جنوبی سوڈان،دارالحکومت جوبا کے قریب پہنچتے جا رہے ہیں، باغیوں کا دعویٰ

ہفتہ 4 جنوری 2014 07:28

جوبا (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4جنوری۔2014ء)جنوبی سوڈان میں جاری خانہ جنگی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ باغیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ ملک کے دارالحکومت جوبا کے قریب پہنچتے جا رہے ہیں۔ باغیوں کی سربراہی سابق نائب صدر رِک مچار کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

نا گفتہ بہ حالات کے باعث جوبا میں قائم امریکی ایمبیسی نے قونصلر سروسز کل ہفتے کے روز سے منقطع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ دوسری طرف اس خانہ جنگی کے خاتمے کے لیے جنوبی سوڈان کی حکومت اور باغیوں کے درمیان مذاکرات کا آغاز ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا میں ہو گیا ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق اس خانہ جنگی کے باعث چھ لاکھ سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ قریب تین ہفتوں سے جاری جھڑپوں میں ایک ہزار سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔