Live Updates

فیلڈ مارشل عاصم منیر کالا باغ ڈیم بنانے کا اعلان کریں،زاہد اعوان

حالیہ سیلاب کے بعد قوم کو مہنگائی کے سونامی کے لیے بھی تیار رہنا ہوگا،چیئرمین تحریک عوام پاکستان کااجلاس سے خطاب

پیر 1 ستمبر 2025 20:04

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 ستمبر2025ء)تحریک عوام پاکستان کے چیئرمین محمد زاہد اعوان نے بھارت کی جانب سے آبی دہشت گردی اور پاکستان میں دریاو?ں کے پانی چھوڑنے سے ہونے والی تباہی کو ملکی تاریخ کا سب سے کٹھن امتحان قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی آبی جارحیت اور موسمیاتی تبدیلیوں کی خوفناک صورتحال دراصل فیلڈ مارشل عاصم منیر کے لیے ایک خدائی اشارہ ہے کہ وہ ڈٹ جائیں اور کالا باغ سمیت تمام مجوزہ ڈیم بنانے کا اعلان کریں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چار دہائیوں سے پاکستان پر حکمرانی کرنے والی خاندانی جماعتوں نے عوام کی جان و مال کی قیمت پر اپنی سیاست کو چمکایا ہے۔ پنجاب کی گندم، کپاس اور چاول بھارتی دشمن کی آبی دہشت گردی کی نذر ہو چکے ہیں۔

(جاری ہے)

حالیہ سیلاب کے بعد قوم کو مہنگائی کے سونامی کے لیے بھی تیار رہنا ہوگا۔مرکزی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جس میں وائس چیئرمین راشد محمود اعوان، محمد فرقان اعوان، حضرت عمر اور لئیق احمد شریک تھے، محمد زاہد اعوان نے کہا کہ آبی ذخائر پر سیاست کرنے والی قوم کو ہمیشہ مصائب اور مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

خاندانی سیاست بچانے والے حکمرانوں نے 24 کروڑ عوام کو بھارت کی آبی دہشت گردی کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے۔ بارشیں ہر سال ہوتی ہیں اور آئندہ بھی ہوں گی، لیکن ہمارے ازلی دشمن بھارت نے بارش کے پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا شروع کر دیا ہے۔ مستقبل میں بھی بھارتی حکمران اس جارحیت سے باز نہیں آئیں گے، اس لیے کالا باغ ڈیم سمیت تمام مجوزہ ڈیموں پر فوری تعمیرات کا آغاز ناگزیر ہو چکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈیموں کی سیاست کے نتیجے میں سندھ اور خیبر پختونخوا کے عوام جانی، مالی اور معاشی تباہی سے دوچار ہوئے، جبکہ حکمران جماعتیں چار دہائیوں سے اقتدار کے مزے لوٹتی رہیں لیکن کسی میں بھی کالا باغ ڈیم کا نام لینے کی ہمت نہ ہوئی۔محمد زاہد اعوان نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے اپیل کی کہ پاکستان کو بچانے کے لیے عملی قدم اٹھائیں۔

بطور اتمام حجت ایک گول میز کانفرنس بلا کر ان جماعتوں کو مطلع کریں کہ ملک و قوم کی بقا کے لیے کالا باغ ڈیم سمیت تمام ضروری ڈیموں کی تعمیر شروع کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل ایوب خان، جنرل ضیاء الحق اور جنرل پرویز مشرف کو اقتدار پرست خاندانوں نے بلیک میل کیا اور پاکستان کی زراعت کی تباہی کی بنیاد رکھی۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ماضی کی تمام منفی سیاست کا خاتمہ کیا جائے اور سپریم کورٹ کے ڈیم فنڈ کو بحال کر کے تعمیرات کا آغاز کیا جائے۔ جس طرح قوم نے فیلڈ مارشل کی قیادت میں بھارتی جارحیت کے خلاف تاریخی کامیابی حاصل کی تھی، ان شاء اللہ بھارت کی آبی جارحیت اور موسمی تبدیلیوں کے خلاف بھی ضرور سرخرو ہوگی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات