Live Updates

مجلس علماء پاکستان کے زیر اہتمام بادشاہی مسجد میں قطر پر اسرائیلی حملے کیخلاف مذمتی کانفرنس کا انعقاد

جمعہ 12 ستمبر 2025 21:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 ستمبر2025ء) مجلس علماء پاکستان کے زیر اہتمام بادشاہی مسجد لاہور میں برادر اسلامی ملک قطر پر اسرائیلی حملے کے خلاف مذمتی کانفرنس منعقد ہوئی جس کی صدارت چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان/خطیب وامام بادشاہی مسجد لاہور /چیئرمین مجلس علمائے پاکستان سفیرامن مولانا سید محمد عبدالخبیرآزاد نے کی۔

ترجمان کے مطابق کانفرنس میں تمام مکاتب فکر کے جید علمائے کرام و مشائخ عظام نے شرکت و خطاب کیا۔کانفرنس میں عوام الناس کثیرتعداد نے بھی شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید محمدعبدالخبیر آزاد نے کہا کہ اللہ تعالی نے انسان کو اشرف المخلوقات بنایااور بنی آدم کو بڑی عزت و تکریم عطا فرمائی،عالمی دہشت گرد اسرائیل انسانیت کا دشمن اور قاتل ہے،فلسطین و غزہ میں مسلسل قتل عام کررہا ہے،اسرائیل سے کوئی پوچھنے والا نہیں،اسرائیل نے قطر پر فضائی حملہ کر کے عالمی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کی ہے،ظالم صہونی اسرائیل عالمی قوانین کی دھجیاں اڑا رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قطر پر اسرائیلی حملہ ناقابل برداشت ہے،اسرائیلی جارحیت کا سخت اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا،قطر پر اسرائیلی جارحیت عالمی امن کیلئے سنگین خطرہ ہے،برادر اسلامی ملک پر اسرائیل کا حملہ افسوس ناک ہے جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں،حکومت پاکستان اور پوری پاکستانی قوم کی ہمدردیاں فلسطین و غزہ اور قطری عوام کے ساتھ ہیں۔

مولانا سید محمدعبدالخبیرآزاد نے کہا کہ پوری امت مسلمہ کا اتحاد و وحدت وقت کی اہم ضرورت ہے،ہم متحد ہوکر ہی دشمن کا مقابلہ کر سکتے ہیں،عالمی برادری اور تمام اسلامی ممالک متحد ہوکر دہشت گرد اسرائیل کے خلاف فیصلہ کن کارروائی اوراس کا مکمل بائیکاٹ کریں۔انہوں نے کہا کہ دوحہ قطر میں اسرائیل فضائی حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع و املاک کے نقصان پر امیرقطر شیخ تمیم بن حمد الثانی اور پاکستان میں قطر کے سفیرو قطری عوام سے اظہار افسوس، ہمدردی اور یکجہتی کرتے ہیں،دعا گو ہیں کہ اللہ تعالی حملے میں شہید ہونے والے شہدا کے درجات بلند فرمائے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کا دورہ قطر قطری عوام سے اظہار یکجہتی کا ثبوت ہے،حکومت قطر اپنے سکیورٹی کے تمام انتظامات فیلڈ مارشل حافظ جنرل عاصم منیر کی قیادت میں افواج پاکستان کے سپرد کرے تاکہ قطری عوام کے تحفظ ودفاع کو مضبوط بنایا جا سکے،جس طرح افواج پاکستان نے ہندوستان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا،اسی طرح اسرائیل کے غرور کو خاک میں ملادیں گے۔

کانفرنس سے دیگر مقررین و علما کرام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل دہشت گرد ریاست اورامت مسلمہ یک جان ہو کر ہی صہونیت کا مقابلہ کرسکتی ہے،اسلامی ممالک جلد ہنگامی اجلاس بلائیں اور اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کریں جبکہ عالمی برادری اسرائیلی جارحیت رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے،اسرائیل کی طرف سے قطر پر بمباری کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

کانفرنس میں مفتی فتح محمد راشدی،علامہ محمد رشید ترابی،علامہ شکیل الرحمن ناصر،قاضی عبدالغفار قادری،حافظ کاظم رضا نقوی،پیر عثمان نوری،مفتی محمد شفیق اعوان،پیر ولی اللٰہ شا ہ قادری،انجنیئرحارث ڈار،مولانا احسان اللہ تبسم،مولانا عبیداللہ قادری،شیخ ابو ہریرہ اجمل خان،علامہ میرآصف اکبر قادری،علامہ محمد نعیم بادشاہ،علامہ سجاد حسین جوادی و دیگر نے شرکت کی۔آخر میں ملکی سلامتی،ترقی و خوشحالی،استحکام پاکستان،عالم اسلام کے اتحاد،حرمین شریفین کے تحفظ،پاکستان میں سیلاب متاثرین،غزہ و فلسطین، قطر کے شہدا کیلئے دعائے مغفرت اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات