جشن آزادی معرکہ حق ، کراچی میں خصوصی آزادی ٹرین کا افتتاح

ہمیں اپنے اختلافات بھلا کر تمام چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہے، سندھ حکومت نے ہمیشہ غریب عوام کی بات کی ہے،شرجیل میمن

بدھ 13 اگست 2025 15:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2025ء)کراچی میں جشن آزاد معرکہ حق کے سلسلے میں خصوصی آزادی ٹرین کا افتتاح کر دیا گیا۔سینئر وزیر سندھ شرجیل میمن اور وزیرثقافت سید ذوالفقارشاہ نے فیتہ کاٹ کر خصوصی آزادی ٹرین کا افتتاح کیا۔ٹرین کو قومی پرچموں اور تحریک آزادی کے بینروں سے سجایا گیاتھا۔کینٹ اسٹیشن پر قومی ترانے کیساتھ تقریب کا آغاز کیا گیا۔

اس موقع پر مقامی فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔78 ویں آزادی کی مناسبت سے 78 پائونڈ کا کیک بھی کاٹا گیا۔آزادی خصوصی ٹرین میں ایک سو سے زائد مسافر شامل تھے ،شوبز شخصیات، سیاسی سماجی رہنماں میڈیا سے وابسطہ لوگ آزادی ٹرین کے سفر میں شامل ہیں ۔سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ نے آزادی ٹرین کے شرکا کو الوداع کیا۔

(جاری ہے)

آزادی ٹرین کراچی کینٹ سے حیدرآباد میرپورخاص چھور تک پہنچی گی جبکہ دوسرے روز ٹرین زیرو پوائنٹ تھرپارکر تک کا سفر کرے گی،آزادی ٹرین کے شرکا ہر اسٹیشن پر قومی پرچم تقسیم کریں گے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہاکہ کلچر ڈپارٹمنٹ کی جانب سے ڈیزرٹ ٹرین پہلے سے چل رہی ہے ، خصوصی آزادی ٹرین مفت چلائی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جشن آزادی کے ساتھ معرکہ حق کی کامیابی کو جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے، حکومت سندھ نے پہلی بار جس طرح کی تقریبات منعقد کی ہیں، اس کی مثال نہیں ملتی۔

ہماری مسلح افواج اور قوم نے مل کر بھارت کو دھول چٹائی۔بھارت کے رافیل اور دیگر جہاز گرائے گئے، اور بھارت آج بھی صدمے سے نہیں نکل پایا۔انہوں نے کہاکہ جشنِ آزادی کی تقریبات کا کریڈٹ محکمہ ثقافت اور محکمہ اسپورٹس کو جاتا ہے۔جشنِ آزادی کے خصوصی موقع پر ٹرین چھور تک جا رہی ہے۔ٹرین کو مفت چلایا جا رہا ہے اور انتظامات بہتر ہیں۔شرجیل انعام میمن نے کہاکہ اس بار 14 اگست پورے ملک میں جوش و خروش سے منایا جا رہا ہے۔

سندھ حکومت نے جو تقریبات منعقد کی ہیں، اس کی مثال نہیں ملتی۔معرکہ حق میں بھارت کو عبرتناک شکست ہماری افواج نے دی ہے۔ہماری فورسز نے بھارت کو دھول چٹائی ہے۔بھارت کو اپنی ٹیکنالوجی پر بہت غرور تھا، لیکن ہماری افواج نے انہیں شکست دی اور ان کے جہاز گرائے۔بھارتی حکومت کے پاس اپنی عوام کو دکھانے کے لیے اب جھوٹ بھی نہیں بچا۔ شرجیل انعام میمن نے کہاکہ پاکستان کی طرف سے بھارتی فالس فلیگ آپریشن کی مذمت کی گئی، بھارتی عوام اپنے وزیراعظم مودی پر تنقید کر رہی ہے،پاکستان پرامن ملک تھا، پرامن ہے، ہمارے پاس دنیا کی سب سے بہترین افواج ہیں، ہم کبھی جنگ نہیں چاہتے،پاکستان کبھی جنگی جنون میں نہیں رہا،امن کے لیے ہماری فورسز نے قربانیاں دی ہیں،کسی نے میلی آنکھ سے دیکھا تو جواب دیا جائے گا۔

سینئروزیرنے کہاکہ محکمہ ثقافت اور محکمہ کھیل ایونٹس منعقد کرنے میں پیش پیش ہیں،حیدرآباد میں تاریخی شو منعقد ہوا، پھر سکھر میں شو ہوا۔خصوصی بچوں کے لیے آزادی کی تقریبات رکھی گئی ہیں۔وزیراعلی سندھ نے تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت کو مدعو کیا۔اتحاد اور یکجہتی کی بہترین مثال پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے قائم کی۔سب اختلافات کو بھلا کر پاکستانی قوم کو یکجا کرنا ہے،پوری قوم کو متحد ہو کر چیلنجز کا مقابلہ کرنا چاہیے۔

بلاول بھٹو زرداری نے سفارتی وفد کے ہمراہ پاکستان کا بیانیہ پیش کیا،بلاول بھٹو نے دنیا میں امن کی آواز بلند کی۔نریندر مودی کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے پیش کیا۔سب کو مل کر یہ پیغام دینا چاہیے کہ اتحاد، اتحاد اور اتحاد ہے۔ شرجیل انعام میمن نے کہاکہ قائداعظم نے اتحاد، تنظیم اور یقینِ محکم کی بات کی۔سندھ حکومت نے ہمیشہ غریب عوام کی بات کی۔

دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا ہائوسنگ منصوبہ سندھ حکومت نے شروع کیا۔پاکستان کی سب سے بہترین صحت سہولیات سندھ حکومت فراہم کر رہی ہے، ہمیں مل کر ایسی حکمت عملی بنانی ہے کہ ملک کو ترقی کی راہ پر لے کر جائیں۔ہمارے پاس قائدِ عوام اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی دی ہوئی ٹیکنالوجی ہے۔شرجیل میمن نے کہاکہ سندھ حکومت ہر شعبے میں بہتری کی جانب گامزن ہے، عوام کو صرف سیاسی نعرے نہیں چاہئیں۔