Live Updates

بلوچستان میں دہشتگردی کا ماسٹر مائنڈ بھارت ہے‘لیاقت بلوچ

پراکسیز کے ذریعے پاکستان میں دہشتگردی پھیلاکر انڈیا کسی نئے فالس فلیگ آپریشن کا منصوبہ بنارہا ہے،نائب امیرجماعت اسلامی

منگل 1 جولائی 2025 03:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2025ء)نائب امیر جماعت اسلامی، مجلسِ قائمہ سیاسی قومی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ شمالی وزیرستان، بلوچستان اور پاک ایران افغان بارڈر پر بڑھتی دہشت گردی کا ماسٹر مائنڈ انڈیا ہے ۔پراکسیز کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی پھیلاکر بھارت کسی نئے فالس فلیگ آپریشن کا منصوبہ بنارہا ہے۔

دہشت گرد حملوں میں فوجی آفیسرز، جوانوں کی شہادتیں قومی صدمہ اور قابلِ فخر ہیں لیکن پوری قوم کا یہ سوال ہے کہ کیا یہ دہشت گردی انٹیلی جنس نظام میں کمزوری کی وجہ سے تو نہیں پھیل رہی دہشت گردی کا خاتمہ مصنوعی ذہانت نہیں حقیقی انٹیلی جنس معلومات سے ہوگا۔لیاقت بلوچ نے ڈیرہ غازی خان، فورٹ منرو اور لاہور میں میڈیا کانفرنس، ضلعی تربیتی کنونشن اور منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ سے خطاب کیا اور قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب اور سندھ کے اضلاع سے آئے وفود سے ملاقاتیں کیں اور ملکی حالات، امنِ عامہ کی صورتِ حال، سٹریٹ کرائمز اور پنجاب و سندھ پولیس کی بیگناہ لوگوں پر پولیس گردی اور جرائم پیشہ افراد کی پولیس سرپرستی پر آگہی دی۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے کہا کہ صوبائی حکومتیں جھوٹی مصنوعی تشہیر اور بلدیاتی اداروں کو مفلوج کرکے بلدیاتی کاموں میں مصروف ہیں، اِسی لیے صوبے آئینی اختیارات کے حصول کے باوجود پالیسی سازی، صاف ستھری قانون سازی، تعلیم، صحت کے نظام، تھانہ کلچر کے اصلاح میں ناکامی کی وجہ سے زراعت و صنعت کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہی. پنجاب میں مالیاتی ادارے نہ ہونے سے صوبائی حکومت مکمل طور پر مودی حکومت بنی ہوئی ہے۔

رواں سال بھی زراعت کو درپیش مسائل حل نہ کیے گئے تو ملک زرعی دیوالیہ ہوجائے گا۔ 18 ویں آئینی ترمیم کے بعد صوبوں کے پاس اختیارات اور بیتحاشا وسائل ہیں لیکن منصوبہ بندی کی ترجیحات نہ ہونا اور صرف تشہیری اُمور پر توجہ سے صوبوں میں عوام صوبائی حکومتوں سے بھی ناراض اور تنگ ہیں۔وفاق اور صوبوں کے درمیان سیاسی اختلافات آئینی، جمہوری حق ہے لیکن عوام کے بنیادی شہری حقوق اور جان مال عزت کا تحفظ کمپرومائز نہیں ہونا چاہیے۔

لیاقت بلوچ نے ڈیرہ غازی خان، ملتان، فورٹ منرو اور لاہور میں مرکزِ وحدت، جامع مسجد آسٹریلیا میں محرم الحرام، شہادتِ حسین (رض) کا پیغام اتحادِ اُمّت اور تمام مسالک کے درمیان باہمی احترام اور امن و امان کو برقرار رکھنے، خصوصاً تمام مسالک کے مشترکہ مقدسات اور تمام مکاتبِ فکر کے متفقات اور مشترکہ عقائد و نکات کی تعلیم اور اشاعت کے اہتمام پر اہم فیصلے کیے گئے۔

تنازعات پر افہام و تفہیم اور تحمل و بُردباری کے پائیدار اُسلوب اختیار کرنے کے لیے مصالحتی کمیٹیوں کو فعال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔لیاقت بلوچ نے سوال کے جواب میں کہا کہ سندھ طاس معاہدہ کی انڈیا کی طرف سے یکطرفہ، غلط اور ناجائز معطلی پر اب ثالثی عدالت کا فیصلہ بھی فاشسٹ مودی کی شکست ہے۔پاکستانی حکومت بھارتی آبی جارحیت اور آبی دہشت گردی کو عالمی سفارتی سطح پر مسلسل بینقاب کرے۔

قومی اور صوبائی بجٹ عوام کو کسی قسم کا ریلیف دینے سے خالی ہیں۔بجٹ عوام پر نئے ٹیکسز کے بوجھ، مہنگی، بیروزگاری، زراعت و صنعت کی تباہی کے حکم نامے ہیں۔قومی خزانے میں دوست ممالک کے بطور قرض رکھے گئے ڈالرز کی واپسی کی بجائے اُن کی ادائیگی کو مؤخر کرنا کمزور اور ناکام معاشی حکمتِ عملی کا ثبوت ہے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات