Live Updates

پاکستان پیپلز پارٹی دیہی نہیں بلکہ تمام بڑے شہروں کی جماعت ہے،سعید غنی

کراچی میں پانی اور سیوریچ کے لیے اربوں کے منصوبے ہیں ان پر بھی تیزی سے کام جاری ہے،کے فور منصوبہ ہماری وجہ سے تاخیر کا شکار نہیں ہوا،وزیربلدیات سندھ

اتوار 3 اگست 2025 16:30

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اگست2025ء)وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی دیہی نہیں بلکہ تمام بڑے شہروں کی جماعت ہے،کراچی سمیت صوبے بھر میں ترقیاتی منصوبوں پر سندھ حکومت اربوں روپے کی لاگت سے منصوبوں پر تیزی سے کام کررہی ہے اور انشااللہ رواں مالی سال میں ان تمام منصوبوں کو مکمل کرلیا جائے گا،کراچی میں پانی اور سیوریچ کے لیے اربوں کے منصوبے ہیں ان پر بھی تیزی سے کام جاری ہے،کے فور منصوبہ ہماری وجہ سے تاخیر کا شکار نہیں ہوا، ملیر میں ملیر یونین فٹبال اسٹیڈیم سمیت کمیونٹی سینٹرز اور دیگر مکمل کئے منصوبوں کا آج افتتاح کیا جارہا ہے جبکہ کراچی کے تمام اضلاع میں ایسے کئی منصوبے ہیں جو اسی سال مکمل کرلئے جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز ملیر میں ملیر یونین فٹبال اسٹیڈیم کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے ارکان سندھ اسمبلی راجہ رزاق، سلیم بلوچ، چیئرمین ملیر ٹائون جان محمد بلوچ، امداد جوکھیو، ٹائون چیئرمین ابراہیم حیدری نظیر بھٹو ودیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر شاہجہاں خان، ریاض بلوچ، ملک وہاب، میر ایوب بلوچ، ڈسٹرکٹ ملیر کی تمام یوسیز کے چیئرمینز و دیگر منتخب نمائندے، پیپلز پارٹی کے ضلعی عہدیداران و عوام کی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔

سعید غنی نے کہا کہ آج کراچی کے تمام اضلاع میں عوامی مفاد کے منصوبے تیزی سے مکمل کئے جارہے ہیں۔ آج ڈسٹرکٹ ملیر میں اس اسٹیڈیم کے افتتاح کے ساتھ ساتھ مزید دو اور منصوبوں کا بھی جس میں ایک کمیونٹی سینٹر جو ٹی ایم سی ملیر نے بنایا ہے اس کا افتتاح کرنا ہے اور یہ صرف اج تین اہم منصوبے تھے جو میں نے اپنی انکھوں سے دیکھے ہیں جو صرف اور صرف ملیر کے لوگوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے بنائے گئے ہیں اور انشااللہ تعالی بہتر انداز میں یہ چلیں گے اور شہریوں کی اور خاص طور پر ملیر کے لوگوں کی سہولت کے لئے بنائے گئے ہیں۔

سعید غنی نے کہا کہ ملیر کے عوام کو کھیلوں کی سہولت ہو تعلیم کی سہولت ہو یا کمیونٹی کے ایشوز ہو اس پر کام کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملیر پاکستان پیپلز پارٹی کا ایک بڑا مضبوط علاقہ ہے، آج سے نہیں جب سے پاکستان پیپلز پارٹی قائم ہوئی ہے یہاں پاکستان پیپلز پارٹی کے بڑے نامور کارکن عہدے دار رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے مشکل وقت میں کارکنوں نے بہت کام کیا ہے۔

ضلع ملیر میں انتخابات میں سب سے زیادہ نشستیں حاصل حاصل کی ہے اور یہاں کے عوام پیپلز پارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں اور پارٹی بھی ان لوگوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہاں کے عہدیدار ہوں یا منتخب ارکان قومی و صوبائی اسمبلی وہ ملیر کیلوگوں کے لئے اپنے موقف پر مضبوطی سے کھڑے رہتے ہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ کراچی میں شارع بھٹو سے زیادہ بہترین منصوبہ نہیں ہے۔

جو ایک ساتھ 4 اضلاع کے عوام کو سہولیات فراہم کرے گا اور انشااللہ اس کا آخری فیز جو کاٹھور تک کا ہے وہ دسمبر تک ہوجائے گا۔ سعید غنی نے کہا کہ کے فور منصوبہ ہماری وجہ سے تاخیر کا شکار نہیں ہوا۔ جب 2018 میں اس وقت کا وزیر بلدیات بھی تھا اس منصوبے پر لاگت کا تخمینہ 25 ارب روپے رکھا گیا تھا جس میں سے ساڑھے 12 ارب روپے وفاق اور ساڑھے 12 ارب سندھ حکومت کو دینے تھے لیکن جب اس منصوبے پر میں نے بریفنگ لی تو معلوم ہوا کہ اس کے پمپنگ اسٹیشنز اور بجلی کے لئے پاور اسٹیشن کا کوئی ذکر ہی اس منصوبے میں سرے سے تھا ہی نہیں جس کے بغیر 150 کلومیٹر دور سے پانی کی کراچی کو فراہمی کسی صورت ممکن ہی نہیں تھی۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں نواز شریف نے کے فور پر کام کروایا تھا۔ منصوبے کی لاگت بڑھی اس وقت عمران نیازی کی حکومت تھی تو ان کو کسی نے کہہ دیا کہ یہ منصوبہ 25 ارب کا تھا اور اب اس کی لاگت بڑھ گئی ہے اور اس میں کرپشن ہے تو انہوں نے بغیر کسی تحقیقات اور معلومات کے اس منصوبے پر کام کو روک دیا۔ اب جب دوبارہ وفاق میں نون لیگ کی حکومت ہے تو اس منصوبے پر کام کا آغاز ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کے فور منصوبے سے کراچی اندر پانی سپلائی پر ستر ارب روپے لگے گے۔ جبکہ کراچی تک پانی کی فراہمی کے لئے وفاق نے واپڈا کو یہ کام سونپا ہے اور انشااللہ امید ہے یہ منصوبہ جلد مکمل کرلیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کو پانی کی فراہمی کے لئے حب کینال سے چودہ اگست سے پانی کی سپلائی شروع ہو جائے گی۔ وفاق سیحب ڈیم سے پانی کا کوٹہ بڑھانے کی درخواست کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ بھی سندھ بھر میں بے شمار ترقیاتی اسکیمیں ہیں، جن پر تیزی سے کام جاری ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ ہم پر یہ الزامات بھی عائد کئے جاتے رہے کہ پیپلز پارٹی صرف اپنے علاقوں میں ہی کام کرواتی ہے تو میں آج چیلنج کرتا ہوں کہ پاکستان پیپلز پارٹی کراچی کے تمام اضلاع بالخصوص ان اضلاع میں جہاں پیپلز پارٹی کا ایک کونسلر بھی کبھی نہیں جیتا تھا وہاں بھی اربوں روپے کے ترقیاتی کام کروائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو دیہی پارٹی کہنے والوں کو کہتا ہوں کہ پاکستان پیپلز پارٹی اب دیہی نہیں بلکہ سب سے بڑی شہری علاقوں کی پارٹی ہے۔ ہم نے کراچی، حیدرآباد، نوابشاہ، میرپور خاص، لاڑکانہ سمیت تمام بڑے شہروں میں بلدیاتی انتخابات میں سب سے زیادہ نشستیں جیتی ہیں اور آج پورے سندھ کے تمام مئیرز پاکستان پیپلز پارٹی کے ہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ انشااللہ اگلے چند ماہ میں کئی ترقیاتی منصوبے جو زیر تعمیر ہیں مکمل ہو جائیں گے۔

کراچی میں پانی اور سیوریچ کے لیے اربوں کے منصوبے ہیں ان پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ اس سال پوری قوم جشن آزادی کو معرکہ حق کے ساتھ انتہائی جوش و خروش سے منا رہی ہے۔ ہماری فوج نے بڑی بہادری سے محاز پر جنگ جیتی۔ بلاول بھٹو نے سفارتی محاز پر جنگ جیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی بھارت اپنے عوام کے ساتھ جھوٹ بولتا ہے۔ اس موقع پر صحافیوں سوال کے جواب میں صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی نے کہا کہ قائدآباد پل کا کام جلد مکمل ہو جائے گا، جس سے عوام کو سہولت ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی سندھ کی ترقی کے لیے سنجیدگی سے کام کر رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت سے جنگ میں پاک فوج کی بڑی کامیابی حاصل ہوئی اور اس سال ہم اپنے 78 ویں جشن آزادی کو یوم فتح کے جشن کے طور پر بھی منا رہے ہیں۔ ایک اور سوال پر سعید غنی نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عالمی سطح پر بھارت کو جھوٹا ثابت کیا اور سفارتی محاذ پر بھی پاکستان کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ جشن آزادی معرکہ حق کے حوالے سے سوال پر سعید غنی نے کہا کہ جشنِ آزادی کے شاندار پروگرامز پورے صوبے میں منعقد کیے جا رہے ہیں اور اس میں عوام بھی بھرپور شرکت کرے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات