخر اثاثہ ہیں، اُنہیں ووٹ کا حق دیا جائے یا پارلیمنٹ میں نمائندگی دی جائے۔ جدید ٹیکنالوجی کے دور میں روایتی طرزِ انتخاب کی بجائے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا استعمال اور متناسب نمائندگی پر مبنی طرزِ انتخاب لایا جائے۔ ملک میں جمہوریت کے تحفظ کے لیے قومی سیاست اور حکومت پر خاندانوں کی اجارہ داری، اسٹیبلشمنٹ کی آلہ کار شخصیات اور جمہوریت پر مسلّط مافیاز سے نجات، پارٹی بنیادوں پر متناسب نمائندگی کا طرزِ انتخاب اور الیکٹرانک ووٹنگ نظام کے ذریعے ممکن ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ انڈیا براہِ راست حملہ کی تیاریاں تو کرے گا لیکن شکست خوردہ جھوٹا مودی ایسا کر نہیں کرسکتا۔ البتہ فاشزم کی علمبردار انڈین فیصلہ ساز قوتیں پاکستان میں دہشت گردی، انتشار، فتنہ و فساد پھیلانے کے لیے ہر طرح کی سازشیں کررہا ہے۔ قومی وحدت کو مستحکم کرنے کے لیے سیاسی بحرانوں کا خاتمہ ناگزیر ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات