Live Updates

پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کا بھارتی فوج کشی کے خلاف 27اکتوبر کو یوم سیاہ منانے کا اعلان

اتوار 12 اکتوبر 2025 14:50

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اکتوبر2025ء) پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر نے مقبوضہ جموں و کشمیر پر بلاجواز بھارتی فوج کشی کے ذریعے غاصبانہ قبضہ ، ریاستی دہشت گردی ، لاقانونیت ، نہتے کشمیریوں کی خون ریزی ، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف 27اکتوبر کو پاکستان کے چاروں صوبوں ، ریاست جموں و کشمیر سمیت پوری دنیا میں یوم سیاہ منانے اور احتجاجی ریلیاں منعقد کرنے کا اعلان کر دیا ، پارٹی کے صدر چوہدری محمد یاسین ، سپیکر چوہدری لطیف اکبر کی ہدایت پر 27 اکتوبر کو آزادکشمیر کے تمام ضلعی ، تحصیل ، سٹی مقامات اور بڑے چھوٹے شہروں ، قصبوں دیہاتوں میں بھارتی عسکریت اور توسیع پسندانہ عزائم کے خلاف قومی یکجہتی سے جلسے ، جلوس ، دھرنے ، مظاہرے کر کے ریلیاں نکالی جائیں گی ، جب کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے طے شدہ پروگرام میں پیپلزپارٹی اور اس کی ذیلی تنظیمیں سپیکر چوہدری لطیف اکبر ، وزراء کرام ، ممبران اسمبلی ، پارٹی رہنمائوں کی قیادت میں بڑے قافلوں کی صورت میں شرکت کریگی اور اقوام متحدہ کے مشن دفاتر تک ریلیوں کے شرکاء پیدل مارچ کرتے ہوئے جا کر سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس کے نام پر میمورنڈم پیش کریں گے، گزشتہ روز پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات ، اُمیدوار اسمبلی حلقہ سات لیپہ ویلی شوکت جاوید میر نے کہا کہ اس سال 27 اکتوبر پاکستانی ، کشمیری عوام مل کر سبز ہلالی پرچم کے سائے تلے ایسے بے مثال اتحادو اتفاق سے منائیں گے کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی ، ان کے آرمی چیف کی جانب سے دیئے جانے والی جارحیت کی دھمکیوں کے خلاف قوم کا جوش و جذبہ اور افواج پاکستان کے شانہ بشانہ ہر قسم کی قربانیاں پیش کرنے کا عزم دنیا بھر میں ایک مثال ثابت ہو گا، انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر ، افواج پاکستان ، قومی سلامتی کے اداروں اور تحریک آزادی کشمیر کے خلاف بھارت نے ایک بار پھر تمام اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر کے آپریشن سندور میں ملنے والی شکست فاش کا بدلہ لینے کا اعلان کر رکھا ہے ، لیکن اہل پاکستان اور اہل کشمیر قوت ایمانی ، افواج پاکستان کی دفاعی استعداد کار، پیشہ وارانہ مہارت اور قومی غیرت سے دشمن کے خلاف فیصلہ کن معرکہ میں اسے ایک بار پھر بدترین رسوائی اور پسپائی کے انجام سے دوچار کرے گی ، معرکہ آپریشن حق بنیان مرصوص میں بری ، فضائیہ اور بحری افواج کے اعلیٰ آفیسران اور سپوتوں نے جس طرح وطن سے عقیدت اور محبت کا اظہار کرکے بھارت کے رافیل طیارے گرائے ان کی دفاعی تنصیبات کو نشانہ بنایا ، اس بار بھر اگر بھارت نے وہی غلطی دوہرانے کی کوشش کی تو اسے اپنے وجود کی سالمیت سے ہاتھ دھونے پڑیں گے، شوکت جاوید میرنے کہا کہ بھارت افغانستان کے کندھوں کو استعمال کر کے دہشت گردی کے ذریعے پاکستان کو کمزور اور بدلے کی آگ کو ٹھنڈا کرنے کی ناکام کوششوں میں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتا، شوکت جاوید نے کہا کہ ڈیڑھ کروڑ کشمیری عوام پاکستان کو اپنی اُمیدوئوں ، آرزئوں کا نشان منزل سمجھتے ہیں، مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی کیلئے پاکستان نے تین جنگیں لڑیں اور کبھی بھی کشمیریوں کے حقوق پر مصلحت پسندی کا مظاہرہ نہیں کیا ، یہی وجہ ہے کہ کشمیری عوام پاکستان اور افواج پاکستان کو اپنی ریڈ لائن سمجھتے ہیں، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور مسئلہ کشمیر کا رشتہ جسم کی روح کی مانند ہے ، قائد عوام پارٹی کے بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو نے معاہدہ تاشقند پر تقسیم کشمیر کی عالمی سامراجی سازش کو ناکام بناتے ہوئے پیپلزپارٹی کی بنیاد رکھی ، اسی طرح ناقابل تسخیر دفاع کیلئے ایٹمی پروگرام کی بنیاد اور کامیاب خارجہ پالیسی کی ابتداء کی ، جس کے تسلسل میں محترمہ بے نظیر بھٹو نے افواج پاکستان کی دفاعی قوت کیلئے میزائل ٹیکنالوجی کا حصول ممکن بنایا اور صدر پاکستان آصف علی زرداری ، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ، آئین پاکستان ، مضبوط وفاق ، تحریک آزادی کشمیر اور جمہوریت کے نگہبان ہونے کا کردار ادا کرنے کیلئے بے شمار قربانیاں دے چکے ہیں، لائن آف کنٹرول وادی لیپہ سمیت 13حلقوں کے عوام اپنی بہادر افواج پاکستان کا ہر اول دستے کا کردار ادا کرنے کیلئے قومی عزم سے برسرپیکار ہے۔

Live پاک افغان کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات