حکومت کو ٹرمپ کی خوشامد میں دوریاستی حل کی رَٹ کی بجائے واحد ریاست کی بات کرنی چاہیے

حکومت اور سیاسی پارٹیاں نجانے کس خوف میں امریکہ واسرائیل کی مذمت نہیں کررہیں، پاکستان مسئلہ فلسطین کے حل میں قائدانہ کردار ادا کرے، امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 7 اکتوبر 2025 18:55

حکومت کو ٹرمپ کی خوشامد میں دوریاستی حل کی رَٹ کی بجائے واحد ریاست کی ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 07 اکتوبر 2025ء ) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ امریکہ نے اسرائیل کو فلسطینیوں کے قتل عام کا لائسنس جاری کیا ہوا ہے، اسلامی ممالک بالخصوص پاکستان کی جانب سے مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے قائدانہ کردار ادا کیا جائے، ٹرمپ کی خوشامد کی بجائے امت کے جذبات کی باوقار انداز میں ترجمانی ہونی چاہیے۔

 
غزہ پر صہیونی جارحیت کے دوسال مکمل ہونے پر اپنے ویڈیو پیغام میں اور ایکس پر اظہار خیال کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے بدترین مظالم کے باوجود صبر اور استقامت کا مظاہرہ کرنے پر اہل غزہ اور حماس کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں نے ثابت کردیا کہ وہ عظیم قوم ہیں۔

(جاری ہے)

حماس نے ٹرمپ کے نام نہاد بیس نکاتی امن منصوبہ کے جواب میں سفارت کاری کی بہترین مثال پیش کی۔

یہ فلسطینیوں کی مزاحمت کا نتیجہ ہے کہ آج اسرائیل اپنی تمام تر فوجی طاقت اور امریکی مدد کے باوجود حماس سے مذاکرات پر مجبور ہے۔ جماعت اسلامی فلسطین میں امن چاہتی ہے، مسئلہ فلسطین کا حل صرف اور صرف فلسطینی ریاست کے قیام میں ہے۔ حکومت کو ٹرمپ کی خوشامد میں دوریاستی حل کی رَٹ لگانے کی بجائے واحد فلسطین کی بات کرنی چاہیے۔ پوری دنیا کے باضمیر انسان اہل فلسطین اور حماس کے حق میں آواز بلند کررہے ہیں، پاکستان کی حکومت اور سیاسی پارٹیاں نجانے کس خوف میں امریکہ و اسرائیل کی مذمت نہیں کررہیں، سیاسی پارٹیوں کے کارکنان کو غزہ کے حق میں آواز بلند کرنے والوں کو تنقید کا نشانہ بنانے کی بجائے اپنی قیادت کو اسرائیل کی مذمت پر مجبور کرنا چاہیے، قوم متحد ہوکر فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرے۔

پاکستان اسلامی ممالک سے مل کر غزہ کا محاصرہ توڑنے کے لیے فوج تشکیل دے۔ 
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کی اپیل پر آج سات اکتوبر کو ملک بھر میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کا دن منایا گیا، ہم نے چار اکتوبر کو لاہور اور پانچ کو کراچی میں غزہ ملین مارچ کیے، 12 اکتوبر کو پشاور میں ملین مارچ ہوگا۔ 
حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ امریکا نے اکتوبر 2023 کے بعد اسرائیل کو 21 بلین ڈالر کی فوجی امداد فراہم کی۔

غزہ پر اسرائیلی وحشیانہ مظالم، فلسطینیوں کی نسل کشی اور قتل عام کے دو سال مکمل ہوگئے۔ 67000 سے زائد فلسطینیوں کو شہید کردیا، جس میں ستر فیصد بچے اور خواتین ہیں۔ اہل غزہ اور حماس نے تاریخ ساز اور ایمان افروز استقامت و مزاحمت کا مظاہرہ کیا ہے۔  طوفان الاقصی نے پوری دنیا کو دو حصوں میں تقسیم کردیا ہے۔ ایک طرف ظالم اسرائیل، اس کا سرپرست امریکا اور امریکا کی آلہ کار حکومتیں ہیں اور دوسری طرف پوری دنیا کے باضمیر انسان ہیں جو فلسطینیوں کے لیے کھڑے ہوئے ہیں۔

مسلم حکمران اپنا کردار ادا کرنے کی بجائے امریکی کاسہ لیسی میں مبتلا رہے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمن نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ جماعت اسلامی کے سابق سینیٹر مشتاق احمد اسرائیلی قید سے رہا ہوکر اردن پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا اسرائیلی جیل میں سینیٹر مشتاق خان اور گلوبل صمود فلوٹیلا کے دیگر کارکنان سے جو غیر انسانی سلوک کیا گیا وہ قابل مذمت ہے۔ فلسطین کی آزادی کی تحریک اب ایک بین الاقوامی تحریک بن چکی ہے جسے اسرائیل اور اس کا سرپرست امریکا نہیں روک سکتے۔ فلسطین ان شاء اللہ ضرور آزاد ہوگا۔