Live Updates

اسلام آباد میں پاکستان کے پہلے ون ونڈو کاروبار سہولت مرکز کا افتتاح

بزنس سہولت مرکز کو دنیا کیلئے رول ماڈل ہونا چاہیے، ہم کاروباری مراکز کو پرکشش اور رول ماڈل بنا سکتے ہیں، بزنس سہولت مرکز کا دائرہ کار ملک بھر میں بڑھایا جائے گا؛ وزیراعظم کا تقریب سے خطاب

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 21 اگست 2025 14:32

اسلام آباد میں پاکستان کے پہلے ون ونڈو کاروبار سہولت مرکز کا افتتاح
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اگست 2025ء ) وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں پاکستان کے پہلے ون ونڈو کاروبار سہولت مرکز کا افتتاح کردیا۔ تفصیلات کے مطابق افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو مختلف محکموں میں جانا پڑتاتھا، بزنس سہولت مرکز کے قیام سے ایک چھت تلے سہولیات دستیاب ہیں، بزنس سہولت مرکز میں کسٹمر سے بات چیت کا انداز قابل ستائش ہے، بزنس سہولت مرکز میں ایچ آر کا شعبہ نہایت قابل ہے، امید ہے کہ نوجوان بی ایف سی کو کامیاب بنائیں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ وقت کی ضرورت ہے کہ ہم کسٹمرز کو مطمئن کریں، بدقسمتی سے بزنس سہولت مرکز کے قیام میں تاخیر ہوئی، ابتدائی تجربات کتنے ہی مشکل کیوں نہ ہوں بڑی کامیابی کی بنیاد بن سکتے ہیں، بزنس سہولت مرکز کو دنیا کیلئے رول ماڈل ہونا چاہیے، ہم کاروباری مراکز کو پرکشش اور رول ماڈل بنا سکتے ہیں، بزنس سہولت مرکز کا دائرہ کار ملک بھر میں بڑھایا جائے گا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر میں مون سون کی شدید بارشوں و سیلابی صورتحال کے پیش نظر سیاسی قائدین سے رابطہ کیا ، انہوں نے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے رابطہ کر کے سندھ اور خاص طور پر کراچی میں موسلادھار بارش، شہری سیلاب اور قیمتی انسانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور وفاقی حکومت کی جانب سے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے حوالے سے حکومت سندھ کی ہر قسم کی معاونت کی پیشکش کی، شہباز شریف نے چیئرمین این ڈی ایم اے کو ہدایت کی کہ وہ سندھ حکومت سے مکمل رابطے میں رہیں، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو ہر قسم کی معاونت فراہم کریں اور لوگوں کو ممکنہ خطرات سے پیشگی آگاہ کریں۔

بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان اور وزیرِ وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے ٹیلی فون پر گفتگو کی، امیر جماعت اسلامی سے بات چیت میں خیبرپختونخوا ہمیں حالیہ بارشوں کے نقصانات اور جاری امدادی سرگرمیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا ، وزیراعظم نے بارشوں و سیلاب کے دوران الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے ریسکیو و امدادی کاموں میں سرگرم کردار کی تعریف بھی کی جب کہ وزیراعظم اور ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کے مابین سندھ میں حالیہ بارشوں و سیلابی صورتحال اور متوقع بارشوں کے ممکنہ خطرات کے حوالے سے گفتگو ہوئی، شہباز شریف نے وفاقی حکومت کی جانب سے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے این ڈی ایم اے و دیگر وفاقی اداروں کے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات