
پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کا سہ فریقی تعاون منفرد اور سٹریٹجک شراکت داری کی مثال ہے، سردار ایاز صادق
پیر 13 اکتوبر 2025 23:12

(جاری ہے)
سپیکر سردار ایاز صادق نے آذربائیجان اور ترکیہ کے سپیکرز کو خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کہا کہ آذربائیجان اور ترکیہ کی سہ فریقی اجلاس میں شرکت پاکستان کے لیے باعث مسرت ہے۔سہ فریقی کانفرنس کا موضوع: برادرانہ تعلقات کا استحکام، علاقائی امن و خوشحالی کے لیے پارلیمانی تعاون کو فروغ دینا ہے۔
پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کا سہ فریقی تعاون منفرد اور سٹریٹجک شراکت داری کی مثال ہے، یہ شراکت حکومتوں کی نہیں عوام کی خواہش اور پارلیمان کی آواز ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سلامتی کا نظام شدید دبائو کا شکار ہے،اقوام عالم میں اصول خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، غزہ میں دو سالہ ظلم و بربریت انسانیت کے ضمیر پر بدنما داغ رہے گا،کشمیری عوام سات دہائیوں سے اپنے حق خودارادیت سے محروم ہیں۔بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں،بھارت نے مئی میں پاکستان پر کھلی جارحیت کی،قوم اور افواج پاکستان نے "آپریشن بنیان مرصوص" سے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا،بھارت کا جھوٹ اور پروپیگنڈا عالمی سطح پر بے نقاب ہو چکا ہے،پاکستان اپنے دوست ممالک خصوصاً ترکیہ، آذربائیجان، چین اور سعودی عرب کا شکر گزار ہے۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ بھارت کی آبی معاہدے کو روکنے کی دھمکیاں اس کے خطرناک عزائم کا مظہر ہیں،پاکستان نے ہمیشہ امن و احترام خودمختاری کی پالیسی اپنائی ہے،دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں، اسے اجتماعی طور پر ختم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ افغان سرزمین سے دہشت گرد حملوں کے باوجود پاکستان نے تحمل کا مظاہرہ کیا،پاک فوج نے ہوشمند، درست اور موثر کارروائی سے دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ کیے،شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے،سیلاب جیسے سانحات عالمی ماحولیاتی ناانصافی کا ثبوت ہیں،موسمیاتی انصاف اور عالمی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ پارلیمان عوامی نمائندگی کا واحد ادارہ ہے جو امن و ترقی کی سمت رہنمائی کرتا ہے،پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کی پارلیمان باہمی تعلقات کے استحکام کی خواہاں ہیں،سہ فریقی پارلیمانی تعاون علاقائی امن، ترقی اور خوشحالی کا ضامن ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی اور علاقائی سالمیت پر پارلیمانی گول میز کانفرنسز وقت کی اہم ضرورت ہے،ہماری مشترکہ کوششیں علاقائی استحکام اور عوامی خوشحالی کا پیش خیمہ ہوں گی۔ سپیکر ایاز صادق نے ترکیہ اور آذربائیجان کے سپیکرز کا سہ فریقی سپیکرز میٹنگ میں شرکت پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ تینوں ممالک کی دوستی اعتماد، محبت اور اخوت پر مبنی ہے۔ سپیکر آذربائیجان صاحبہ غفاروا نے افتتاحی اجلاس سے خطاب میں سپیکر قومی اسمبلی کو تیسرے سہ فریقی سپیکرز اجلاس کے کامیاب انعقاد پر مبارک باد دی اور کہا کہ یہ اجلاس آذربائیجان کی پارلیمان کے اقدام پر 2021ء میں باکو میں قائم ہونے والے میکنزم کا تسلسل ہے،تیسرا اجلاس پارلیمانی تعاون، امن و سلامتی کے مضبوط ڈھانچے کی تشکیل کا مظہر ہے،2021ء تا 2025ء تینوں ممالک کے پارلیمانی وفود کے تبادلے خوش آئند رہے۔انہوں نے کہا کہ آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کی تجویز پر غیرجانبدار تحریک کے پارلیمانی نیٹ ورک کا قیام تاریخی پیش رفت ہے،قومی اسمبلی و سینیٹ ارکان کی جانب سے غیرجانبدار پارلیمانی نیٹ ورک کے لیے تعاون قابل تحسین ہے،تینوں ممالک کا پارلیمانی تعاون ہماری مشترکہ تاریخ، ثقافت اور اخلاقی اقدار کا فطری تسلسل ہے،پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا اور غیرملکی جارحیت کے خلاف ڈٹے رہے۔انہوں نے کہا کہ آذربائیجان 44 روزہ جنگ میں پاکستان کی غیر متزلزل حمایت پر ہمیشہ شکر گزار رہے گا،آذربائیجان نے پاک-بھارت جنگ کے دوران بھی پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا،آذربائیجان اور ترکیہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف کی بھرپور تائید کرتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ خطے میں پائیدار امن، سلامتی اور اقتصادی ترقی کے لیے پارلیمانی تعاون ناگزیر ہے،غزہ معاہدے پر عمل درآمد خطے میں دیرپا امن اور فلسطین کی خودمختاری کے لیے ضروری ہے،اسرائیلی جارحیت کی سخت مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کے خلاف مظالم فوری طور پر بند کیے جائیں۔ آذربائیجان نے تیس سالہ آرمینی قبضے کے بعد اپنی سرزمین پر مکمل خودمختاری حاصل کی،واشنگٹن میں امن معاہدے کا انعقاد صدر الہام علیوف کی کامیاب سفارتکاری کا نتیجہ ہے۔انہوںنے کہاکہ زنگیزور راہداری یوریشیا میں اہم تجارتی و سفری راہ بننے جا رہی ہے،تینوں ممالک کے وزرائے اعظم و وزرائے خارجہ کی سہ فریقی ملاقاتیں خطے میں استحکام کی ضامن ہیں۔ ترکیہ کے سپیکرنعمان کرتلموش نے کہا کہ سہ فریقی سپیکرز اجلاس میں شرکت میرے لیے باعث مسرت ہے۔ انہوں نے سپیکر سردار ایاز صادق کی جانب سے اجلاس میں شرکت کے لیے دعوت دینے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اجلاس کے موضوعات خطے کے امن، سلامتی اور ترقی کے لیے نہایت اہم ہیں،انہوںنے کہاکہ پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان تین ریاستیں مگر ایک قوم ہیں، پاکستان میں 2022ء اور 2025ء کے سیلابوں میں انسانی جانوں اور معاشی نقصان پر دلی تعزیت کرتے ہیں۔ سپیکر نعمان کرتلموش نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کسی سمجھوتے کی گنجائش نہیں، مشترکہ دفاعی اور عسکری تعاون وقت کی ضرورت ہے،تینوں برادر ممالک کو درپیش غیرملکی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں۔انہوںنے کہاکہ ترکیہ نے اپنی سرحدوں کے اندر اور باہر دہشت گردی کے خلاف بے مثال جدوجہد کی ہے،تینوں پارلیمانوں نے عالمی و علاقائی فورمز پر اسرائیلی جارحیت اور دہشت گردی کے خلاف موثر آواز اٹھائی،موسمیاتی تبدیلی کے خلاف مشترکہ اقدامات ناگزیر ہیں، کوئی ملک اکیلا اس چیلنج سے نہیں نمٹ سکتا۔اقوام متحدہ کو ازسرنو تشکیل دینا ہوگا تاکہ کشمیر، فلسطین اور دہشت گردی جیسے مسائل موثر انداز میں حل ہوں۔سپیکر ترکیہ نعمان کرتلموش نے کہا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی اور آبی جارحیت عالمی قانون کی پامالی ہے،افغانستان کی سرزمین کا پاکستان کے خلاف استعمال عالمی برادری کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔آذربائیجان کی ارضی سالمیت کے حصول اور علاقائی تجارت کے فروغ پر سپیکر ترکیہ نے خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ علاقائی و عالمی امن سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے بنیادی شرط ہے،تینوں ممالک نے فلسطین کے حق میں موثر آواز اٹھا کر 11 ممالک کو فلسطین کو خودمختار ریاست تسلیم کرنے پر آمادہ کیا۔عالمی برادری نیتن یاہو اور صہیونی حکومت کو انسانیت کے خلاف جرائم پر عالمی عدالت میں لائے،صمود فلوٹیلا کے غیر قانونی حراست میں لیے گئے ترک ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں،آئندہ سال استنبول میں سہ فریقی پارلیمانی گروپ کا اجلاس فلسطین کے مسئلے کے حل کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔ اجلاس میں پاکستان، ترکیہ اور آذربایئجان کے پارلیمانی وفود نے بھی شرکت کی۔ چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ آذربائیجان، پاکستان اور ترکیہ مشترکہ اقدار اور اتحاد کے مضبوط رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے سپیکر سردار ایاز صادق کا اجلاس میں شرکت کے لیے دعوت دینے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سپیکر قومی اسمبلی نے اس اہم وقت میں برادر ممالک کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا ہے۔انہوں نے اجلاس کے موضوع کو نہایت اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ بطور پارلیمنٹرین یہ موضوع میرے دل کے قریب ہے۔انہوں نے کہا کہ بطور وزیراعظم پاکستان ترکیہ اور آذربائیجان کے رہنمائوں سے ملاقاتوں کا شرف حاصل ہوا، ترکیہ ایک ایسا ملک ہے جو اپنے ماضی پر فخر اور اپنے مستقبل پر یقین رکھتا ہے، آذربائیجان نے مشکلات کے بعد اپنی سرزمین کو ترقی و تعمیر کی علامت بنا دیا،پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کی دوستی سدا بہار ہے، تینوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کے وقار اور خودمختاری کے احترام کو مقدم رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تینوں ملکوں نے مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا، ایک دوسرے کے موقف کی تائید کی، مسلم دنیا اس وقت فلسطین، کشمیر اور دیگر خطوں میں ناانصافی اور ظلم کے امتحان سے گزر رہی ہے،ان حالات میں پارلیمانوں کو بصیرت اور جرات کے مراکز بننا ہوگا۔انہوںنے کہاکہ یہ سہ فریقی فورم صرف ایک سفارتی سرگرمی نہیں بلکہ ہمارے مشترکہ اقدار کا عملی اظہار ہے،سکیورٹی، تجارت، تعلیم، ٹیکنالوجی اور ثقافت کے میدانوں میں تعاون سے انقرہ سے اسلام آباد اور باکو تک اعتماد، احترام، اشتراکِ فکر کا مضبوط پل تعمیر کرسکتے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اسلام آباد میں بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس کے انعقاد سے قبل یہ اجلاس پارلیمانی سفارت کاری کے ایک نئے باب کا آغاز ہے، امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے ہمارا عزم عالمی غیر یقینی حالات کے باوجود مضبوط ہے۔
متعلقہ عنوان :
مزید اہم خبریں
-
صدرٹرمپ نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو ایک بار پھر پسندیدہ شخصیت قرار دےدیا
-
صدر ٹرمپ امن کے حقیقی سفیر ہیں، نوبیل انعام دینے کیلئے ایک بار پھر درخواست کرتا ہوں
-
اینٹی بائیوٹکس کے خلاف جراثیمی مزاحمت میں اضافہ، ڈبلیو ایچ او
-
پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کی جانب سے سعودی وفد کی میزبانی جوپاکستان میں اسٹریٹجک سرمایہ کاری کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت ہے
-
ملک میں انٹرنیٹ سروس میں 18 گھنٹے کیلئے شدید تعطل پیدا ہونے کا امکان
-
مصر کے شہرشرم الشیخ میں امریکا اور ثالثوں نے غزہ امن معاہدے پر دستخط کردیئے
-
سیاحتی مقامات پر زلزلے کے شدید جھٹکے
-
شہبازشریف،ٹرمپ ملاقات،گرمجوشی سے مصافحہ ، خوشگوار ماحول میں جملوں کا تبادلہ
-
کیا ٹی ایل پی کریک ڈاؤن حکومتی پالیسی میں تبدیلی کی علامت ہے؟
-
پنجاب میں اہم شاہراہوں کی بندش سے متعلق پنجاب حکومت کا اہم اعلان
-
نو منتخب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا بیرون ملک سفرنہیں کرسکیں گے
-
سعودی خاتون پر فارن ایکٹ کے مقدمے میں فرد جرم عائد
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2025, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.