Live Updates

چار دن کی جنگ میں پاکستان کو عظیم فتح ملی بھارت قیامت تک اس شکست کو بھلا نہیں سکتا،شہباز شریف

ہفتہ 18 اکتوبر 2025 22:14

چار دن کی جنگ میں پاکستان کو عظیم فتح ملی بھارت قیامت تک اس شکست کو بھلا ..
جہانیاں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اکتوبر2025ء) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہاہے کہ چار دن کی جنگ میں پاکستان کو عظیم فتح ملی بھارت قیامت تک اس شکست کو بھلا نہیں سکتا،غزہ جنگ بند کروانے میں پاکستان کا کردار اہمیت کا حامل رہا ،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی بہترین ہے، پاکستان ہے تو ہم ہیں اسی کے دم سے ہماری عزت ہے ،ملک کو اقوام عالم میں نمایاں مقام دلوائیں گے،ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کیلئے آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑا ،فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بھرپور حمایت حاصل ہے۔

وزیراعظم نے یہ بات دورہ جہانیاں کے موقع پر لیگی کارکنوں سے مختصر خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ فلسطینی عوام نے ناقابل مصائب برداشت کیے ،اب غزہ میں جنگ بندی کے بعد مشرق وسطیٰ پائیدار امن کے قیام کیلئے پر امید ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کی کرم نوازی کی بدولت بھارت کے خلاف جنگ جیتی اور پاکستان کو فتح نصیب ہوئی یہ سب پاک فوج کی دلیرانہ قیادت ،بری،بحری اورفضائی فوج کے جری جوانوں کی بدولت ہوا،ہمارے سپہ سالار فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس جنگ کو فرنٹ سے لیڈ کیا، اب ہم امن جیتنے کے خواہش مند ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ایم این اے چوہدری افتخار نذیر سے جہانیاں میں ان کے دولت کدے پر آنے کا وعدہ کررکھا تھا لیکن بعض ممالک کے دورے پر بیرون ملک مصروف رہا اس لیے جہانیاں آمد میں تاخیر ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز بہترین کام کررہی ہیں ان کی ٹیم کی سیلاب متاثرین کیلئے خدمات بیش قیمت ہیںجبکہ پنجاب میں ہر کام میرٹ پر ہو رہا ہے،ٹرانسپورٹ کا جال صوبے بھر میں پھیلایا جا رہا ہے اس خدمت سے عام آدمی کو بھی سہولت ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے جب حکومت سنبھالی ملک ڈیفالٹ کے قریب تھا ہمیں آئی ایم ایف سے پیکج حاصل کرنا پڑا اورہماری حکومت کی کارکردگی کی بدولت ملک ڈیفالٹ سے باہر نکلا اور اب ماشاء اللہ ملک درست سمت میں گامزن ہے اور معیشت بہتر ہو رہی ہے ۔شہباز شریف نے کہا کہ ہماری حکومت کو سفارتی میدان میں بے پناہ کامیابیاں حاصل ہوئیں، سعودی عرب کے ساتھ معاہدہ ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ۔

جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقاتیں خوش آئند رہیں۔انہوں نے کہا کہ غزہ جنگ بند کروانے میں پاکستان کا اہم کردار ہے جنگ بندی کا معاہدہ ہمارے سامنے ہوا ،پاکستان کو اس معاملے میں اللہ تعالیٰ نے عزت سے نوازا۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ملک کی معاشی حالت بلنی ہے جس طرح ہم نے بھارت کے خلاف جنگ جیتی بالکل اسی طرح معاشی میدان میں بھی ہم سب ملک کر کوششیں کررہے ہیں،ہمیں ہمارے سپہ سالار فیلڈ مارشل عاصم منیر کا بھی بھرپور تعاون حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے کے پی کے نومنتخب وزیر اعلیٰ کو مبارکباد پیش کی ہے ہم ملک کے بہترین مفاد میں کے پی کے حکومت سے مل کر کام کرنا چاہتے ہیںجبکہ بلوچستان ،آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ساتھ بھی ہمارا بھرپور تعاون جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں پاکستان کی عزت ہے تو ہماری عزت ہے ہمیں سب اختلافات پس پشت ڈال کر ملکی تعمیر و ترقی کیلئے متحد ہونا چاہیے۔

وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ جہانیاں کے حوالے سے شہریوں کی جانب سے ترقیاتی فنڈز ملنے کی امید کی جا رہی تھی تاہم جہانیاں کیلئے کسی پیکیج کا اعلان نہ کیا گیا تھا اس حوالے سے جہانیاں سے رکن قومی اسمبلی چوہدری افتخار نذیر نے کہا کہ ہم وزیر اعظم شہباز شریف کے مشکور ہیں کہ انہوں نے جہانیاں کا دورہ کیا ،وزیر اعظم کو جہانیاں شہر کے متعدد مسائل سے آگاہ کیا گیا جس میں جہانیاں میں یونیورسٹی کا قیام ،جہانیاں میں انڈر پاس ،فلائی اوور ،بائی پاس روڈ کی مرمت جیسے مسائل گوش گزار کیے گئے وزیر اعظم نے مسائل کے حل کی یقین دہانی کروائی ہے ۔

اس موقع پروفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، وزیر مملکت عبد الرحمٰن کانجو، معاون خصوصی طلحہ برکی اور اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھی وزیر اعظم کے ہمراہ تھے۔ ملاقات میں ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور پارٹی ٹکٹ ہولڈرز بھی شریک تھے۔
Live سے متعلق تازہ ترین معلومات