اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اگست2025ء) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیرمقام نے کہا ہے کہ پانچ اگست کشمیر کی تاریخ میں سیاہ ترین دن ہے،پاکستان کی حکومت اور قوم کشمیریوں کے ساتھ آخری حد تک کھڑی ہے،بھارت نے یکطرفہ طور پر کشمیریوں کو اپنے آئین سے بھی نکال دیا، وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا گیا،ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار کی قیادت میں فارن پالیسی نے مثر کردار ادا کیا،امریکی صدر نے بھی کشمیر کو متنازعہ مسئلہ قرار دیا،پی ٹی آئی کی جانب سے5 اگست کو یوم استحصال کے موقع پر سیاسی احتجاج کی کال کشمیریوں کے ساتھ ناانصافی ہے،اس روز احتجاجی کال دینا کشمیر کاز اور قومی یکجہتی کے خلاف سازش ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کویوم استحصال کشمیر ریلی کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔
(جاری ہے)
کشمیری عوام سے یکجہتی کے اظہار کے لئے پارلیمنٹ ہائوس سے ڈی چوک تک ریلی نکالی گئی جس میں وفاقی وزیر کشمیر امور امیر مقام، نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار،وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ،وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثنا اللہ نے ریلی کی قیادت کی۔اس موقع پر چیئرمین پارلیمانی کشمیر کمیٹی محمد قاسم نون، وزیر مملکت برائے تعلیم وجیہہ قمر ، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے امورشبیر احمد عثمانی، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس،پارلیمانی سیکرٹری برائے امور کشمیر گلگت بلتستان اور سیفران چوہدری انوار الحق ، چیئرمین قومی اسمبی کی قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر حاجی امتیاز احمد چوہدری ،چیئرمین سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے امور کشمیر اور گلگت بلتستان سینیٹر اسد قاسم، زمرد خان ،آل پارٹیز حریت کانفرنس راہنما الطاف حسین وانی ، حریت رہنمائوں ، مختلف سکولوں کے طلباء و طالبات ، سیاست دانوں سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔
امیر مقام نے کہا کہ اس ریلی کے انعقاد پر کشمیریوں اور لائن آف کنٹرول پر بسنے والے کشمیریوں کو پیغام دینا ہے،پوری قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے،آج کے اس ایونٹ کا مقصد عالمی سطح پر پیغام دینا ہے کہ کشمیر تنہا نہیں ہے ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہاں سیاست سے بالاتر ہو کر لوگ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے جمع ہوئے ہیں،آج طلبہ، سیاستدانوں سمیت تمام مکتبہ فکر کے لوگ جمع ہوئے ہیں،ریلی کا مقصد مصیبتوں میں گھرے کشمیریوں کو پیغام دینا ہے۔
انجنئیر امیر مقام نے کہا کہ جب تک آخری کشمیری اور پاکستانی زندہ ہے کشمیریوں کو حق دینا ہو گا، پوری دنیا میں آج یوم استحصال کی مناسبت سے تقریبات ہو رہی ہیں،طلبہ طالبات کا یہاں آنا انتہائی خوش آئند ہے،آج کی ریلی کے انعقاد کے لئے وزارت تعلیم ، اطلاعات اور تمام شرکا کا شکریہ ادا کرتا ہوں،آج ہزاروں کی تعداد میں لوگ یہاں پر اس ریلی میں شریک ہیں جس پر ہم سب کے شکر گزار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ پانچ اگست کشمیر کی تاریخ میں سیاہ ترین دن ہے،یہ انڈیا کی تاریخ میں بھی سیاہ ترین دن ہے،78 سال سے کشمیریوں پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں،پانچ اگست میں کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی گئی،بھارت نے یکطرفہ طور پر کشمیریوں کو اپنے آئین سے بھی نکال دیا،بھارت کے اس اقدام کا مقصد کشمیر میں ڈیموگرافک تبدیلی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے کل بھی اس اقدام کو مسترد کیا، آج بھی مسترد کرتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ یہاں سیاست سے بالاتر ہو کر کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے لوگ جمع ہوئے،طلبہ، سیاستدانوں سمیت تمام مکاتبِ فکر کے لوگ آج متحد ہیں،جب تک آخری کشمیری اور پاکستانی زندہ ہے، کشمیریوں کو ان کا حق دینا ہو گا،دنیا بھر میں یومِ استحصال کشمیر کی تقریبات کا انعقاد جاری ہے،ہم ان کشمیری بہن بھائیوں کو سلوٹ پیش کرتے ہیں جنہوں نے جرات کے ساتھ قربانیاں دیں،کشمیریوں میں آج بھی پاکستان سے محبت اور جذبہ زندہ ہے،ہم یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے، امیر مقام نے کہا کہ 1989 سے 31 جولائی 2025 تک 94 ہزار سے زائد کشمیری گرفتار کیے گئے،ہزاروں کشمیری بچے یتیم، خواتین بیوہ اور گھر تباہ ہوئے،کشمیر کے عوام آج بھی اپنے نظریے اور پاکستانیت پر قائم ہیں،ان مظلوم کشمیریوں کو سلام پیش کرتے ہیں جو آج بھی جیلوں میں قید ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انڈیا کے وزیر کہیں کہ کشمیر کا مسئلہ دفن ہو چکا ہے، تو یہ ان کی خام خیالی ہے،کشمیر کا مسئلہ زندہ ہے اور ہمیشہ زندہ رہے گا،پاکستان اور انڈیا کے درمیان اصل تنازع صرف کشمیر ہے،پاکستان کی افواج نے بھارت کو اصل جواب دے کر اس کی غلط فہمی دور کر دی،پاکستان کی حکومت اور قوم کشمیریوں کے ساتھ آخری حد تک کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ پانچ اگست بھی ان کے دور میں ہوا جنہوں نے آج احتجاج کی کال دی ہے،آج کی کال مس کال ثابت ہوگی،عوام اینٹی پاکستان کال کو مسترد کرینگے۔
امیر مقام نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا،5 اگست کو کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی اور بھارتی مظالم کی مذمت کا دن ہے،وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا گیا،ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار کی قیادت میں فارن پالیسی نے مثر کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ امریکی صدر نے بھی کشمیر کو متنازعہ مسئلہ قرار دیا،پاکستانی عوام کشمیریوں کے ساتھ ہمیشہ کھڑی رہے گی، کشمیریوں سے ان کا حق ضرور لیا جائے گا،سپہ سالار فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان نے قابل فخر کردار ادا کیا،شہباز شریف حکومت نے عالمی سطح پر کشمیر کا مقدمہ بہتر انداز میں لڑا، 5 اگست کو یوم استحصال کے موقع پر سیاسی احتجاج کی کال کشمیریوں کے ساتھ ناانصافی ہے،اس روز احتجاجی کال دینا کشمیر کاز اور قومی یکجہتی کے خلاف سازش ہے،یہ مخصوص ٹولہ پاکستان اور کشمیریوں دونوں سے زیادتی کر رہا ہے،پانچ اگست کو احتجاجی سیاست کشمیریوں کی قربانیوں کی توہین ہے،ہمیں یقین ہے عوام ایسی سیاست کو مسترد کر دے گی،آج کی احتجاجی کال ناکام اور بے اثر رہے گی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت تعلیم وجیہ قمر نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر پابندی کے پہرے ہیں،آج کے دن مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی گئی ،مقبوضہ کشمیر میں طلبہ پر تعلیم حاصل کرنے پر پابندی ہے،مقبوضہ کشمیر میں بین الاقوامی اسکالرشپس ختم کردی گئی ہیں۔اس موقع پرچیئرمین کشمیر کمیٹی رانا قاسم نون نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں مظالم ڈھا رہا ہے،10 مئی کے بعد کشمیر عالمی سطح پر اجاگر ہوا ہے،جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا دنیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے کہا کہ ہم فیلڈ مارشل اور وزیر اعظم کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،دس مئی کی سولہ گھنٹے کی جنگ میں جنوبی ایشیا میں طاقت کا توازن تبدیل ہوگیا،انشااللہ کشمیر آزاد ہوکر پاکستان میں شامل ہوگا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے کہا کہ بھارت نے اس دن کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی،کشمیریوں نے پاکستان بننے سے پہلے پاکستان کا حصہ بننے کی قرار داد منظور کی،کشمیری کہتے ہیں ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے،کشمیری سبز ہلالی پرچم میں باہر نکلتے ہیں۔
سردار تنویر نے کہا کہ دنیا کے سب سے بڑے ملٹری زون میں نوجوان پاکستانی پرچم میں باہر نکلتے ہیں،قائداعظم محمد علی جناح کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا،ذولفقار علی بھٹو نے کہا کشمیر کیلئے ہزار سال بھی لڑنا پڑا تو لڑیں گے،سپہ سالار سید عاصم نے کہا کہ کشمیر کیلئے جتنی جنگیں لڑنا پڑی لڑی گے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کی کون سی قربانی ہے جو کشمیریوں نے نہیں دی،کشمیر پر پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں ایک ہیں،یسین ملک کو جس دن سزا ہوئی اس دن بھی تحریک انصاف نے اپنا ایک احتجاج رکھ لیا،آج کشمیری یوم استحصال منا رہے ہیں، آج پھر کوئی اور احتجاج رکھنا مناسب نہیں،وہ کوئی اور دن رکھ لیتے لیکن کشمیریوں کے زخم پر نمک نہ چھڑکتے۔
اس موقع پر حریت رہنما الطاف وانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج یوم استحصال کشمیر منانے پر پاکستانی قوم کے شکر گزار ہیں ،پاکستانی قوم نے پیغام دیا کہ وہ کشمیریوں کے ساتھ ہے،بھارت نے کشمیر اور پاکستان کے حوالے سے مختلف پروپیگنڈے کیے، مئی میں ہونیوالی جنگ سے بھارتی پروپیگنڈے سے ہوا نکل گئی ،ہمیں بہت ہی مکار دشمن کا سامنا ہے ،آج بھی ہمیں سچ کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔