صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنما عبدالحمید لون کی قیادت میں وفد کی ملاقات

جمعہ 15 اگست 2025 21:40

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت دنیا کی سب بڑی جمہوریت نہیں بلکہ عامریت ہے کیونکہ مودی نہ صرف مقبوضہ کشمیر میں کشمیری عوام پر ظلم و جبر کے پہاڑ توڑ رہا ہے جبکہ خود بھارت میں اقلیتیں مودی سرکار کی ہندو توا پالیسیوں کے باعث زیر عتاب ہیں اور وہاں اقلیتوں سے غیر انسانی سلوک روا رکھا جا رہا ہے۔

بھارت پاکستان سمیت دنیا بھر میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے اس کا برملا اور دو ٹوک ثبوت کنیڈین وزیراعظم نے اپنی پارلیمنٹ میں پیش کیا جس سے بھارت عالمی دہشت گرد کے طور پر سامنے آیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنما عبدالحمید لون کی قیادت میں ایک وفد سے ملاقات میں کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری بھارت کو اس کے مذموم عزائم سے باز رکھنے کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے،آج دنیا بھر میں مقیم کشمیری عوام بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منا کر یہ ثابت کر دیں کہ وہ مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی اور غاصبانہ قبضے کو کسی صورت تسلیم نہیں کریں گے۔ پاکستان، آزاد کشمیر اور دنیا بھر میں بسنے والے کشمیریوں نے 15 اگست بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہوئے، دنیا بھر میں عالمی برادری کو یہ باور کروائیں کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ظلم و جبر کے ذریعے قابض ہے اور وہاں مسلسل انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کے بعد یکطرفہ اقدامات کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں جغرافیائی تبدیلیاں کرنے کی کوششیں تیز کر دی ہیں ، لیکن بھارت یہ جان لے کہ کشمیری عوام بھارت کے جابرانہ اور غاصبانہ قبضہ کو تسلیم نہیں کرتے اور ہماری یہ جدو جہد اس وقت تک جاری و ساری رہے گی جب تک کہ مقبوضہ کشمیر بھارتی تسلط سے آزاد نہیں ہو جاتا۔وفد میں عبدالحمید لون، راجہ خام حسین، سید اعجاز رحمانی اور زاہد صفی شامل دے۔

اس موقع پر وفد نے صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورت حال سے آگا کیا۔ صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ کشمیر کا معاملہ اقوام متحدہ میں ہے اور مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی قراردادیں اب بھی موثر ہیں لہذا بھارت یکطرفہ اقدامات کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں تبدیلیاں نہیں کر سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مودی کشمیری عوام کو بے گھر کرنے، ان کی جائیدادیں ضبط کرنے، حریت قائدین کو قید رکھنے اور نہتے شہریوں کے گھروں پر چھاپے مار کر بزرگوں،خواتین اور بچوں کو ہراساں کرنے کے لیے ریاستی جبر کا سہارا لے رہاہے۔ بھارتی فوج ایک دہشت گردفوج بن چکی ہے اور بھارت ایک عالمی دہشتگرد کے طور پر سامنے آیا ہے۔ لہذا انٹرنیشنل کمیونٹی کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا حق خود ارادیت دلوانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ کشمیری عوام نے ہندو توا کے ایجنڈے کو یکسر مسترد کر دیا ہے، انشاء اللہ شہداء کشمیر کا لہو رنگ لائے گا اور مقبوضہ کشمیر جلد بھارت کے جابرانہ اور غاصبانہ قبضہ سے آزاد ہو گا۔