Live Updates

وزیراعظم شہباز شریف کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے خطاب کا خیبر پختونخوا میں خیرمقدم، مضبوط سفارتی وژن کی ستائش

جمعہ 26 ستمبر 2025 20:50

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2025ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس سے جامع خطاب کو خیبر پختونخوا میں سیاسی تجزیہ کاروں، ماہرین تعلیم اور سول سوسائٹی کی جانب سے وسیع پیمانے پر سراہا گیا ہے۔ ماہرین کی جانب سے اس متاثر کن تقریر کو ایک اہم سفارتی لمحہ قرار دیا جا رہا ہے جس میں عالمی اور علاقائی سطح کے اہم امور پر پاکستان کے اصولی مؤقف کی گونج سنائی دی۔

سابق سفیر منظور الحق نے وزیراعظم کے خطاب کو جامع اور وسیع النظری قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستانی قوم کی اجتماعی امنگوں کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے خلاف بلا اشتعال بھارتی جارحیت، بالخصوص گزشتہ مئی میں ہونے والی حالیہ جارحیت کو مؤثر طریقے سے اجاگر کیا جس کا پاکستان نے کامیاب آپریشن بنیان مرصوص کی صورت میں جواب دیا جس میں پاکستان نے چھ بھارتی جنگی طیارے مار گرائے تھے اور دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا تھا۔

(جاری ہے)

سابق سفیر منظور الحق نے کہا کہ پاکستان کی امن کی ترجیح کو کمزوری نہیں سمجھا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے سے متعلق تحقیقات میں شامل ہونے کی پاکستان کی مخلصانہ پیشکش کو بھارت کا مسترد کرنا اور سیاسی فائدہ اٹھانے کی اس کی کوششیں ہندوتوا نظریے پر مبنی ایک وسیع ایجنڈے کو بے نقاب کرتی ہیں۔ انہوں نے تمام مسائل بشمول کشمیر پر بھارت کے ساتھ تعمیری مذاکرات کی وزیراعظم کی کال اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کے حصول تک ان کی غیر متزلزل اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کے اعادے کو سراہا۔

یونیورسٹی آف پشاور کے بین الاقوامی تعلقات کے شعبے کے سابق چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر عدنان سرور خان نے وزیراعظم کی تقریر کو تاریخی اور جرات مندانہ قرار دیا۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے اور غزہ میں جاری قبضے اور اسرائیلی جبر کا سامنا کرنے والے فلسطینی عوام کے ساتھ مضبوط یکجہتی کا اظہار کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف کی تعریف کی۔

ڈاکٹر عدنان نے کہا کہ وزیراعظم کا القدس الشریف کی دارالحکومت کے ساتھ ایک آزاد ریاست فلسطین کے قیام کا عزم بین الاقوامی برادری کو ایک مضبوط سفارتی پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں، جس میں 90,000 سے زائد جانی نقصان اور تقریباً 150 بلین ڈالر کا اقتصادی نقصان شامل ہے، کو وزیراعظم کے واضح انداز میں بیان کرنے پر تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ اہم بات یہ ہے کہ وزیراعظم نے مغربی سرحد، خاص طور پر افغانستان سے آپریٹ کرنے والے غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گرد گروہوں سے درپیش خطرے کی طرف توجہ دلائی۔ ماحولیاتی ماہرین نے بھی پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے آنے والی تباہ کن آفات کے تناظر میں عالمی حمایت کےلیے وزیراعظم کی اپیل کا خیرمقدم کیا۔ سابق کنزرویٹر آف فارسٹس توحید خان نے حالیہ سیلاب کےلیے ایک مضبوط بین الاقوامی ردعمل کی وزیراعظم شہباز شریف کی کال کو سراہا جس نے ملک بھر میں لاکھوں افراد کو بے گھر کر دیا ہے۔

توحید خان نے کہا کہ موسمیاتی ہنگامی حالت کا اعلان ایک بروقت اور جرات مندانہ اقدام ہے۔ اپنے تاریخی خطاب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے کثیرالجہتی، پائیدار امن اور علاقائی استحکام کےلیے پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نہ صرف جنوبی ایشیا بلکہ پوری دنیا میں امن کا خواہاں ہے۔ انہوں نے مساوی شراکت داری، موسمیاتی انصاف اور طویل عرصے سے حل طلب تنازعات کو سفارت کاری کے ذریعے حل کرنے کا مطالبہ کیا۔ وزیراعظم کی تقریر کو عالمی سطح پر پاکستان کو ایک ذمہ دار، امن کا متلاشی اور لچکدار قوم کے طور پر دوبارہ پوزیشن دینے کی ایک اہم سفارتی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات